افریقہ (رپورٹس)

IAAAE کے تعاون سے سینیگال کے پس ماندہ دیہات میں پانی کے نلکوں کی تنصیب

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

2020ء کے آغاز میں ہی کورونا نے جب عالمی وبا کی صورت اختیار کی تو جہاں تمام ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی وہاں تیسری دنیا کے ترقی پذیر ممالک خصوصاً افریقہ کے غریب ممالک کے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔

ان حالات میں جماعت احمدیہ نے عالمگیر حیثیت سے بلاامتیاز نسل و مذہب دنیا میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا اور اس کی ذیلی تنظیموں مثلاً خدام الاحمدیہ ،انصار اللہ اور لجنہ اماءاللہ نے اپنے اپنے ممالک میں بے کسوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی۔ اسی طرح جماعت کے مختلف ذیلی ادارہ جات مثلاً ہیومینٹی فرسٹ، IAAAE اور احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن نے حتی الامکان خدمت انسانیت کی توفیق پائی۔

اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت میں جماعت احمدیہ کے بے لوث خدمت خلق کے جذبے کی عکاسی کا ایک حصہ دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی ہے۔

اس سلسلہ میں احمدی آرکیٹیکٹس اور انجینئرز کی تنظیم IAAAE (International Association of Ahmadiyya Architects and Engineers) نے مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں ضرورتمندوں کو پانی کی فراہمی کے لیے 100 نلکوں کی تنصیب کا منصوبہ بنایا اور ان مشکل ایام میں سینیگال کے طول و عرض میں غریب دیہات میںصاف پانی کی فراہمی کا کام شروع ہوا۔

یہ کام ماہ اگست میں شروع ہوا۔ اور سینیگال کے تین ریجنز ڈاکار Dakar، زنگاشور Ziguinchor اور تانبا کنڈا Tambacounda میں IAAAEکے تعاون سے 45 نلکے نصب کیے۔

اس دوران IAAAEکے 3نمائندگان مکرم انجم احمدی صاحب(لندن)، مکرم بلال احمد صاحب اور مکرم کامران دانش صاحب نے جرمنی سے چیئرمین صاحب کی ہدایات کے مطابق سینیگال کا دورہ کیا اور نلکوں کی تنصیب اور ٹیم کے کام کا جائزہ لے کر مرکز کو رپورٹ کی۔ نیز دوران تنصیب لوکل لوگوں سے ان کے خیالات بھی حاصل کیے۔

نلکوں کی تنصیب کے آغاز سے قبل لوکل اتھارٹیز کو تمام تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور حکومتی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق ضرورتمند دیہات کی فہرستیں حاصل کر کے پہلے ان دیہاتوں کا دورہ کیا گیا۔ بعد ازاں انتظامیہ کے ساتھ مل کر نلکوں کی تنصیب کی گئی۔

اس سلسلہ میں لوگوں نے جماعت احمدیہ کے رفاہی کاموں کا تعریفی الفاظ میں اظہار کیا۔ مزید برآں نہ صرف لوکل میئرز وغیرہ نے خود آکر ٹیم کا حوصلہ بڑھایا بلکہ تانباکنڈا کے گورنر نے خود ٹیم کو اپنے گھر بلاکر دعوت کی اور کھلے اور واضح الفاظ میں جماعت احمدیہ کے فلاحی کاموں کا اعتراف کیا اور نمائندگان کے ذریعہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خاص شکریہ اور سلام کا پیغام دیا۔

ابھی تک IAAAE کے تعاون سے سینیگال میں 45 سے زائد نلکے نصب ہو چکے ہیں۔ ان کے ذریعہ دور دراز دیہات میں 15,840 افراد استفادہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح 10,560 جانور(بھیڑ، بکریاں، گائے، وغیرہ )بھی مستفید ہورہے ہیں۔ الحمد للہ علی ذالک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ عالمگیر کو مزید خدمت خلق کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button