افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں عشرہ تحریک جدید

جماعت احمدیہ میں انفاق فی سبیل اللہ کے تعلق میں تحریک جدید کوا یک نمایاں مقام اور اہمیت حاصل ہے۔یہ تحریک اس مضبوط بیج کی حیثیت رکھتی ہے جس سے روز بروز نئےسے نئے پھل پیدا ہوتے جا رہے ہیں۔ تحریک جدید کی اسی اہمیت کو اجاگر کرنے اور زیادہ سے زیادہ احباب جماعت کو اس بابرکت الٰہی تحریک میں شامل کرنے کے لیے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ،مغربی افریقہ کی جانب سے ملک بھر میں 11تا 20ستمبر2020ء عشرہ تحریک جدید منانے کا اہتمام کیا گیا۔

مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے قبل از وقت تمام ریجنل مشنریز کوعشرہ تحریک جدید کامیاب بنانے کے متعلق ہدایات دیں ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ بعنوان’ تحریک جدید ‘کی بھی فرنچ و مقامی زبان جولا (Dioula)میں آڈیوز تمام ریجنز میں فراہم کی گئیں تا کہ مختلف مقامات کے لوکل معلمین کرام کو اپنے خطبات جمعہ تیار کرنے میں مدد مل سکے۔

اس عشرہ کے دوران آئیوری کوسٹ کے سبھی ریجنز کے مبلغین کرام نے اپنے اپنے ریجنز میں جماعتوں کے دورے کیے اور 18 جماعتی ریجنز کی کل 186 جماعتوں میں درس اورخطبات جمعہ کے پروگرامز کا انعقاد کیا گیاجس میں شاملین کو تحریک جدید کی اہمیت و مقاصد نیز موجودہ وقت میں تحریک جدید کے ذریعے ہونے والی ترقیات سے آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں انہیں چندہ تحریک جدید میں شمولیت اختیار کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ چنانچہ ان جماعتوں میں کل 153خطبات جمعہ (جو کہ فرنچ اور جولا زبان میں دیے گئے)اور کل 1643 دروس بعد از نمازفجر و مغرب کا اہتمام کیا گیا جن میں کل 13000 احباب جماعت (مردوخواتین)نے شمولیت اختیار کی۔

ان خطبات و دروس اوردورہ جات کی برکت سے الحمدللہ 169 جماعتوں کے کل 10700 افراد نے اس بابرکت تحریک میں دوران عشرہ چندہ جات کی ادائیگی کی۔ چنانچہ دوران عشرہ کل 11لاکھ 21ہزار 900 فرانک سیفا کی رقم بطور چندہ تحریک جدید اکٹھی ہوئی۔ا للہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ احباب جماعت کے مال و نفوس میں بے انتہا برکت عطا فرمائے اور انہیں حقیقی معنوں میں انفاق فی سبیل اللہ کی روح کو سمجھتے ہوئے مالی قربانی کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button