افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون، مشاکا ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تقریب آمین

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 29؍مئی 2021ء کو مشاکا ریجن کی مشمرا چیفڈم کی جماعت ممالکی میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ افتتاح کے ساتھ اس سال میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں کی تقریبِ آمین کا بھی انعقاد کیا گیا۔

اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 30*45 فٹ ہے او ر اس میں کل تین سو نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کا سنگِ بنیاد مکرم حافظ صلاح الدین صاحب مبلغ سلسلہ نے رکھا تھا جبکہ اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم ولید احمد صاحب ریجنل مبلغ مشاکا ریجن کو حاصل ہوئی۔ مقامی جماعت نے بھی وقارِ عمل کے ذریعہ تعمیری کام میں مدد کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز دن کےگیارہ بجے مولانا سعید الرحمٰن صاحب کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیرصاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن مجید سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ کل پندرہ بچوں کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ بچوں نے نماز سادہ، نماز باترجمہ، قرآنی ادعیہ اور احادیث اور وعدہ طفل زبانی سنایا۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں جماعت احمدیہ کاتعارف پیش کیا اور ’خاتم النبیینﷺ‘ کا حقیقی مفہوم جماعت کے سامنے رکھا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد نمازِ ظہر با جماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں 30 جماعتوں کے نمائندوں، 40 اماموں، 80غیر از جماعت احباب، 10سیکشن چیف، ایک کونسلر اور منسٹری آف ایگریکلچر کے نمائندہ سمیت کل 400افراد نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button