افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں سالِ نوکے آغاز پر عطیہ خون کیمپس

(عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ)

سال نو کا آغاز دنیا بھر میں جہاں لغویات و پیسے کے ضیاع کے ساتھ ہوتا ہے وہیں جماعت احمدیہ کی روایت ہے کہ سال کا آغاز ایک نئے عزم کے ساتھ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی بھرپور ادائیگی کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ جہاں نماز و صدقات کی ادائیگی ہوتی ہے تو وہیں خدمت انسانیت کے کاموں میں بھی اس عزم کے ساتھ بڑھ چڑھ کے حصہ لیا جاتا ہے کہ دوران سال بھی ان کاموں کو جاری رکھا جائے گا۔

سال نو 2021ء کے آغاز پر حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو خدمت انسانیت کے پروگرامز منعقد کرنے کی بھی سعادت نصیب ہوئی جن کا ایک اہم حصہ عطیہ خون کے پروگرامز کا انعقاد بھی تھا۔ چونکہ موجودہ وقت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جہاں اور بہت سے مسائل نے جنم لیا ہے وہیں خون کا عطیہ کرنے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جس کا اظہار حکومت وقت بھی وقتاً فوقتاً کرتی رہتی ہے۔ چنانچہ امیرو مشنری انچارج مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی زیر ہدایت سال 2021ء کے آغاز پر ہی ملک کے طول وعرض میں عطیہ خون کے کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں کیمپس نہ لگائے جا سکے وہاں قومی ادارہ برائے عطیہ خون میں جاکر خون کا عطیہ دیاگیا۔

خدمت انسانیت کے اس پروگرام کے تحت آئیوری کوسٹ کے 17ریجنز میں یہ پروگرامز منعقد کیے گئے۔ جس کے تحت کل 24کیمپس کا انعقاد کرنے کےساتھ ساتھ 07 مختلف مقامات پر قومی ادارہ برائے عطیہ خون میں احباب جماعت نے جاکر خون کا عطیہ دیا ۔جس میں نہ صرف مرد حضرات بلکہ خواتین نے بھی بھرپور رنگ میں شرکت کی نیز احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت افراد نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا۔ اس دوران 446مرد حضرات کے اور 45 خواتین نے کل 491 خون کی بوتلیں عطیہ کیں۔ جس کی تفصیلی ریجنل رپورٹ ذیل میں درج ہے۔

ان کیمپس کے کامیاب انعقاد کے لیے مبلغین و معلمین کرام نے بھرپور مساعی کی نیز مختلف مقامات پرمقامی ریڈیو کے ذریعے بھی ان کی تشہیر کی گئی۔ نہ صرف نیشنل سنٹر برائے عطیہ خون کے افسران نے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی اس مساعی کو خوب سراہا بلکہ بعض مقامات پر سرکاری افسران نے بھی جماعتی کیمپس کا وزٹ کیا جن میں ناسیاں کے ایڈیشنل میئر اور متعدد مقامات پر اہم سرکاری شخصیات بھی شامل تھیں۔ مقامی افراد نے جماعت احمدیہ کی اس مساعی کی داد دی کہ نہ صرف جماعت احمدیہ نے اس مشکل وقت میں بھی خدمت انسانیت کے سلسلہ کو جاری رکھابلکہ نئے سال کے آغاز کا صحیح طریق بھی اپنے عمل سے سکھایا ہے۔ مختلف مقامات کے مقامی ریڈیو چینلز کے علاوہ نیشنل چینل RTIنیز آن لائن اخبارات AIP، Abidjan.net اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز وغیرہ نے جماعتی مساعی کی باقاعدہ رپورٹ نشر کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی اس حقیر خدمت انسانیت کی مساعی میں بے پناہ برکت و قبولیت عطا فرمائے نیز آئندہ بھی اس سلسلہ کو جاری رکھنے کی توفیق عطا کرتا چلاجائے۔ آمین

(رپورٹ : عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button