افریقہ (رپورٹس)

کانووکیشن جامعۃ المبشرین گھانا

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 03؍جنوری 2021ء بروز اتوار امسال کے دوسرے کانووکیشن کے انعقاد کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

ہر سال کانووکیشن میں طلباء کے والدین، ملکی عاملہ اور دیگر عمائدین کو مدعو کیا جاتا ہے اور حاضری ایک ہزار افراد کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ مگر اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی ہدایات کے ماتحت پہلے سالِ سوم کے طلباء کو جولائی میں جامعہ بلایا گیا تھا۔ ان کے سالانہ امتحانات ہوئے اور اگست 2020ء کے آخر پر ان کی کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد حکومتی ہدایات کے ماتحت سال اول و دوم کے طلباء کو جامعہ بلایا گیا۔ انہیں باقاعدہ بقیہ تدریس سے گزارا گیا اور ماہِ دسمبر میں ان کا سالانہ امتحان لیا گیا۔ چنانچہ ان کی الگ سے کانووکیشن(حصہ دوم ) کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب حکومت گھانا کی جانب سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق منعقد کی گئی۔ اس سال کورونا وائرس کے باعث کسی مہمان کو مدعو نہیں کیا گیا اور صرف جامعہ کے طلباء اور اساتذہ اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے پندرہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئے تھے۔ پروگرام کا انعقادجامعہ کے ہال میں ہوا جس کے لیے ہال کو خاص طور پر سجایا گیا تھا۔

اس تقریب کی صدارت خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا) کو کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب سے قبل خاکسار نے لوائے احمدیت جبکہ گھانا کا جھنڈا مولوی الحسن احمد صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے لہرایا۔

تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جو کہ آئیوری کوسٹ کے مکرم Ouatara Amonنے کی۔ اور پھر گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم Osei Yusuf Nuruddin صاحب نے مترنم آواز میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام ’’حمد و ثنا ء اسی کو‘‘ پیش کیا۔

اس کے بعد اس تقریب کا تعارف مکرم مولوی رضوان کوثر صاحب استاد جامعہ نے کروایا۔ بعدازاں جامعہ کےبعض اساتذہ اور خاکسارنے امسال علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ اور پھرملک مالی کے تین طلباءAli Tembine، Amadou Couliballyا ور Abubacrine Maiga نے جولا زبان میں Songs of Praise پیش کیا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔

Suleiman Musa اور Ibrahim Cisse نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا تحریر کردہ قصیدہ یاقلبی اذکر احمدا مترنم آواز سے پڑھا۔

بعد ازاں خاکسار نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں واقف زندگی کے فرائض پر روشنی ڈالی اورحضور انور کی نصائح پڑھ کر سنائیں۔ اسی طرح خاکسار نے جامعہ میں نئے آنے والے استاذ مکرم مولوی نواز احمد صاحب کا تعارف کروایا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں Ahmed Bin Ismael Senior، Appiah Razak Seedorf اور Firdaus Assimanyiنے گھانین songs of praise ترنم کے ساتھ پڑھے۔

آخر پر خاکسار نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔

دعا کے بعد طلباء نے اساتذہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پھر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھی گئیں۔ بعد ازاں تمام شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین کی تقریب تقسیم اسناد انتہائی کامیابی کےساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے جامعۃ المبشرین گھانا کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین

آخر پرتمام احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلباء کو اسلام احمدیت کے لیے انتہائی مفید وجود بنائے اور انہیں اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے اور جامعۃالمبشرین گھانا کے تمام اساتذہ اور دیگر کارکنان کو بھی بہترین خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button