افریقہ (رپورٹس)

ریجنل جلسہ سالانہ جماعت گراں لاہو، آئیوری کوسٹ 2020ء

(عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ)

جماعت احمدیہ میں جلسہ سالانہ کا انعقاد جہاں خداتعالیٰ کی غیر معمولی تائیدات و نصرت کو سمیٹے ہوتا ہے تو وہیں آنحضرتﷺ کے ارشاد کے مطابق ذکر کی ایسی مجلس بھی ہے جہاں فرشتوں کا نزول ہوتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ حضرت مسیح زماں علیہ السلام کا ارشاد کہ ’’اس جلسہ کو معمولی جلسوں کی طرح خیال نہ کرو۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائیدحق اور اعلائے کلمۂ اسلام پر بنیاد ہے ‘‘ بھی جماعت احمدیہ میں جلسہ ہائے سالانہ کی اہمیت کو روز روشن کی طرح واضح کرتا ہے۔

ملکی سطح پر جلسہ سالانہ کے انعقاد کے علاوہ اس کی ایک کڑی ریجنل جلسہ ہائے سالانہ بھی ہے۔ چنانچہ احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کے اس فریضہ کی انجام دہی کے لیے جماعت احمدیہ گراں لاہو (Grand Lahou)، آئیوری کوسٹ کو بھی اپنا سالانہ جلسہ 25و 26؍دسمبر 2020ء بروز جمعہ و ہفتہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

جلسہ کے انعقاد سے قبل ریجنل سطح پر مورخہ 04؍دسمبر میٹنگ کر کے انعقاد جلسہ و پروگرامز کے متعلق حتمی فیصلے کیے گئے۔ یہ جلسہ دیولابوگو (Dioulabougou)گاؤں میں منعقد کیا گیا۔ یہاں جلسہ کے انعقاد کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ یہاں نئی جماعت قائم ہوئی ہے اور اردگر دکافی تعداد میں غیر از جماعت احباب رہائش پذیر ہیں۔ جلسہ کا انتظام اپنی مدد آپ کے تحت جماعت احمدیہ ریجن گراں لاہو نے کیا۔

پروگرام جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد مقامی مشنری مکرم کونے محمد صاحب کی تقریر بعنوان ’’دعا اور اس کی برکات‘‘ تھی۔ مزید پروگرامز کے بعد سوالات و جوابات کا پروگرام بھی اس دن جلسہ کا حصہ تھا جس دوران ریجنل مشنری مکرم کونے کریم صاحب و دیگر لوکل مشنریز نے سوالات کے جوابات دیے۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ رات 11بجے مقامی وقت پر ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیاگیا۔ بعد از نماز فجر درس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ساڑھے نو بجے صبح دوسرے دن کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و فرنچ ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ جس کے بعد ریجنل مشنری صاحب نے تقریر بعنوان ’’امت مسلمہ میں اتحاد کی اہمیت‘‘ کی۔ مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب نے بھی مع ملکی عاملہ اس روز جلسہ میں شرکت کی۔ ان کی آمد کے بعد کچھ مہمانان کرام نے سٹیج پر آکر حاضرین جلسہ سے تقریر کی جن میں مکرم کوناتے عمر صاحب سیکرٹری امام جامع مسجد باسولوکرو ریجن، مقامی جامع مسجد کے غیر از جماعت امام صاحب مکرم سانوگو لامینے صاحب، نائب مجسٹریٹ برائے یوکوبوئے (yocoboué) مکرم سنگارے سلیمان صاحب و مقامی جماعت کے صدر مکرم بمبا کوتوبو صاحب شامل تھے۔ جنہوں نے اپنے خطابات میں جماعت احمدیہ کےاس روحانی جلسہ کی نہ صرف تعریف کی بلکہ مقامی جامع مسجد کے امام صاحب دونوں دن جلسہ کی تمام کارروائی میں شامل رہے۔ ان تقاریر کے بعد اختتام پر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’جماعت احمدیہ کے عقائد دربارہ وفات مسیح ؑ، آمد مسیح ثانیؑ نیزآپ کا نبی اللہ ہونا‘‘ پر دلائل کے ساتھ سیر حاصل تقریر کی۔ نماز ظہر سے قبل دعا کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا جس کے بعد نمازظہر و عصرباجماعت ادا کی گئیں۔

مہمان نوازی جلسہ کا اہم پہلو ہے چنانچہ جلسے کے دونوں دن مہمانوں کےکھانے کاخاص خیال رکھا گیا ۔امسال ریجنل جلسہ گراں لاہو کی کل حاضری الحمد للہ 235رہی جس میں ریجن کی 15جماعتوں کی نمائندگی کے ساتھ ہی 200کلومیٹر دور سے سفر کرکے جلسہ میں شریک ہونے والے احباب جماعت بھی شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریجنل جلسہ کے دوررس اثرات مرتب کرے اور شاملین جلسہ کے ایمان و ایقان میں بے انتہا برکت عطا کرے اور آئندہ بھی ہمیشہ جماعت گراں لاہو نیز جماعت آئیوری کوسٹ کوبڑھ چڑھ کر نیکی کے کام کرنے کی سعادت نصیب کرتا جائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button