حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(11؍جنوری۔09:15 GMT)

کل مریض: 90,743,423

صحت یاب ہونے والے: 64,892,318

وفات یافتگان: 1,944,311

٭…امریکی کانگریس کی جانب سے جو بائیڈن کی جیت کی توثیق کے بعد ڈیموکریٹس کے جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری 20؍ جنوری کو ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست پنسلوانیا میں جوبائیڈن کی جیت پر اعتراض کانگریس کے دونوں ایوانوں نے مسترد کردیا۔

٭…امریکا کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ ڈیمو کریٹ لیڈر سمیت 100 سے زائد ارکان کانگریس نے 25 ویں آئینی ترمیم یا مواخذے کے ذریعے ٹرمپ کو ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔ 25 ویں آئینی ترمیم اس وقت استعمال کی جا سکتی ہے جب صدر نااہل ہوتے ہوئے عہدہ چھوڑنے پر راضی نہ ہو۔ یہ ترمیم کسی بھی امریکی صدر کو زبردستی عہدے سے برطرف کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق صدر کی کابینہ کی اکثریت 25 ویں ترمیم کے حق میں فیصلہ دیتی ہے۔ کابینہ کے فیصلے کی توثیق نائب صدر کردے تو موجودہ صدر برطرف اور نائب صدر بطور صدر ذمہ داریاں سنبھالتا ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں نہیں جاؤں گا۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے وڈیو پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ نے نتائج کی توثیق کر دی ہے۔ پرامن انتقال اقتدار کی اپنی بات پر قائم ہوں۔ 20 جنوری کو ایک نئی انتظامیہ امریکا کی باگ ڈورسنبھالے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام توجہ بائیڈن انتظامیہ کو اقتدار سونپنے پر مرکوز ہے، امریکا کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

٭…امریکی پارلیمنٹ بلڈنگ پر حملے کی دنیا بھر سے مختلف ملکوں کے رہنمائی کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فسادات بھڑکانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ حامیوں نے انتخابی نتائج ختم کرنے کے لیے کیپٹل ہل عمارت پر دھاوا بولا۔ کیپٹل ہل میں ناپسندیدہ مناظر دیکھنے میں آئے۔ وہ چاہتے ہیں امریکا میں پرامن اور منظم انداز میں انتقالِ اقتدار کا عمل مکمل ہو۔

فرانسیسی وزارت برائے خارجہ امور نے کہا کہ امریکی جمہوریت پر سنگین حملے کی مذمت کرتے ہیں۔یورپی یونین نے کہا کہ امریکی جمہوریت پر حملہ قابل مذمت ہے۔ نیٹو چیف نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں ہلا دینے والے مناظر ہیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ امریکا میں جمہورت برقرار رہنی چاہئے اور ایسا ہی ہوگا۔ قریب ترین ہمسایہ ملک امریکا میں جمہوریت پر حملے سے کینیڈین سخت پریشان اور غمزدہ ہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا مرکل کا کہنا ہے کہ افسوس ہے کہ ٹرمپ نے شکست تسلیم نہیں کی۔ کیپٹل ہل کے مناظرنے مجھے بیک وقت برہم اور افسردہ کردیا ہے۔

ترکی کی حکمراں جماعت کے ترجمان عمرسالک نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا کی تمام جماعتیں بردباری سے انتخابی نتائج تسلیم کریں۔ تشدد انصاف کے حصول کا راستہ نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام جماعتیں جمہوری اقدار کا احترام کریں۔

٭…امریکا کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ کے پاس جوہری حملے کے اختیار اور خفیہ لانچنگ کوڈز موجود ہیں، ٹرمپ کو نیوکلیئر حملے سے باز رکھنے کے لیے ان کوڈز کو محفوظ کیا جائے۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی بیمار قرار دیا اور کہا کہ ذہنی طور پر بیمار ٹرمپ اَور بھی خطرناک ہو سکتے ہیں۔ امریکیوں کو محفوظ کرنے کے لیے اب تمام اقدامات کرنا ہوں گے۔

٭…پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا ہے کہ امریکا سے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا ابھی باقی ہے۔ اسرائیل کے ہاتھوں ایرانی ایٹمی سائنسدان کے قتل کی جامع تحقیقات ہورہی ہیں۔ اسرائیل ایرانی جواب کا انتظار کرے۔ محمد علی حسینی نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم عمران خان پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے امریکا، برطانیہ اور فرانس سے کورونا ویکسین لینے پر پابندی لگادی اور کہا ہے کہ یہ ممالک قابل بھروسا نہیں کسی اور قابل بھروسا ملک سے کورونا ویکسین لے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کی جلدی نہیں۔ لیکن ایران پرسے پابندیاں فوری ہٹنی چاہئیں۔ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے برخلاف ایران کا کردار تعمیری ہے اور یہ کردار جاری رہے گا۔یاد رہے کہ ایران میں گذشتہ ماہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی برطانوی اور امریکی کورونا وائرس ویکسین سے متعلق ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی جس میں انہوں نے امریکی اور برطانوی ویکیسن کی افادیت پر سوالات اٹھائے تھے۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی اس ٹویٹ کے بعد ایران میں امریکی اور برطانوی ویکسینز کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی۔

٭…سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 31؍ مارچ سے تمام فضائی، بری اور بحری راستے کھول دیے جائیں گے۔ بین الاقوامی پروازوں کی اجازت کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ دی گئی ہے۔

٭…کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق تحقیق کے لیے چینی شہر ووہان جانے والی عالمی ادارہ صحت کی تفتیشی ٹیم کے دو ارکان میں سے ایک کو ویزا کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے واپس بھجوا دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ممبر کو ایک اَور ملک میں روک دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی ابتدا جاننے کے لیے چین نے ووہان میں عالمی تحقیقات کی اجازت دسمبر میں دی تھی۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ 2019 کے آخر میں ووہان شہر کی مارکیٹ سے ہوا تھا۔

دوسری جانب سربراہ عالمی ادارہ صحت نے چین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے اب تک کورونا کے پھیلاؤ کی ابتدا جاننے کے لیے عالمی مشن کے تمام ارکان کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ وائرس کی ابتدا سے متعلق جاننا ڈبلیو ایچ او کی ترجیحات میں شامل ہے۔

٭…شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ امریکا ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے۔ امریکی صدرکوئی بھی ہو شمالی کوریا سے متعلق پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی۔ سامراج مخالف آزاد قوتوں کے ساتھ تعلقات اورجوہری صلاحیت کو وسعت دی جائے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اس بیان پر فوری کوئی ردعمل نہیں دیا۔

٭…پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‏( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کے اعلی فوجی اعزاز ’ آرڈر آف بحرین ایوارڈ ‘ سے نوازا گیا۔ آرمی چیف کو ایوارڈ شاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی جانب سے دیا گیا۔ یہ ایوارڈ پاک بحرین دفاعی تعاون میں نمایاں خدمات پر دیا گیا۔

٭…سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ پڑوسی ملک قطر کے لیے بندش کی شکار اپنی فضائی سروس دوبارہ بحال کر رہا ہے۔ دوحہ کے لیے ان کی پہلی پرواز جدہ و قطر سے 11؍ جنوری کو روانہ ہوگی۔ مذکورہ اعلان سعودی عرب کی قومی ایئر لائنز السعودیہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کیا گیا۔ اس نے مطلع کیا کہ مسافروں کے لیے مذکورہ منزل کے لیے ٹکٹ کی بکنگ بھی جاری ہے۔

٭… افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اتوار 10؍ جنوری کو سڑک کنارے بم دھماکے اور ملک کے دیگر حصوں میں مختلف فضائی حملوں میں 15 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اتوار کو کابل میں وزارت داخلہ کی ’نیشنل پبلک پروٹیکشن فورس‘ کے ترجمان ضیا ودان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں وہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔دوسری طرف افغان سیکیورٹی فورسز نے شمال مغربی صوبے نیمروز میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جن میں 12 شدت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

٭…جکارتا میں انڈونیشیا کی نجی ایئر لائن Siriwijaya کا بوئنگ500-737 مسافر طیارہ SJ182 ٹیک آف کےبعد لاپتا ہوگیا۔ طیارے میں 62 افراد سوار تھے۔نجی ایئرلائن کا طیارہ جکارتا سے مغربی صوبےجارہا تھا جو صرف ایک منٹ میں دس ہزار فٹ کی بلندی سے زمین کی جانب گیا اور راڈار سے غائب ہو گیا۔انڈونیشین حکام نے اس امر کی تصديق کر دی ہے کہ اس مسافر ہوائی جہاز کے ملبے کا ايک بڑا حصہ سمندر میں پچہتر فٹ کی گہرائی ميں ملا ہے۔

٭…اسپین کے شہر میڈرڈ میں کئی دہائیوں کا بدترین برفانی طوفان آیا۔ میڈرڈ میں سمندری طوفان کے ساتھ برفباری اور تیز ہواؤں نے درخت گرادیے جبکہ کئی انچ برف پڑنے سے ہزاروں گاڑیاں راستوں میں پھنس گئیں۔ لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

٭…بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بھنڈارا کے ڈسٹرکٹ جنرل اسپتال میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے سِک نیو بارن کیئر یونٹ میں موجود 10 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوگئے۔ ڈیوٹی پر موجود نرس وارڈ میں آگ لگنے کے بعد وہاں موجود 17 نوزائیدہ بچوں میں سے صرف 7 کو ہی بچاسکی۔ آگ پر اسپتال کے حکام اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کی مدد سے قابو پایا گیا۔

٭…اتوار 10؍ جنوری، پاکستان میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے بعد ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔کچھ گھنٹوں کے تعطل کے بعد بجلی کی سپلائی کو بحال کر دیا گیا۔

٭…برطانیہ ریگولیٹرز نے کورونا کے خلاف ایک اور ویکسین کو بھی لگانے کیلئے محفوظ قرار دے دیا ہے۔ امریکی کمپنی کی تیار کردہ موڈرنا ویکسین کو حتمی ٹرائل میں 94 فیصد مؤثر پایا گیا۔ برطانیہ نے موڈرنا ویکسین کی 7 ملین خوراکوں کا آرڈر دے دیا ہے جو مارچ تک دستیاب ہوں گی۔

٭…سماجی رابطے کی مشہور ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کی نئی پالیسی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا نہ صرف کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرے گا بلکہ اسے فیس بک کے ساتھ شیئر بھی کرے گا۔ صارفین کو نئی پالیسی قبول کرنے کے لیے آٹھ فروری تک کا وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ سروس کا استعمال جاری رکھ سکیں۔واٹس ایپ نے نئی پرائیویسی پالیسی میں کہا ہے کہ جب صارفین ان سے منسلک تھرڈ پارٹی کی خدمات یا فیس بک کمپنی کی دوسری پروڈکٹس پر انحصار کرتے ہیں، تو تھرڈ پارٹی وہ معلومات حاصل کر سکتی ہے، جو آپ یا دوسرے لوگ ان کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ وہ نئی پالیسی کے مطابق موبائل کی معلومات بھی حاصل کر رہا ہے جن میں بیٹری لیول، ایپ ورژن، موبائل نمبر، موبائل آپریٹر اور آئی پی ایڈریس سمیت دوسری معلومات شامل ہیں۔نئی پالیسی میں بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کیے بغیر وٹس ایپ صرف موبائل سے ڈیلیٹ کرتا ہے تو اس کی معلومات محفوظ رہیں گی۔واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کے بعد دنیا بھر کے صارفین متبادل پلیٹ فارمز کا رخ کر رہے ہیں۔ کئی روز سے ٹیلی گرام اور سگنل سمیت دیگر مسیجنگ اپیلی کیشنز کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

٭…سوشل میڈیا کمپنیوں نے واشنگٹن میں احتجاج کا دفاع کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے ہیں۔ان اکاؤنٹس میں ان کا ذاتی اور سرکاری ٹویٹراکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ اسنیپ چیٹ کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔ جبکہ فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے 2 مرتبہ فیس بک پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی۔ جس کے بعد فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ غیر معینہ مدت تک کے لیے بلاک کردیا۔

٭…سعودی عرب نے فروری اور مارچ کے لیے تیل کی پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ کمی کا اعلان کردیا۔ سعودی عرب کے اعلان کے بعد امریکا میں خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک بیرل 50 ڈالر کا ہوگیا۔

٭…برطانوی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے برطانوی شہریوں سمیت تمام مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ ٹیسٹ برطانیہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل کروانا ہوگا۔ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی نہ ہونے پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ ٹیسٹ کے بغیر برطانیہ پہنچنے والوں پر فوری 500 پاؤنڈز جرمانہ عائد کیا جائے گا۔فیصلے کااطلاق بحری اور بری راستوں سے برطانیہ آنے والوں پر بھی ہوگا۔

٭…انڈونیشیا کے حکام نے بالی دھماکوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ابوبکر بشیر کو رہا کردیا۔ جکارتہ سے عرب میڈیا کے مطابق 82 سالہ ابوبکر بشیر آچے دہشتگردی کیمپ چلانے کے الزام میں 15 سال سے قید کاٹ رہے تھے۔

٭…برطانوی حکومت نے اے لیول ۔ جی سی ایس ای اور اے ایس کے امتحانات لینے کے بجائے ٹیچرز اسیسمنٹ پر نتائج جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر تعلیم گیون ولیم سن نے کہا ہے کہ طلباء کی صلاحیتوں کو جانچنے کا بہترین طریقہ تو امتحانات ہی ہیں مگر وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اساتذہ کے جائزے پر اعتماد کرنا ہوگا۔

٭…امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی مقبول پےمنٹ ایپ Alipay سمیت آٹھ ایپلی کیشنز پر پابندی لگادی ہے۔ صدراتی ایگزیکٹو آرڈر کے بعد ان چینی ایپلی کیشنز سے پیسوں کی لین دین نہیں کی جاسکے گی۔ پابندی کی زَد میں آنے والی تمام چینی ایپس امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دی گئیں کیونکہ ان کے ذریعے صارفین کی ذاتی اور حساس معلومات کی چوری کا خطرہ تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button