افریقہ (رپورٹس)

ہفتہ نمائش قرآن کریم و بک سٹال،آئیوری کوسٹ

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ، مغربی افریقہ کو مورخہ 25؍تا 31؍ستمبر2020ء ہفتہ نمائش برائے قرآن کریم و بک سٹال منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آئیوری کوسٹ کے تقریباً 16ریجنز میں دوران ہفتہ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کے آغاز سے قبل مختلف مقامات پر مقامی سرکاری ادارے سے نمائشی سٹالز کے اجازت نامے حاصل کیے گئے اور ان سب سٹالز کو جاذب نظر بنانے کے لیے مختلف قسم کے بینرز وغیرہ سے سجایا گیا۔ نیز جماعت کی قرآن کریم کے حوالے سے خدمات کا تذکرہ کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت مسیح موعودؑ کی تصاویر ‘‘Messiah est arrivé’’ یعنی مسیح آچکا ہے کے عنوان کے ساتھ سٹالز میں رکھی گئیں ۔

دوران ہفتہ آئیوری کوسٹ کے16ریجنز میں کل 96 نمائشوں کا انعقاد کیا گیا جہاں مختلف جماعتی تراجم رکھنے کے ساتھ ساتھ مختصراً جماعتی خدمات برائے قرآن کریم کا جائزہ بھی بینرز کے ذریعے پیش کیا گیا۔ ان نمائشوں میںقرآن کریم کےکل 102سادہ (عربی)، فرنچ و انگریزی ترجمے خریدےگئے۔ جبکہ قرآن کریم کی نمائش کے ساتھ ساتھ 96بک سٹالز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جہاں فرنچ،عربی و انگریزی زبان میں جماعتی لٹریچر رکھا گیا تھا، خصوصاً قاعدہ یسرنا القرآن،اسلامی نماز،صداقت حضرت مسیح موعودؑ، اسلامی اصول کی فلاسفی،حیاتِ محمدﷺ،کشتی نوح، رسالہ ریویو آف ریلیجنز،اسلام میں عورت کا مقام،مسیح ہندوستان میں نیز اسلام امن کا مذہب ۔ تقریباً 20مختلف موضوعات پر مشتمل کتب بڑی تعداد میںسٹالز کی رونق بڑھا رہی تھیں۔

ان قرآنی نمائشوں و بک سٹالز کو تقریباً 12500 افراد نے وزٹ کیا ۔ اس دوران 450 افراد نے باقاعدہ طور پر جماعت کا تعارف حاصل کیا۔ سٹالز پر آنے والے مسلمان احباب نے مختلف موضوعات مثلاً وفات مسیح،ختم نبوت، اسلام اور فلسفہ جہاد وغیرہ کے متعلق سوالات پوچھے جبکہ مسیحی احباب نے وفات مسیح کے موضوع پر خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ جبکہ اکثر لوگوں کو مزید تعارف کے لیے جماعتی رابطہ نمبرز بھی دیے گئے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

ان سٹالز کا ایک اہم حصہ راہگیروں میں مختلف موضوعات پر شائع شدہ فرنچ زبان کے جماعتی پمفلٹس تقسیم کرنا بھی تھا چنانچہ 12000 سے زائدپمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ نمائش و بک سٹالز کے اختتام پر بعض مقامات پر ان بک سٹالز کی خبر مختلف مقامی ریڈیو چینلز و اخبارت مثلاً Ivoire24، AIPپر بھی شائع ہوئی جس کے ذریعے تقریباً 25000 افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

تاثرات:فیرکے شہرسے تعلق رکھنے والے ایک کیتھولک عیسائی نے سٹال کا وزٹ کیا اور کہا کہ میں جماعت احمدیہ کو جانتا ہوں میری رائے میں یہ واحد اسلامی جماعت ہے جو کہ منظم جماعت ہے اور اسلام و انسانیت کی خدمت میں کوشاں ہے۔ اگر میں نے اسلام قبول کیا تو میں صرف جماعت احمدیہ کا انتخاب کروں گا۔

ایک پرائمری سکول کےپروفیسرباکایوکو صاحب نے کہا کہ میں نے آج تک ‘اسلامی اصول کی فلاسفی’ کے عنوان سے کوئی کتاب نہیں دیکھی اور اس کے ذریعے، اسلام کی حقیقی تعلیمات جو احمدیت پیش کرتی ہے اس کا قائل ہو گیا ہوں۔

ایک مقامی نرس کا کہنا تھا کہ دیگر لوگوں کے آپ کے خلاف منفی پراپیگنڈے کے باوجود میں جماعتی کتب خریدنا پسند کرتی ہوں کیونکہ یہ حقیقی اسلامی تعلیمات پر مشتمل ہیں۔

ان نمائشوں و سٹالز کو کامیاب بنانے کے لیے مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی نمائندگی میں تمام ریجنل مشنریز،لوکل مشنریز نیز کئی مقامی افراد نے بھی بھرپور مساعی کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان سب کو جزائے خیر سے نوازے نیز ان سٹالز و نمائشوں کے ذریعے جن تک پیغام حق پہنچا ہے انہیں بھی صحیح معنوں میں اسے سمجھنے اور قبول کرنے کی سعادت نصیب کرے اور جماعت آئیوری کوسٹ کی اس مساعی میں برکت عطا کرے ۔آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button