حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(08؍اپریل ۔08:00 GMT)

کل مریض: 133,737,534

صحت یاب ہونے والے: 107,869,670

وفات یافتگان: 2,902,161

٭… 2015ء کے ایران کے جوہری معاہدے میں شامل عالمی قوتیں چین، روس، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے نمائندوں اور ایران نے آسٹریا کے شہر ویانا میں بات چیت کا دوبارہ آغاز کردیا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ یہ ممالک مشترکہ جامع منصوبے ‏(جے سی پی او اے) کی بحالی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر مئی 2018ء میں ترک کردیا تھا۔

٭…پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کے دوران کہنا ہے کہ پاکستان ان تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہےجو افغانستان میں امن و استحکام لاسکتے ہیں۔ ہمارے کسی بھی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔ ہم خود مختاری، مساوات اور باہمی ترقی پر مبنی ایک کوآپریٹو علاقائی فریم ورک کی سمت میں کام کرتے رہیں گے۔ملاقات کے دوران روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں جبکہ مستقبل میں کثیر الجہتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

٭… میانمار میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ دو ماہ کے دوران 570 مظاہرین کی ہلاکت کے بعد عوام نے جرات مندانہ اور بے باک انداز میں سڑکوں پر مظاہرے شروع کردیے ہیں۔ اقتدار پر فوجی قبضے کے خلاف متعدد لوگوں نے آن لائن اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا زیادہ محفوظ اور مستحکم طریقہ خیال کرتے ہوئے مختلف انداز میں فنڈنگ کے لیے ہر چیز آن لائن فروخت کرنی شروع کردی ہے۔

٭…روسی صدر ولادیمیر پیوٹن صدارتی مدت سے متعلق نئے قانون پر دستخط کرنے سے اگلی دو مدتوں کے لیے ہونے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل اور منتخب ہونے کی صورت میں 2036ء تک روس کے صدر رہ سکتے ہیں۔ صدر پیوٹن 1999ء سے 2008ء تک دو بار جبکہ 2012ء اور 2018ء میں صدارتی انتخاب جیت کر تیسری اور چوتھی بار روس کے صدر بنے ہیں۔صدارتی مدت کے قانون میں تبدیلی کی پچھلے سال روسی عوام سے ریفرینڈم میں منظوری لی گئی تھی اور نئے قانون کا بل گذشتہ ماہ روسی پارلیمان میں بھی منظور کر لیا گیا تھا۔

٭…افغان صدر اشرف غنی ترکی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے دوران افغانستان میں امن کے لیے تین مراحل پر مشتمل ’امن روڈ میپ‘ پیش کریں گے۔ دستاویزات کے مطابق پہلے مرحلے میں سیاسی تصفیہ کے بارے میں اتفاق رائے اور بین الاقوامی سطح پر نگرانی کی جانے والی جنگ بندی شامل ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں صدارتی انتخابات اور سیاسی حکومت کا قیام اور نئے سیاسی نظام کی طرف بڑھنے کے لیے عمل درآمد کے انتظامات ہوں گے۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں افغانستان کی ترقی کے لیے ’آئینی فریم ورک، مہاجرین کی بحالی اور ترقی‘ شامل ہوگی۔

٭… ایرانی خفیہ ایجنسی کے مطابق ایک اسرائیلی جاسوس کو اپنے ساتھیوں سمیت مشرقی آذربائیجان صوبے سے حراست میں لیا گیا ہے، یہ لوگ کئی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں سے رابطے میں تھے۔ جاسوس کی گرفتاری سے متعلق اسرائیل نے ابھی تک کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

٭…ایران کے فوجی پراسیکیوٹر نے یوکرائن کے طیارہ حادثے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں گزشتہ سال یوکرائن کے مسافر طیارے کو مار گرانے کے الزام میں 10 عہدیداروں پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بہت جلد عدالت میں انضباطی کارروائی میں ملازمت سے رخصت یا مدت ملازمت میں تخفیف بھی ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ایرانی میزائل لگنے سے تہران سے اڑنے والا یوکرائن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہوگئے تھے، ایران نے واقعے کو غلطی قرار دیا تھا۔

٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی طرف سے عمرہ زائرین کے لیے نئی شرائط و ضوابط کا اطلاق یکم رمضان سے ہوگا۔ پابندی کے تحت کورونا ویکسین کی دونوں خوارکیں لگوانے والے ہی حرمین میں عمرہ، زیارت اور نمازیں ادا کرسکیں گے۔ اجازت نامے مقررہ ایپس کے ذریعے ہی جاری ہوں گے۔ نمازی مقررہ ایپس کی مدد سے مرضی کی تاریخ اور وقت کا تعین کرسکیں گے۔

٭…ترک صدر اردگان طیب کے ملک میں سیاسی بغاوت کی کوششں کرنے کے الزام پر دس ایڈمرلز کو ’ریاست کی سلامتی اور آئینی حکم کے خلاف جرم کے ارتکاب ‘ کے الزام کے تحت کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ترک پولیس نے بحریہ کے 10 سابق کمانڈرز کو بھی حراست میں لیا تھا۔ حراست میں لیے جانے والے یہ افراد ان 104 ریٹائرڈ ایڈمرلز میں شامل ہیں جنہوں نے اس مشترکہ خط میں ترک حکومت کوخبردار کیا تھا کہ نہر بنانے کے منصوبے سے ترکی کی اہم آبی گزرگاہوں کے استعمال سے متعلق معاہدہ ممکنہ طور پر خطرے میں پڑسکتا ہے۔

٭…اسرائیلی صدر نے وزیراعظم نیتن یاہو کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دے دی۔ نیتن یاہو 2009ء سے مسلسل اقتدار میں ہیں۔ صدر روون رِیولِن نے حکومت سازی کے لیے وزیراعظم نیتن یاہو کو نامزد کیا ہے لیکن انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ کوئی بھی امیدوار اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ پارلیمان کا اعتماد حاصل کر سکے۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

٭…اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے سوتیلے بھائی کے درمیان مصالحت کے بعد شہزادہ حمزہ نے شاہ عبداللہ اور ملک سے وفاداری سے متعلق دستاویز پر دستخط کر دیے۔ شاہ اردن کےخلاف بیان دینے پرسابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین کو نظربند کردیا گیا تھا۔

٭…امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے معاملے پر میناپولس پولیس چیف نے گردن پر گھٹنا رکھنا پالیسی کے خلاف قرار دے دیا۔ میناپولس پولیس چیف نے کہا کہ پولیس آفیسر Derek Chauvin نے جارج کی گردن کو دبا کر محکمانہ پالیسی کی خلاف ورزی کی۔ گردن کو گھٹنے سے دبانا پالیسی کا حصہ ہے نہ ہی تربیت کا حصہ ہے۔

٭…متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات ‏(یو اے ای) کے پہلے ایٹمی بجلی گھر نے کمرشل بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر تصاویر کے ساتھ ٹویٹ میں لکھا کہ ’عرب دنیا کے پہلے ایٹمی پاور پلانٹ سے پہلا میگاواٹ نیشنل گرڈ میں شامل کر لیا گیا۔‘ اس حوالے سے ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے جو رواں سال اپنے قیام کی پچاسویں سالگرہ منا رہا ہے۔

٭…ابوظہبی اور اسرائیل کے اہم شہر تل ابیب کے مابین باضابطہ طور پر فضائی سفر کا آغاز ہو گیا۔ متحدہ عرب امارات کی اتحاد ایئر ویز کی پہلی پرواز ای وائی 598 مسافروں کو لے کر ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تل ابیب پہنچی۔ واضح رہے کہ ایئرلائن نے 19 اکتوبر 2020ء کو اسرائیل سے تعلقات استوار ہونے پر جذبہ خیرسگالی کے طور پر خلیج سے پہلی غیر شیڈول شدہ مسافر بردار پرواز اسرائیل کے لیے بھیجی تھی۔

٭… دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار روایتی جوش و خروش اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ ایسٹر کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں عیسائی برادری نے موقعے کی مناسبت سے سجائے گئے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات میں شرکت کی۔

٭…ایتھوپیا کے آفار اور صومالی ریجن کے درمیان جمعہ سے منگل تک ہونے والی سرحدی جھڑپوں میں عام شہریوں سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ ایتھیوپیا میں رواں برس جون میں قومی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔ فریقین نے ایک دوسرے کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

٭…نائیجیریا کے صوبے ایمو میں مشین گن، راکٹ لانچر اور گرنیڈ سمیت دیگر بھاری ہتھیاروں سے لیس افراد نے جیل پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 1800 قیدی فرار ہوگئے جبکہ حملے میں پولیس اور ملٹری کی دیگر عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

٭…بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے جنوب میں دریائے شیتلخسیا میں مسافر بردار فیری اور کارگو جہاز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق فیری میں 50 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد متعدد لاپتہ ہیں جبکہ 21 لاشیں برآمد کرلی گئیں۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ لندن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ 12؍ اپریل سے روڈ میپ کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔ آئندہ پیر سے غیر ضروری اشیاء کی دکانیں اور پارک کھل جائیں گے۔

٭…ناروے کے سمندر میں طوفانی موسم کے باعث تیل سے بھرا ڈچ کارگو جہاز بے قابو ہونے سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے۔ جہاز پر موجود عملے کے زیادہ تر افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکال لیا گیا۔

٭…گھانا کے دارالحکومت آکرا کی ساحل پر 80 سے زائد ڈولفن مردہ حالت میں پائی گئی۔ سربراہ فشریز کمیشن کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں ڈولفن کی موت کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی البتہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ جبکہ شہر کے ایک اور ساحلی علاقے میں مردہ مچھلیوں کے ملنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

٭…برطانوی ایسٹرا زینیکا ویکسین کے سبب ممکنہ بلڈ کلاٹس کی شکایات پر بچوں پر ویکسین کے ٹرائل روک دیے گئے۔ 6 سے 17 سال کے بچوں پر تجربات فروری میں شروع ہوئے تھے۔ ٹرائلز کا مقصد ویکسین سے پیدا ہونےوالی مدافعت کا جائزہ لینا تھا۔

٭… برطانیہ میں کرونا وائرس سے متعلق ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق جریدے دی لانسیٹ سائیکاٹری میں شائع ہوئی۔اس تحقیق میں 2 لاکھ 36 ہزار سے زیادہ کووڈ 19 کے مریضوں کے ہیلتھ ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کورونا وائرس سے شدید بیمار ہونے والے ہر 3 میں سے ایک مریض کو بیماری کو شکست دینے کے 6 ماہ بعد مختلف دماغی عوارض عام ذہنی بے چینی یا انگزائٹی کا سامنا ہوتا ہے۔ 34 فیصد افراد کو بیماری کو شکست دینے کے بعد ذہنی اور نیورولوجیکل امراض کا تجربہ ہوا۔

٭…برطانیہ میں کورونا ٹیسٹنگ پروگرام میں توسیع کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کے تحت شہریوں کو ہفتے میں 2 بار فوری نتائج والے کورونا ٹیسٹ کی سہولت دی جائے گی۔ لیٹرل فلو ٹیسٹ نامی اس ٹیسٹنگ پروگرام کے ذریعے ٹیسٹ کا نتیجہ 30 منٹ میں مل جاتا ہے۔ ٹیسٹ کے لیے کٹس، ٹیسٹنگ سائٹ، فارمیسیز یا پوسٹ کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ دوسری جانب برطانوی وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ پروگرام وبا پر قابو پانے اور لاک ڈاؤن پابندیوں کو نرم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ٹیسٹنگ پروگرام کے ناقدین نے اسے وسائل کا ضیاع قرار دے دیاہے۔

٭…7؍ اپریل کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف فیصلہ کن میچ جیت کر ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ میزبان ٹیم 320 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 292 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو ان کے ملک میں دو بار سیریز ہرانے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے فخر زمان نے مسلسل دوسری سنچریاں بنائیں اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔ جبکہ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر کپتان بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

٭…فٹبال کی عالمی باڈی فیفا نے پانچ سال میں دوسری مرتبہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن ‏(پی ایف ایف ‏) کی رکنیت معطل کردی۔پاکستان کو پی ایف ایف معاملات میں بیرونی مداخلت پر معطل کیا گیا، فیفا کی رکنیت پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک معطل رہے گی۔ فٹبالرز کا کہنا ہے کہ صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان قومی فٹبالرز اور پاکستان کے امیج کا ہے۔ جبکہ بہت سے فٹبالرز بے روزگار ہو جائیں گے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button