حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(13؍ جولائی۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 187,678,689

صحت یاب ہونے والے: 171,627,391

وفات یافتگان: 4,050,182

٭…سعودی عرب میں ذی الحج 1440ھ کا چاند نظر آنے پر عیدالاضحی 20 جولائی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ حج کا اہم رکن وقوف عرفہ 19 جولائی کو ادا کیاجائے گا۔ اسی طرح مشرقی ممالک میں عید الاضحی 21 جولائی کو منائی جائے گی۔

٭…افغان حکام نے کہا ہے کہ گذشتہ روز طالبان کے زیر قبضہ جانے والی دو اہم سرحدی تجارتی گزرگاہوں کو قبضے سے آزاد کروانے کے لیے تازہ دم دستے بھیج رہے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ طالبان سے پوچھا جائے کہ وہ کس کے لیے لڑ رہے ہیں، افغان حکومت امن چاہتی ہے لیکن طالبان تشدد جاری رکھے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ طالبان نے گذشتہ روز ایران کیساتھ متصل اہم تجارتی سرحدی گزرگاہ اور ترکمانستان کے ساتھ متصل تجارتی سرحدی گزرگاہ تورغندی پر قبضہ کرلیا تھا۔ اب تک طالبان نے افغانستان کے تقریباً 400 اضلاع میں سے 250 پر قبضےکا دعویٰ کیا ہے۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں امریکا کا فوجی مشن 31؍ اگست کو ختم ہو جائے گا۔ امریکا کی جانب سے طویل جنگ ختم کرنے کا فیصلہ درست ہے، مشن تب ہی مکمل ہوگیا تھا جب اسامہ بن لادن کو انجام تک پہنچایا، امریکا کی ایک اور نسل کو افغان جنگ کے لیے نہیں بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طالبان پر بھروسا نہیں لیکن افغان حکومت کے تحفظ کے لیے افغان فوج پر بھروسا ہے، افغانستان میں سلامتی اور امن ایک متحد حکومت میں ہی آسکتا ہے تاہم اس بات کا امکان نہیں کہ افغانستان میں متحد حکومت کا قیام عمل میں آسکےگا۔

٭…پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ طالبان افغانستان میں ایک فریق ہیں جو امن کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیر خارجہ جواد ظریف سے طالبان اور افغان حکومتی وفد کی ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی۔ایرانی سفیر نے الزام لگایا کہ امریکا نے پہلے شام اور عراق میں داعش کو پالا اور پھر داعش کو افغانستان میں لایا۔افغانستان میں خانہ جنگی کا خطرہ منڈلا رہا ہے جس سے خطرناک صورت حال پیدا ہو جائے گی۔ ایران مزید افغان مہاجرین نہیں لے سکتا اور نہ ہی لے گا۔

٭… روسی دارالحکومت ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان رہنماؤں شہاب الدین دلاور اور سہیل شاہین نے اعلان کیا ہے کہ افغان سرزمین کسی تیسرے ملک کے خلاف کبھی استعمال نہ ہونے کی ضمانت دیتے ہیں۔ افغانستان میں داعش کو روکنےکیلئےتمام اقدامات اٹھائیں گے اور ساتھ ہی منشیات کی پیداوار ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔افغانستان میں اختیار کے مکمل کنٹرول کی کوشش نہیں کی جارہی، ہم چاہتےہیں کہ نئی حکومت میں تمام نسلی گروہ کرداراداکریں، طالبان نسلی اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنے کیلئے تیار ہیں۔تمام شہریوں کو اسلامی قانون اور افغان روایات کے تحت تعلیم کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

طالبان رہنماؤں کا کہنا تھاکہ طالبان کے زیر قبضہ سرحدی گزرگاہوں پر کاروبار معمول کے مطابق ہورہا ہے جبکہ افغانستان کا 85 فیصد حصہ طالبان کے کنٹرول میں ہے۔ اسکول اور اسپتال معمول کےمطابق کام جاری رکھیں گے۔

طالبان رہنماؤں نے اپیل کی کہ افغانستان میں موجود بین الاقوامی امدادی تنظیمیں کام جاری رکھیں، بین الاقوامی انسانی حقوق گروپس مشن بند نہ کریں۔

٭…امریکی وزیر دفاع لوائڈ آسٹن نے کہا ہے کہ افغان تنازع کے حل کے لیے عالمی برادری کا دباؤ ناگزیر ہے۔ بین الاقوامی دباؤ کو بڑھانا چاہئے تاکہ افغان عوام کو وہ حکومت دی جاسکے جس کے وہ حق دار ہیں اور جو وہ چاہتے ہیں۔ دوسری جانب افغان وزیر خارجہ حنیف اتمر کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان سے بہت زیادہ امیدیں ہیں، افغانستان پاکستان کے ساتھ مستحکم باہمی تعلقات کا خواہاں ہے۔

٭…چینی وزارت خارجہ نے امریکا کو افغان مسئلے کا اصل مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے افغانستان میں اپنی ذمہ داریاں نظر انداز کیں اور عجلت میں افغانستان سے فوجی دستے واپس بلائے۔امریکا نے اس عمل سے افغان عوام اور خطےکےدیگرممالک پردباؤ ڈال دیا۔ افغان مسئلے کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔

٭…امریکا کے صدر جو بائیڈن اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں سائبر سیکیورٹی پر تبادلہ خیال ہوا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ پیوٹن کو واضح طور پر بتایا کہ جب ہیکنگ آپریشن ان کی سرزمین سے ہوتا ہے تو امریکا کو معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اس کی پشت پناہی نہیں کرتی مگر ان سے اقدامات کی توقع کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ امریکا سائبر حملوں کے خلاف ہر ضروری اقدام اٹھائے گا۔ دوسری جانب روسی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے سائبر حملوں پر روس سے رابطہ نہیں کیا تھا۔ معلومات کے دائرے میں سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات تیار ہیں۔ روسی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کا مستقل ،پیشہ ورانہ اور غیر سیاسی ہونا ضروری ہے۔

٭…ہیٹی میں 7؍جولائی کو گھر پر حملے کے دوران صدر Jovenel Moïse کے قتل کے الزام میں 2 امریکیوں سمیت 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ قاتلانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ تاحال پکڑا نہ جاسکا۔ حکام نے صدر کے قتل میں 27غیرملکیوں کے گروپ کو ملوث قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے صدر کی زخمی اہلیہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ صدر کے قتل کے بعد ملک کا کنٹرول عبوری وزیراعظم نے سنبھال لیا ہے۔

٭…سویڈن کے شہر اوریبرو میں ایک چھوٹا طیارہ (ڈی ایچ سی 2 بیور) ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 اسکائی ڈائیورز اور ایک پائلٹ سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفن نے واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

٭…بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے صنعتی علاقے روپ گنج میں قائم فیکٹری ‘ہاشم فوڈ اینڈ بیوریجز’ میں آگ لگنے سے 52 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آگ بلڈنگ میں موجود کیمیکل کی وجہ سے لگی۔ حادثے میں محفوظ رہنے والے ایک ورکر محمد سیفل نے بتایا کہ جب فیکٹری میں آگ لگی تب فیکٹری کے اندر درجنوں افراد موجودتھے جبکہ تیسری منزل پر دونوں سیڑھیوں کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔

٭…مشرقی تاجکستان کے ضلع راشت میں صبح سویرے 5.9 شدت کے زلزلوں کے باعث 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

٭…افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک ہزار قیراط سے زائد وزن کا ہیرا دریافت ہوا ہے جو ممکنہ طورپر دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا ہونے کا ریکارڈ حاصل کرسکتا ہے۔بوٹسوانا سے دریافت ہونے والے اس ہیرے کا وزن 1174 قیراط ہےتاہم گزشتہ ماہ بوٹسوانا میں ہی 1098 قیراط کا ہیرا برآمد ہواتھا جو اس ہیرے سے وزن میں تھوڑا کم ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ہیرے کی لمبائی 73 ملی میٹر، چوڑائی 53 ملی میٹر اور موٹائی 27 ملی میٹر ہے۔خیال رہے کہ اب تک دنیا کا سب سے بڑا ہیرا 1905ء میں جنوبی افریقہ میں دریافت کیا گیا تھا جس کا وزن 3106 قیراط تھا۔

٭…دبئی کی مصروف ترین جبل علی بندرگاہ پر لنگر انداز بحری جہاز پر موجود کنٹینر میں دھماکے سے آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیم نے آگ پر قابو پالیا، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔

٭…امریکا کی کئی ریاستوں میں گرمی کی خطرناک لہر کے باعث واشنگٹن اور اوریگون میں 26؍جون سے یکم جولائی تک 116؍ اموات واقع ہوئی ہیں۔ کیلیفورنیا کی ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 1913ء میں ڈیتھ ویلی کا درجہ حرارت 56 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ ریکارڈ درجہ حرارت اس زمین پر اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

٭…انڈونیشیا میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا کے باعث ایک دن میں 34 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی جبکہ قبرستانوں میں دن رات قبروں کی کھدائی کا کام جاری ہے۔

٭… 19؍جولائی سے برطانیہ میں سفری پابندیوں میں نرمی کے باعث ویکسی نیشن مکمل کرانے والے 18 سال سے زائد عمر کے برطانوی شہری ملک میں واپسی پر قرنطینہ کی شرط سے آزاد ہوں گے۔

٭…برطانیہ: کورونا وائرس ویکسین سے متعلق پبلک ہیلتھ انگلینڈ کا کہنا ہے کہ فائزراور ایسٹرازینکا ویکسین ہائی رسک گروپس کے لیے مؤثر ہے۔

٭…یورپین کمیشن کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق یونین میں 10؍جولائی تک (EU/EEA) یورپین یونین اور یورپین اکنامک ایریا کے 30 ممالک میں 70 فیصد کے قریب بالغ آبادی کے لیے فراہم کردہ 474 ملین ویکسینیشن کی خوراکوں میں سے 391 ملین خوراکیں لگ چکی ہیں، جس کے بعد تمام یورپین بلاک کی 44.1 فیصد بالغ آبادی کی ویکسنیشن مکمل ہوگئی ہے جبکہ باقی افراد کو ابھی ویکسین کی ایک خوراک لگی ہے۔

٭…ارجنٹینا نے کوپا امریکا فٹبال کا فائنل جیت لیا، لیونل میسی کی ٹیم نے نیمار کی ٹیم برازیل کو ایک صفرسے شکست دی۔ فائنل میچ میں ارجنٹینا کی طرف سے میچ کاواحد اورفیصلہ کن گول ڈی ماریہ نےکیا۔ ارجنٹینا 28سال بعد کوپا امریکا چیمپئن بنا ہے۔

٭… اٹلی نے انگلینڈ کو شکست دے دوسری مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی جسے دوسرے ہاف میں کھیل کے 67ویں منٹ میں اٹلی نے گول کرکے برابر کردیا۔

اس کے بعد مقررہ 90 منٹ اور پھر 30 منٹ کے اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد پنلٹی شوٹس پر میچ کا فیصلہ ہوا جس میں 3-2سے اٹلی نے فتح حاصل کی۔

٭…سربیا کے نوواک جوکووچ نے ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں اٹلی کے بریٹینی کو ہرا کر مسلسل تیسری بار ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ یاد رہے کہ یہ جوکووچ کا بیسواں بڑا ٹائٹل ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button