حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کے دستِ مبارک سے قرآن کریم کے جدید سرچ انجن کا اجرا

www.holyquran.io

حضورِ انور ویب سائیٹ کو ملاحظہ فرما رہے ہیں (تصویر بشکریہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل)

(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ۔ 09؍ اپریل 2021ء) حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کے بعد اپنے دستِ مبارک سے الاسلام ویب سائٹ کی ٹیم کی طرف سے تیار کردہ قرآن کریم کے جدید سرج انجن کا اجرا فرما یا۔ ابتدائی صفحے پر محض ایک سرچ بار رکھنے والے اس سادہ لیکن بہت محنت سے تیار کردہ سرچ انجن سے عربی زبان کے کلمات، الفاظ، اور مادوں کے مطابق آیاتِ قرآنیہ کی تلاش ممکن ہو گی۔

سرِدست تمام آیاتِ قرآنیہ کے 4 اردو اور 7 انگریزی تراجم جبکہ دو انگریزی اور ایک اردو تفسیر میسر ہیں۔ مزید برآں تمام آیات کے کراس ریفرینسز نیز دیگر معلومات بھی مہیا ہیں۔

الاسلام ویب سائٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر مسعود احمد ناصر صاحب نے اس ویب سائٹ کے متعلق معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل بھی قرآن سرچ انجن کو شروع کیا گیا تھا لیکن اس کو استعمال کرنا مشکل تھا۔ چنانچہ اس مرتبہ کوشش کی گئی ہے کہ اس ویب سائٹ کو استعمال کرنے کے لحاظ سےآسان (user friendly) بنایا ہے۔ یہ ویب سائٹ قرآن سرچ انجن پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر جاری کی گئی ہے۔ ان شاءاللہ جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء تک اس میں مختلف زبانوں میں تراجم اورتفاسیر شامل کیے جائیں گے اور کوشش ہے کہ ایک سے زائد زبانوں میں سرچ کا آپشن بھی دیا جائے۔ اس سرچ انجن کی تیاری میں ایک واقفِ زندگی دوست کے ساتھ ساتھ امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے رضاکاران نے محض للہ خدمات سرانجام دیں جس کی تیاری میں بصورت دیگر کئی لاکھ ڈالرز خرچ متوقع تھا۔ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر سے نوازے۔ اس ویب سائٹ سے قرآنِ کریم کی آیات اور ترجمہ نہ صرف پڑھا جا سکتا ہے بلکہ اسے ٹیکسٹ فارمیٹ میں کاپی بھی کیا جا سکتا ہے۔ سہولت کے لیے اس میں تسمیہ کے ساتھ اور اس کے بغیر آیات نمبر معلوم کرنے کا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔

قرآن سرچ انجن www.holyquran.io کا عکس

موصوف نے مزید بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ الاسلام ٹیم کی جانب سے تیار کردہ قرآن کریم کی ایپلیکیشن readquran.app کو بھی اَپ ڈیٹ (update)کیا گیا ہے۔

alislam.org پر موجود readquran.ap کا عکس

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 9؍ اپریل 2021ء میں اس ویب سائٹ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:

alislam نے قرآن سرچ کی نئی ویب سائٹ کا پہلا ورژن تیار کیا ہے: Holyquran.io۔

یہ ویب سائٹ alislam سے علیحدہ دیکھی جاسکتی ہے۔ کسی بھی سورت، آیت، لفظ یامضمون کو عربی، انگریزی یا اردو میں ایک جدید سرچ انجن کے ذریعہ تلاش کیا جاسکتا ہے اور سرچ نتائج کو احمدی اور غیراحمدی تراجم کے ساتھ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ہرآیت کے ساتھ اس کی تفسیر، مضامین اور متعلقہ آیات دیکھی جاسکتی ہیں۔ مزید مواد پر بھی کام جاری ہے۔ اور اگلا حصہ اس کا جلسہ سالانہ یوکے 2021ء تک تیار کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ۔

اس کے علاوہ alislam ویب سائٹ پر قرآن پڑھنے، سننے اور سرچ کی ویب سائٹ readquran کا بھی نیا دیدہ زیب version تیار کرلیا گیا ہے جس میں انگریزی تفاسیر کے ساتھ تفسیر صغیر کے نوٹس، انگریزی لفظ بلفظ ترجمہ، مضامین کا انڈیکس اور بہت سے مفید اضافے جو روزمرہ کی تلاوت قرآن میں مفید ہوں گے شامل کیے گئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ پراجیکٹ قرآن کریم کی خوبصورت تعلیم کو دنیا میں پھیلانے کا باعث بنے اور احباب جماعت بھی ان سے بھر پور فائدہ حاصل کرنے والے ہوں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button