حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(11؍ فروری۔09:00 GMT)

کل مریض: 107,892,455

صحت یاب ہونے والے: 79,918,839

وفات یافتگان: 2,365,995

٭… ایران کے صدر حسن روحانی نے بدھ 10؍فروری کو مغربی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کو بحال کریں۔ انہوں نے 1979ء کو وقوع پذیر ہونے والے اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر اپنے خطاب میں کہا کہ پابندیوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اس خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ معاملات کا بہترین حل سفارتکاری کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے۔ دنیا کے لیے ایران کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کو نبھانے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں اور خدا کی رضا شامل رہی تو ہم اس معاہدے کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ صدر روحانی کا کہنا تھا کہ جیسے ہی امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں دستخط کئے گئے معاہدے کا احترام کریں گے، ایران بھی فوری اس سمجھوتے کی مکمل پاسداری کرے گا۔ معاہدے کے تحت معاشی پابندیوں میں نرمی کے عوض ایران کو افزودہ یورینیم کی مقدار کو محدود رکھنا تھا۔ 2015ء میں طے پانے والا معاہدہ اس وقت اپنی اہمیت کھو بیٹھا جب تین سال قبل سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کو اس معاہدے سے الگ کر لیا تھا۔

٭…چین میں موجود عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تفتیشی ٹیم نے پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کے چین کی لیبارٹری سے پھیلنے کے مفروضے کو رد کردیا۔ ٹیم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کسی جانور سے پھیلنے کے شواہد ابھی تک نہیں ملے۔ وبا پھیلنے کے بعد ماہرین کا خیال تھا کہ وائرس چمگادڑوں سے پھیلا ہے۔ جبکہ ووہان میں دسمبر 2019ء سے پہلے کورونا کا کوئی کیس آنے کے شواہد بھی نہیں ملے۔

٭… چین اور انڈیا کی افواج نے لداخ کی پینگونگ سو جھیل کے شمالی اور جنوبی کناروں پر تعینات ہزاروں فوجیوں کو دونوں جانب ایک ساتھ پیچھے ہٹانے پر اتفاق کر لیا۔ چین کی وزارت دفاع نے 10؍فروری کو اعلان کیا کہ دونوں جانب فوجوں کو پیچھے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔چین کی وزارت دفاع کے ترجمان وو کیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی کمانڈروں کی نویں دور کی بات چیت میں جو اتفاق ہوا تھا، اسی کے مطابق فرنٹ لائن سے فوجیوں کو ایک ساتھ ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔انڈین فوج کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس کے بارے میں جلد پارلیمنٹ میں بیان دیں گے۔

٭…برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی ذاتی دولت عوام سے چھپانے کے لیے 70کی دہائی میں قانونی استثنیٰ حاصل کیا اور اس کے لیے حکومت پر دباؤ ڈلوا کر قانون سازی کروائی۔ رپورٹ کے مطابق ملکہ کے ذاتی وکیل نے برطانوی وزرا پر قانون میں ایسی تبدیلی لانے کے لیے دباؤ ڈالا جس کے بعد ملکہ کسی بھی کاروبار یا کمپنی میں اپنے ذاتی شیئرز عوام سے خفیہ رکھ سکیں۔ اس دباؤ پر حکومت نے قانون میں ایک نئی شق شامل کی، جس کے تحت حکومت کو سربراہ مملکت کے شیئرز والی کمپنیوں کو استثنا دینے کا اختیار حاصل ہو گیا۔ یہ قانون سازی 1970ء میں سرکاری طور پر چلنے والی شیل کارپوریشن کے لیے کروائی گئی جس میں ملکہ کے شیئرز اور سرمایہ کاری تھی۔

٭…یورپی یونین 29؍ اور 30؍ مارچ کو شام کے مسئلے پر برسلز کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ شام اور خطے کے مستقبل کی حمایت کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ پانچویں کانفرنس ہے جو عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب آن لائن منعقد کی جائے گی۔یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اعلامیہ کے مطابق 15؍مارچ کو شام میں تنازع کے آغاز کو دس سال مکمل ہوجائیں گے۔ یہ تنازع آج بھی جاری ہے اور شام اور خطے کے حالات آج بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

٭…میانمارمیں فوجی بغاوت کے بعد نیوزی لینڈ نے میانمار کے ساتھ سیاسی اور فوجی تعلقات معطل کردیے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ نیوزی لینڈ میانمار کے فوجی رہنماؤں پر سفری پابندی بھی عائد کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کے امدادی پروگرام میں وہ منصوبے شامل نہ ہوں جو فوجی حکومت ہونے کی صورت میں فراہم کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، احتجاج روکنے کے لیے مندالے شہر میں مارشل لا نافذ کرکے رات کا کرفیو لگا دیا گیا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی مارشل لا لگنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ میانمار میں یکم فروری کو فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے منتخب سربراہ آن سان سوچی کو حراست میں لے لیا تھا۔

٭…برطانیہ میں دہشت گردی کے جرم میں ایک سولہ سالہ لڑکے کو دو سال کے ری ہیبیلیٹیشن آرڈر یعنی ایک اصلاحی مرکز میں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ برطانیہ میں دہشتگردی کے جرم میں سزا پانے والا یہ سب سے کم عمر لڑکا ہے۔برطانیہ کے شہر کورنوال سے تعلق رکھنے والے اس لڑکے نے بم بنانے کا طریقہ کار انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنے سمیت بارہ جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ جج مارک ڈینس کیوسی نے کہا کہ اگر اسے جیل کی سزا دی گئی تو جولائی 2019ء میں اس کی گرفتاری سے لے کر اب تک ہونے والی تمام اہم پیشرفت ضائع ہوجائے گی۔

٭… دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کو سردیوں میں سر کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماؤں کا رابطہ جمعہ 5؍ فروری سے بیس کیمپ، ٹیم اور اہل خانہ سے منقطع ہوا اور اب تک ان کا سراغ لگانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ان کوہ پیماؤں کی تلاش کی کارروائی تین دن تک جاری رہنے کے بعد موسم کی خرابی کی وجہ سے 9؍ فروری سے تعطل کا شکار ہے۔پاکستان کی صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق خراب موسم کے باعث 10؍ فروری کو بھی تلاش کا آپریشن شروع نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ آٹھ ہزار میٹر اور اس سے اوپر تلاش کرنے کے لیے C-130 استعمال کیا جائے گا مگر دوسرا روز ہے کہ موسمی حالات اس کی اجازت نہیں دے رہے۔ ڈی سی شنگر کے مطابق اس موسم میں زمینی تلاش بھی ممکن نہیں ہے اور امدادی کارکن بیس کیمپ میں تیار تو ہیں مگر ان کو اس موسم میں آگے جانے سے منع کیا گیا ہے۔

٭…فلپائن کے جنوبی علاقے میں زلزلہ کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز منداناؤ جزیرے سے 2 کلو میٹر دور اور گہرائی زیرِ زمین 24 کلو میٹر تھی۔

٭…برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد برطانیہ کی یورپی یونین کو برآمدات میں 68 فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے، یہ بات برطانوی روڈ ٹرانسپورٹرز کی تنظیم آر ایچ اے کی جانب سے سامنے آئی۔ اس حوالے سے تنظیم نے جنوری 2021ء میں چینل ٹنل اور فیری کے ذریعے برطانیہ سے یورپ سامان سپلائی کرنے والے ٹرکوں کے اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ اس کمی کی وجہ عالمی وبا COVID-19 نہیں بلکہ برطانوی حکومت کی بریگزیٹ سے متعلق معاملات ہیں۔آر ایچ اے کے چیف ایگزیکٹو کی جانب سے برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بریگزیٹ کے باعث اب ٹرک کمپنیوں کو اتنے کاغذات بھرنے پڑتے ہیں کہ وہ اس میں لگنے والی دیر کے باعث برطانیہ سے سامان ہی لیکر جانا نہیں چاہتے۔

٭…متحدہ عرب امارات کا گزشتہ سال 20؍جولائی کو مریخ پر بھیجا گیا خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا۔ اس تحقیقاتی مشن میں کوئی خلا باز موجود نہیں۔ اس پر نصب آلات مریخ کی معلومات دبئی کے خلائی مرکز بھیجیں گے۔ تحقیقاتی مشن کو 2 مریخی سالوں یعنی 1,374 دن تک کار آمد رہنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

٭… متحدہ عرب امارات کے بعد اب چین نے بھی مریخ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔چین کا اپنا تیار کردہ تیان وین 1مشن مریخ کے مدار میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔اس کامیابی کے بعد چین دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے جس کا مشن مریخ تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔اس سے قبل امریکا، سوویت یونین، یورپین اسپیس ایجنسی، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے مشنز سرخ سیارے تک رسائی حاصل کرچکے ہیں۔

٭…یورپ شدید برفانی طوفان اور سرد موسم کی لپیٹ میں آگیا۔ موسم کی تبدیلی سے شديد برفباری اور طوفان نے تباہی مچادی ہے جبکہ نيدرلينڈز میں اس صورتحال میں ايمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو سفر سے گريز کرنے کا مشورہ ديا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں برفانی طوفان کے سبب درجہ حرارت گرگیا۔

٭…برسلز ریجن کی گورنمنٹ میں ماحول، ماحولیاتی تبدیلیوں اور پراپرٹی کے شعبوں کے انچارج وزیر آلیں ماغوں (Alain Maron) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر کے ذریعے بتایا کہ سخت سردی میں بے گھر لوگوں کے لیے برسلز کے ٹرین اسٹیشن 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔حکومت نے ریل اتھارٹی کے ساتھ ملکر فیصلہ کیا ہے کہ دارالحکومت برسلز کے تینوں بڑے ٹرین سٹیشن مڈی، نارتھ اور سائوتھ 24گھنٹے کھلے رکھے جائیں گے تاکہ بے گھر افراد سٹیشن کے محفوظ اور گرم ماحول میں سردی کی شدت سے پناہ حاصل کر سکیں۔

٭…برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے برطانیہ آنے والے مسافروں کے لیے نئی پابندیاں متعارف کرادی ہیں۔ 15؍فروری سے برطانیہ آنے والوں کو قرنطینہ میں دو ٹیسٹ کرانا ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ دوسرے اور دوسرا ٹیسٹ آٹھویں روز ہوگا اور اس کی فیس مسافر ہی دیں گے۔میٹ ہینکوک نے مزید کہا کہ حکومت برطانیہ کی جانب سے جاری کردہ ریڈ لسٹ کے مطابق 33 ممالک سے برطانیہ آنے والے مسافر ہوٹل میں قرنطینہ کریں گے۔ مسافر کو ایڈوانس ہوٹل، ٹیسٹ اور ٹرانسپورٹ بکنگ کرانا ہوگی، اور اس مقصد کے لیے 1750 پاونڈز دینا ہوں گے۔

٭…چینی وزارت قومی دفاع کے مطابق پاکستان کی درخواست پر سینٹرل ملٹری کمیشن نے پاکستان کورونا وائرس ویکسین فراہمی کی اجازت دیدی جس کے بعد پیپلز لبریشن آرمی آف چائنا نے ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کے حوالے کردی۔ پاکستانی فوج چین کی فوج سے کورونا ویکسین کی امداد وصول کرنے والی پہلی غیر ملکی فوج ہے۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اگر 70 برس سے زائد عمر کے کسی فرد کو ویکسین نہیں لگی تو وہ فوراً متعلقہ شعبے سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کا پروگرام طے شدہ اہداف کے مطابق کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مختصر عرصے میں 13 ملین افراد کو ویکسین لگا دینا بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں پابندیوں میں نرمی سے متعلق روڈ میپ دوں گا، امید ہے کہ اپریل تک 9 ترجیحی گروپوں میں شامل افراد کو ویکسین لگانے کا کام مکمل کر دیا جائے گا۔

٭…پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز 11؍فروری سے لاہور میں کھیلی جارہی ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز پاکستان دو صفر سے اپنے نام کرچکا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button