اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

سانحہ ہائے ارتحال

٭… مکرمہ قدسیہ محمود سردارصاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ میرے پیارے والد محترم محمد یوسف سلیم صاحب مربی سلسلہ،سابق انچارج شعبہ زودنویسی ربوہ مورخہ31؍مئی 2021ء کو 86سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

آپ کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔آپ نے اپنی جوانی کے اوائل میں احمدیت قبول کی اور شدید مخالفت کے باوجود عہدِبیعت کو پوری وفا،اطاعت اور ایمانداری کے ساتھ زندگی کے آخری لمحے تک نبھایا۔یہ شعر اکثر ان کی زبان پر جاری رہتا تھا؎

میں تھا غریب وبے کس وگمنام وبے ہنر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو55سال خدمتِ دین کی توفیق ملی۔آپ نے چار خلفائے کرام کا دور دیکھنے کی توفیق پائی۔حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒاور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے خطبات اور خطابات کو پہلے نوٹ کرکے پھر روزنامہ الفضل ربوہ میں اشاعت کے لیے بھیجنا آپ کی ذمہ داری ہوتی تھی۔آپ نے انتہائی محنت،جانفشانی،خاموشی اور کامل اطاعت کے ساتھ خدمتِ دین بجا لائی۔خداتعالیٰ،حضرت محمد مصطفیٰﷺ،قرآنِ کریم اور خلافت احمدیہ سے محبت ان کی زندگی کا محور تھی۔عاجزی وانکساری،سادگی،کام سے لگن،دوسروں کے دکھ درد میں کام آنا آپ کے نمایاں اوصاف ہیں۔

آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی خلافت سے پہلےان کے ساتھ سوانح حضرت فضلِ عمرؓ کی تصنیف میں اعانت کی سعادت ملی۔آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒاور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒکے بہت سے ملکی اور غیر ملکی تاریخی دورہ جات میں ان کے وفد میں شمولیت کا اعزاز ملتا رہا۔آپ کو 9 سال اپنے محلہ دارالنصر غربی کی صدارت کی بھی توفق ملی۔

آپ کی پہلی شادی مکرمہ سعیدہ خالدہ صاحبہ سے ہوئی جو 1962ء میں وفات پا گئیں۔ ان سے آپ کی ایک صاحبزادی مکرمہ فرحانہ حمید صاحبہ اہلیہ حمید احمد صاحب مرحوم ہیں ۔

آپ کی دوسری شادی مکرمہ طاہرہ نذیر ملک صاحبہ بنت ملک ظہور الدین صاحب سے 1963ء میں ہوئی جو 27؍اگست 2011ء کو وفات پا گئیں تھیں۔ ان سے آپ کو اللہ تعالیٰ نے 2بیٹے مکرم مجید احمد صاحب،مکرم مظفر احمد صاحب امریکہ اور 3 بیٹیاں مکرمہ نعمانہ سلیم صاحبہ جرمنی، ڈاکٹر عالیہ احمد صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا محمود احمد صاحب اور خاکسار قدسیہ محمود سرداراہلیہ سردار محمود الغنی ہیں ۔الحمدللہ سب صاحبِ اولاد ہیں۔

آپ کی نماز جنازہ بہشتی مقبرہ (دارالفضل) ربوہ میں ادا کی گئی جس کے بعد تدفین عمل میں آئی۔

احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والد صاحب کے ساتھ پیار،رحم اور مغفرت کا سلوک فرمائے۔اپنی رحمتوں کی ٹھنڈی چھاؤں میں داخل فرمائے ۔جنت میں اعلیٰ مقام اور آخرت کی تمام حسنات سے نوازے۔آمین

٭…مکرمہ رضیہ سلطانہ صاحبہ تھارنٹن ہیتھ جماعت یوکے سےتحریر کرتی ہیں کہ میرے والد محترم شیخ منور احمد صاحب آف 99شمالی ضلع سرگودھا (حال یوکے)مورخہ 21؍اپریل 2021ء کو 77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھے ۔ خلافت سے والہانہ عشق تھا۔ دین کو ہمیشہ دنیا پر مقدم رکھا ۔ نماز ، روزہ اور تلاوت قرآن کریم کے بہت پابند تھے ۔ تہجد گزار اور بہت دعاگو تھے ۔ حضرت مسیح موعود ؑکے اس ارشاد کہ ’’دعا ہمارا ہتھیار ہے ‘‘ کو اپنی زندگی کا اثاثہ بنائے رکھا۔ مرحوم کو 17 سال تک بطورسیکرٹری مال چک 99 شمالی خدمت کی توفیق ملی نیز مختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کرتے رہے۔ بہت غریب پرور اور ملنسار تھے۔ مربیان سلسلہ اور نمائندگان جب بھی دورہ پر 99 شمالی آتے توان کی خدمت اور طعام کا اہتمام اپنے گھر میں کرتے تھے ۔ بہت مہمان نواز اور شفیق انسان تھے۔

مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔ آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ (دارالفضل) ربوہ میں عمل میں آئی۔ آپ نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ چھ بیٹیاں اور چار بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں ۔ احباب جماعت کی خدمت میں مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی نیز لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی درخواست ہے ۔

٭…٭…٭

درخواست دعا

٭… مکرم تصور شہزاد صاحب بیوت الحمد دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ خاکسار کی بڑی ہمشیرہ مقیم کینیڈا کی صحت آج کل کمزور رہتی ہے۔ احباب جماعت کی خدمت میں درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو اور دیگر تمام ہمشیرگان کو ہر پریشانی و بیماری سے بچائے، تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button