افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ کے ریجن گئیٹا (Geita) کی دوجماعتوں میں مساجد اور مشن ہاؤسز کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کو ہر لحظہ ترقی کی طرف قدم اٹھانے کی توفیق حاصل ہورہی ہے۔ ملک کے شمال مغرب میں واقع گئیٹا(Geita) ریجن کے اکثر لوگ عیسائیت یا دیگر مقامی مذاہب کے پیروکار ہیں۔

تقریباً 3سال قبل محترم امیر صاحب تنزانیہ کی طرف سے مکرم رمضان محمود صاحب (معلم سلسلہ) کا تقرر اس ریجن میں کیا گیا جن کے ذریعہ پہلی مرتبہ یہاں اسلام احمدیت کا تعارف اور نفوذ ہوا۔ اب خدا کے فضل سے گئیٹا ریجن میں کل 13جماعتیں قائم ہوچکی ہیں اور نومبائعین نہایت تیزی کے ساتھ نظامِ جماعت کے ساتھ تعلق میں بڑھ رہے ہیں۔ شہروں اور دیہاتوں میں تبلیغ کی وجہ سے ایک بڑی تعداد اسلام احمدیت کی آغوش میں آرہی ہے۔ اس موقع پر سب سے بڑی ذمہ داری ان نئے شاملین کو حقیقی اسلام کی تعلیم دینا اور اسلامی اخلاق و اطوار سے روشناس کروانا ہے۔ اس مقصد کے لیے تنزانیہ جماعت مبلغین اور معلمین کرام کی مدد سے حتی الوسع کوشش کررہی ہے۔ امسال اس ریجن کی دو جماعتوں میں مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

مکرم احتشام لطیف صاحب (ریجنل مبلغ) لکھتے ہیں:

Kabugozoجماعت میں مسجد بیت المجیب اور مشن ہاؤس کا افتتاح

گئیٹا شہر سے تقریباً 70کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع Kabugozo نامی گاؤں میں تقریباً 600نومبائعین آباد ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت کے لیے معلم سلسلہ کا تقرر بھی ہوا ہے لیکن ابھی تک نماز باجماعت کے لیے عارضی سینٹر پر انتظام کیا جاتا رہا تھا۔ عبادات بجالانے اور دیگر اجتماعی پروگراموں کے لیے باقاعدہ مسجد کی بہت زیادہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں اس سال مسجد تعمیر کی گئی جو کہ اس گاؤں میں کسی بھی اسلامی فرقہ کی پہلی مسجد ہے۔ گاؤں بھر میں احمدیوں کے حسنِ سلوک کی وجہ سے جماعت کی نیک نامی ہے۔ مسجد کی تعمیر میں نومبائعین مرد،خواتین اور بچوں نے وقارِ عمل کے ذریعہ بھرپور جذبہ سے حصہ لیا۔ اس مسجد میں تقریباً 250افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اس مسجد کا نام ’’مسجد بیت المجیب‘‘ عطا فرمایا ہے۔ اسی طرح معلم سلسلہ کی رہائش کے لیے مسجد کے قریب ہی مشن ہاؤس کی بھی تعمیر کی گئی ہے۔

مورخہ 12؍نومبر2020ءبروز جمعرات اس گاؤں کی خوبصورت نئی مسجد کا افتتاح امیر و مشنری انچارج مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب نے کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ مسجد بیت المجیب اس علاقہ کی زینت کو مزید بڑھا رہی ہے۔ اسی کے ساتھ مشن ہاؤس کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔ یہاں نمازِ ظہر ادا کرنے کے بعد افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ باقاعدہ تلاوت اور ناصرات الاحمدیہ کی طرف سے پیش کی جانے والی نظم سے اس تقریب کا آغاز کیا گیا۔ جس کے بعد علاقہ کی کونسلر اور عیسائی پادری نے جماعت کی طرف سے خدمات کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ مسجد علاقہ میں امن کی علامت کے طور پر ظاہر ہوگی۔ اس کے بعد محترم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں اسلام میں مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان فرمائی او ر اسی طرح غیر از جماعت احباب کے لیے جماعت احمدیہ کا تعارف بھی کروایا ۔ اس تقریب میں تقریباً 900احباب شامل ہوئے اور تمام شاملینِ تقریب کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

Mwenegezaجماعت میں مسجد سبحان و مشن ہاؤس کا افتتاح

مسجد بیت المجیب کے افتتاح کے فوراً بعد محترم امیر صاحب اپنے قافلہ کے ہمراہ Mwenegezaجماعت کی طرف روانہ ہوئے۔ یہ گاؤں گئیٹا شہر سے تقریبا ً 95کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔ یہاں پر تقریباً دوسال قبل اسلام احمدیت کا پودا لگا تھا اور اب نومبائعین کی بڑی جماعت عبادات، مالی قربانی اور نظام جماعت کے ساتھ وابستہ ہوکر ایما ن و اخلاص میں ترقی کررہے ہیں۔ تقریباً 550ممبران پر مشتمل جماعت کی مستقل تعلیم و تربیت کے لیے اس گاؤ ں میں بھی امسال مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر عمل میں آئی۔ چنانچہ اسی روز اس گاؤں میں بھی مسجد اور مشن ہاؤس کی افتتاحی تقریب کا پروگرام تھا۔ یہاں پہنچ کر محترم امیر صاحب نے مسجد اور مشن ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح کیا اور نماز عصر باجماعت ادا کی۔ نماز کے بعد افتتاحی تقریب کا پروگرام تھا۔ تشریف لائے ہوئے مہمانوں سے مسجد بھر گئی اور دیگر احباب کو باہر جگہ ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اس مسجد کا نام ’’مسجد سبحان‘‘ عطافرمایا ہے۔ جماعتی روایات کے مطابق مسجد کی تعمیر میں بڑوں اور بچوں نے وقارِ عمل کے ذریعہ حصہ لیا۔ اس مسجد میں تقریباً 250افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ محترم امیر صاحب نے خطاب میں مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کی۔ اس تقریب میں تقریباً 600احباب شامل ہوئے جن میں غیر از جماعت مہمانان بھی شامل تھے۔ ان دونوں افتتاحی تقاریب کے بعد یہ قافلہ موانزہ شہر واپس آیا جہاں اگلے روز جمعہ کی نماز محترم امیر صاحب نے پڑھائی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان دونوں جماعتوں میں مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر کو اپنے حضور قبول فرمائے اور نومبائعین کی یہ جماعتیں ایمان و اخلاص میں مزید ترقی حاصل کرتی چلی جائیں۔ آمین

(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button