افریقہ (رپورٹس)

نائیجر میں جماعتی وفد کی 12ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں شرکت

نائیجر میں مسلمانوں کی اکثریت سُنی فرقہ سے تعلق رکھتی ہے ۔کچھ ازالہ (وہابی) اور دیگر تجانیہ (بریلوی مسلک کے قریب تر) فرقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہر سال 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں ’مولود‘(میلاد) کے نام سے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں راتوں کو جاگ کر ذکر کرنا اور روزہ رکھنا و محافل نعت کا انعقاد کرنا شامل ہے۔ اسی نوعیت کے ایک پروگرام میں جماعت احمدیہ کے مبلغ کو دعوت دی گئی جسے قبول کیا گیا تا اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے جماعت کا پیغام نیز آنحضورؐ کے یومِ پیدائش کو صحیح اسلامی روایات کے مطابق منانے کا طریق پیش کیا جاسکے۔

چنانچہ مورخہ 4نومبر بروز بدھ بعد از نمازِ عشاء گڈاں رومجی کے علاقائی چیف صاحب نے مولود کا انعقاد کیا جس میں گڈاں رومجی ڈیپارٹمنٹ کے مبلغ مکرم اعزاز احمد صاحب جماعتی وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر میئر، پریفے آف گڈاں رومجی نیز اردگرد کے دیہاتوں کے اماموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس مناسبت سے مکرم مبلغ سلسلہ صاحب نے نہ صرف جماعت کا تعارف پیش کیا بلکہ قرآن، حدیث اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں آنحضورﷺ پر درود وسلام بھیجنے اور سارا سال سیرۃ النبیؐ کے جلسوں کے انعقاد کرتے رہنے کی اہمیت بیان کی اور بتایا کہ آنحضورؐ پر درود بھیج کر نیز آپؐ کی سیرت کے باربار مطالعہ اور اس پر عمل کرکے ہی ہم نبی کریمﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کر سکتے ہیں۔ اسی مناسبت سے مکرم مبلغ سلسلہ نے کچھ اہم حکومتی عہدیداروں اور اماموں کو آنحضورؐ کی سیرت پر مشتمل جماعتی کتاب ’’حیاتِ محمدﷺ ‘‘ کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا۔

اللہ کرے کہ اس پروگرام کے حاضرین اس بات کو سمجھتے ہوئے آنحضورﷺ کے عاشقِ صادق اور وقت کے امام کی جماعت میں شامل ہونے کی سعادت پاسکیں۔ آمین

(رپورٹ: کوثرجمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button