افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے زیر ِاہتمام وسطی افریقہ کے ملک چاڈ میں کووِڈ 19 کے دوران دوسرا میڈیکل کیمپ

(خلیل احمد خان۔ مربی سلسلہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک چاڈ میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے توسط سے پندرہ دنوں کے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی ٹیم کا ملک چاڈ میں قیام مورخہ 11تا 25؍اکتوبررہا۔ یہ ٹیم مکرم ڈاکٹر وجاہت احمد وڑائچ صاحب کی قیادت میں مورخہ 11اکتوبر کو چاڈ پہنچی۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر عبیدہ رانا صاحب،ڈاکٹر ولید احمد سیٹھی صاحب،مکرم وقاص احمد صاحب اور مکرم مبارز ممتاز صاحب میڈیکل ٹیم میں شامل تھے۔

چار دن کے لیے مکرم اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی بھی تشریف لائے جو بعد میں ملک سنٹرل افریقہ دورے کے لیے چلے گئے۔ چھ افراد پر مشتمل ٹیم کو چاڈ میں خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ اس دوران چار میڈیکل کیمپس مختلف علاقوں میں لگائے گئے۔ سات سو کے قریب لوگوں کو چیک اپ کے بعد ادویات دی گئیں۔

پہلا پیس میکر آپریشن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعتِ احمدیہ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ملک چاڈ میں پہلا پیس میکر (pacemaker) آپریشن ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام ہوا۔ اس سے پہلے مریضوں کو بیرونِ ملک جانے کا کہہ دیا جاتا تھا۔ یہ آپریشن ڈاکٹر عبیدہ رانا صاحب نے کیا۔ آپریشن کے دن وزارتِ صحت اورمیڈیا کے لوگ بھی موجود تھے۔خاکسار اور ڈاکٹر عبیدہ رانا صاحب کا انٹرویو نیشنل ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کیا گیا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

جس شخص کا آپریشن کیا گیا اس کے بیٹے نے اپنے تاثرات کا اظہار یوں کیا:

’’میرے والد صاحب کو اس مرض کا پہلا اٹیک اپریل میں ہوا۔ ڈاکٹروں نے بیرونِ ملک جانے کا کہہ دیا۔ ایک کووڈ۔19 اور دوسری سب سے بڑی وجہ سفر کرنے کی رقم کا انتظام نہ ہونا تھا۔ اور دوسرا اٹیک والد صاحب کو ستمبر میں ہوا۔ ابھی اسی پریشانی میں تھے کہ والد صاحب کو کیسے بیرونِ ملک لے کر جائیں کہ ہسپتال سے فون آیا کہ ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم جرمنی سے آئی ہوئی ہے وہ آپ کے والد صاحب کا آپریشن کرنے کو تیار ہے۔ آپ لوگ انہیں ہسپتال لے آئیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے ہیومینٹی فرسٹ کے ذریعہ ہماری مدد کی۔ میں اسے فضل اور کرم سمجھتا ہوں جو خدا نے ہمیں عطا کیا ہے۔ ہمیں توقع نہیں تھی لیکن جب ہمیں آپ کا فون موصول ہوا اس نے ہمیں تسلی اور راحت بخشی۔‘‘

Cataract Surgery

ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے وزارتِ صحت چاڈ کے ساتھ مل کر 100آنکھوں کے آپریشنز کیے۔ اس حوالے سے ایک پروگرام رکھا گیا جس میں میڈیا کے لوگ بھی موجود تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مکرم چیئرمین صاحب ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کا انٹرویو ملک چاڈ کے ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کیا گیا۔ وزارتِ صحت کی طرف سے ہیومینٹی فرسٹ کے کاموں کو سراہا گیا۔الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے توسط سے پانچ نلکے پانچ گاؤں میں لگائے گئے جن سے تین ہزار لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کے قیام کے دوران وزارتِ صحت کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ نو بکرے بھی ذبح کیے گئے اور گوشت غریب لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح پچاس یتیم بچوں کو کھانا کھلایا گیا۔

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی خدمات قبول فرمائے اور اپنی بے شمار رحمتوں اور فضلوں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ:خلیل احمد خان۔ مربی سلسلہ، چاڈ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button