افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ بینن کے تحت 100سرجیکل آپریشنز کی افتتاحی تقریب

(منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ بینن کو مورخہ 24نومبر 2020ء کو بینن میں خدمتِ انسانیت کے لیے 100سرجیکل آپریشنز کی افتتاحی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا مقصد بینن میں موجود غریب طبقہ کی حتی الوسع خدمت کرنا تھا جو سال ہا سال سے بہت سی ایسی جسمانی بیماریوں میں مبتلا ہیں جن کا واحد حل آپریشن ہے مگر محدود ذرائع، غربت اور تنگدستی کے باعث وہ مہنگا علاج کروانے کے متحمل نہیں ہیں۔ یہ مفلس الحالی بعض اوقات سنگین نتائج ساتھ لے کر آتی ہے جس کی وجہ سے صرف ایک یا دو افراد نہیں بلکہ پورا کنبہ متاثر ہوتا ہے۔ غریب ممالک میں بیماریوں کی وجہ سے بڑھی ہوئی شرحِ اموات کی ایک وجہ یہی غربت ،مفلسی اور طبیب اور طبابت تک رسائی نہ ہونا ہے۔

چنانچہ حسب پروگرام صبح 10:15 پر کلاوی (Calavi) میں موجود ہسپتال ہیومینٹی فرسٹ (کلاوی) کے نگران ڈاکٹر مبارک صاحب نے جماعتی وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں قائمقام امیر جماعت بینن مکرم میاں قمر احمد صاحب کے ہمراہ چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ مکرم بکری مصلحو صاحب، نائب امیر صاحب بینن مکرم راجی ابراہیم صاحب،مبلغ سلسلہ رفیق احمد صاحب اور خاکسار (ریجنل مبلغِ سلسلہCotonou (کوتونو)) اس تقریب میں شامل ہوئے۔

تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ بینن نے مختصراً ہیومینٹی فرسٹ کے قیام کا مقصد بتایا اور بینن میں مختلف کاموں کا جائزہ پیش کیا۔ اس تعارف کے بعد ڈاکٹر مبارک احمد صاحب نے حاضرین کو اس پروجیکٹ کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ پروجیکٹ 3حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے پہلے حصہ میں 10 آپریشنز رکھے گئے ہیں اور باقی آپریشنز کے لیےمریضوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ موزوں وقت کا انتخاب کرکے متعلقہ مریضوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ نائب امیر بینن مکرم راجی ابراہیم صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف کرواتے ہوئے خدمتِ انسانیت کے لیے جماعتی تعلیمات سے آگاہ کیا۔ آخر پر قائم مقام امیرجماعت بینن مکرم میاں قمر احمد صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور بیماروں کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا اور دعا کروائی۔

پروگرام میں کُل 37افراد نے شرکت کی۔

(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button