افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین گھانا میں ہونے والی بعض روایتی سرگرمیاں

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

نعتیہ محفل

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 26؍جنوری 2021ء بروز منگل جامعۃ المبشرین گھانا میں نعتیہ محفل کا پروگرام مجلس ارشاد کے تحت منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی مناسبت سے جامعہ ہال کو بینرز سے سجایا گیا۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم مولوی مبشر حسین شاہد صاحب وائس پرنسپل جامعۃ المبشرین تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو عزیزم بشیر الدین سونی نے کی۔ عزیزم ابوبکر مائیگا نے احادیث پڑھیں۔ عزیزم اوبنگ محمد نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دواقتباسات پڑھے۔ عزیزم فردوس اسیمانی نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ مترنم آواز سے سنایا اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اقتباس عزیزم سورو سعید نے، عزیزم ناصر یحیٰ نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اقتباس ، عزیزم سینی جیبو نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمۃ اللہ علیہ کا اقتباس جبکہ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمۃ اللہ علیہ کاا قتباس عزیزم ابراہیم سیسی نے پیش کیا۔ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اقتباس عزیزم ابراہیم عبد المالک نے پیش کیا۔ عزیزم اوسئی یوسف نورالدین نے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کا نعتیہ کلام بدرگاہِ ذی شان خیر الانام مترنم آواز سے پڑھا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ آخر پر مہمانِ خصوصی مکرم وائس پرنسپل صاحب نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خصائل بیان کیے اور طلباء کو نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ پروگرام کے بعد اساتذہ اور طلباء کی خدمت میں ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔

مقابلہ تلاوت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تعلیمی سال 2021ء کا پہلا مقابلہ مورخہ 2؍فروری بروز منگل کروایا گیا جو قرآن مجید کی تلاوت کا تھا۔ جامعہ کے ہال اور سٹیج کو بینرز سے سجایا گیا۔ طلباء کو مسابقت کی غرض کے لیے چار گروپس میں تقسیم کیا گیاہے، صداقت، امانت، دیانت اور شجاعت۔ ہرگروپ سے تین تین طلباءنے حصہ لیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جو عزیزم سلیمان موسیٰ نے کی جو نائیجر سے ہیں۔ انچارج مجلس علمی مکرم رضوان کوثر نے مقابلہ کے قواعدپڑھ کر سنائے۔ اس مقابلہ کے منصفین اساتذہ جامعہ مکرم حافظ لبیب عبد اللہ صاحب اور مکرم شیخ ابراہیم شحا صاحب تھے۔ اول الذکر گھانا سے ہی تعلق رکھتے ہیں اور ثانی الذکر لیبیا سے وقف کرکے حسبِ ہدایت یہاں فرائض سرانجام دینے آئے ہیں۔

تلاوت کے لیے سورہ بنی اسرئیل کی آیت 79 تا 81 کا حصہ مقرر کیا گیا تھا۔ اس مقابلہ میں شجاعت گروپ سے تعلق رکھنے والے سینیگال کےعزیزم خالد سَل اول رہے۔ دوم دیانت گروپ سے سینیگال کے ہی عزیزم عبدالعزیز با رہے اور سوم شجاعت گروپ سے گھانا کے طالب علم عزیزم ناصر یحیٰ رہے۔

مکرم حافظ لبیب عبد اللہ صاحب نے نتیجہ کا اعلان کیا اور مکرم شیخ ابراہیم شحا صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

میراتھن ریس

خدا تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 4؍فروری 2021ء بروز جمعرات پہلی میراتھن ریس کے انعقاد کی توفیق ملی۔

جامعۃ المبشرین ایک پہاڑی پر واقع ہے۔ اس کا رقبہ 35 ایکڑ ہے۔ اس کی باؤنڈری پر ایک ٹریک بنایا گیا ہے جس پر کہیں چڑھائی ہے اور کہیں اچانک کھائی کی طرح کی اترائی اور کہیں سطح زمین ہموار بھی ہو جاتی ہے۔

ریس میں کل 68 طلباء نے حصہ لیا۔ ریس سے قبل جامعہ کی حدود پر واقع ٹریک کی وقار عمل کے ذریعے ضروری کانٹ چھانٹ کی گئی اور اسے دوڑنے کے لیے سازگار بنایا گیا۔ شاملین کو ٹریک کے 15 چکر مکمل کرنا تھے جو تقریباً 15 کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے۔

میرا تھن ریس کا آغاز دن دو بج کر تیس منٹ پر ہوا۔ ریس کے آغاز سے قبل خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا)نے دعا کروائی۔ ریس کو مکمل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت ساڑھے تین گھنٹے تھا۔

جامعہ ٹریک پر کل چار مقامات پر طلباء ڈیوٹی پر موجود تھے جو با قاعدگی سے شاملین ریس کے چکر ریکارڈ کر رہے تھے۔ پانچویں پوسٹ پر جو ریس کا ابتدائی اور اختتامی پوائنٹ بھی تھا اساتذہ نتائج مرتب کر رہے تھے۔

ریس کے نتائج درج ذیل رہے:

اول : گھانا کے طالب علم ظفر اللہ خان (وقت:دو گھنٹے بارہ منٹ) شجاعت گروپ۔ دوم گھانین طالب علم کمال دین (وقت:دو گھنٹے پندرہ منٹ)۔ سوم:ساؤتومے سے تعلق رکھنے والے طالبعلم Dorley Fernandes (وقت :دو گھنٹے سترہ منٹ )

مجموعی طور پرشجاعت گروپ اول نمبر پر رہا۔

ریس کے موقع پر جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ ڈیوٹی پر موجود رہے اور نگرانی کے فرائض سرا نجام دیتے رہے۔ ریس کے دوران اور اختتام پر طلبا ء کو ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ایک کامیاب مقابلہ تھا جس کے ذریعے طلباء کو بہترین ورزش کا موقع میسر آیا۔ الحمدللہ علی ذالک

اللہ تعالیٰ ان اساتذہ اور طلباء کو جزا ئےخیر سے نوازے جنہوں نے اس میراتھن دوڑ کے لیے بے حد محنت کی اور اسے کامیابی سے ہمکنارکیا۔آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button