افریقہ (رپورٹس)

سینیگال کے ریجن زنگاشور Ziguinchor میں مسجد کا افتتاح

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سینیگال کو 25؍جون 2021ء بروز جمعۃ المبارک کو Ziguinchor زنگانشور ریجن کی جماعت بمباٹما Bambatouma میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس مسجد کا سنگِ بنیاد مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت و مشنری انچارج سینیگال نے 2 جون 2018ء کو رکھا تھا۔ تعمیراتی کام کی نگرانی کی سعادت مکرم کاشف جاوید صاحب ریجنل مبلغ زنگانشور کو حاصل ہوئی جبکہ مقامی جماعت نے بھی وقارِعمل کے ذریعہ تعمیراتی کام میں حصہ لیا، جس میں مقامی مستورات نے پانی کی فراہمی کی اور مقامی مجلس خدام الاحمدیہ نے مزدوری میں مدد کی۔

مورخہ 25 جون 2021ء کو مکرم امیر صاحب سینیگال نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ خطبہ جمعہ میں امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف، مساجد کی تعمیر کے مقصد اور نماز باجماعت کی اہمیت اور برکات کے موضوعات پر گزارشات کیں جن کا لوکل زبان (جولا) میں ترجمہ بھی کیا گیا۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب ہوئی جس میں احمدیت (یعنی حقیقی اسلام) کا مفصل تعارف، اسلام میں مسیحِ موعود و امام مہدی  کی آمد کی اہمیت اور حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کا تعارف اور آپ علیہ السلام کی خدمت اسلام کا مفصل بیان ہوا۔

اس تقریب میں23 گاؤں کے  350کے قریب احمدی اور غیر احمدی احباب نے شرکت کی، جس میں 15 غیر احمدی گاؤں کے امام اور چیف بھی شامل تھے۔

اس مسجد کا کل مسقّف حصہ 80 مربع میٹر ہے۔ جس میں 200 نمازیوں کی گنجائش ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو اپنی حقیقی عبادت گاہ بنائے اور اس کے نمازیوں کو حقیقی ایمان کی دولت سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button