افریقہ (رپورٹس)

مونسراڈو کاؤنٹی، لائبیریا میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

(مرزا عمر احمد۔ مبلغ انچارج مونسراڈو کاؤنٹی، لائبیریا)

الحمد للہ،مونسراڈو کاؤنٹی لائبیریا کو مورخہ 21؍فروری 2021ء بروز اتوار بیت المجیب میں جلسہ مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی جو کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہایت کامیاب رہا۔ جلسہ یوم مصلح موعود ’مونرویہ‘ جماعت میں ہوا جو کہ لائبیریا کا دارالحکومت ہے جس میں کل 60خدام، لجنہ، انصار، اطفال اور ناصرات نے شرکت کی۔

جلسہ کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ بعد ازاں اردو نظم پیش کی گئی۔ مکرم حافظ سانبولا صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم منصور احمد ناصر صاحب پرنسپل شاہ تاج احمدیہ سکول نے حضرت مصلح موعودؓ کے کامیاب دورِ خلافت کے موضوع پر تقریر کی۔ تقریر کے معاً بعد حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات مبارکہ پر مبنی انگریزی زبان میں ایک دلچسپ ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔

آخر پر مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے یوم مصلح موعود کی اہمیت کے متعلق بیان کیا۔

اختتامی تقریر کے بعد احباب جماعت نے نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کیں۔ جس کے بعد کھانا تقسیم کیا گیا اور جلسہ مصلح موعود مونسراڈو کاؤنٹی احسن طریق پر اختتام پذیر ہوا۔

امیر صاحب کی ہدایت پر تمام ملک میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بڑے پیمانے پر آغاز ہوا۔ جس کی تکمیل میں مونسراڈو کاؤنٹی کی دیہاتی جماعت ’بے بےما‘ میں بھی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں انصار، خدام، اطفال اور لجنہ نے بھرپور شرکت کی اور بعد از پروگرام تمام احباب جماعت نے اپنے پیارے آقا کو اجتماعی دعائیہ خطوط لکھ کر اس جلسہ کا لطف اور بھی دوبالا کردیا۔ الحمد للہ علی ذالک

یاد رہے کہ لائبیریا مغربی افریقہ کا ایک ملک ہے جس کی آبادی لگ بھگ تین ملین افراد پر مشتمل ہے جن کی اکثریت عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔ اس ملک میں پندرہ کاؤنٹیز ہیں اور لائبیریا کا دارالحکومت مونرویہ بھی اسی کاؤنٹی میں آتا ہے۔ اس ملک کی زبان انگلش ہے۔ خدا تعالیٰ اس ملک کو احمدیت کے سچے نور سے منور کرے اور آنے والے خلافت کے شیدائی اسی ملک سے پیدا ہوں۔ آمین

(رپورٹ: مرزا عمر احمد۔ مبلغ انچارج مونسراڈو کاؤنٹی، لائبیریا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button