افریقہ (رپورٹس)

تربیتی کلاس خدام الاحمدیہ اَرُوشا ریجن تنزانیہ

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا :

’’قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہوسکتی‘‘۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ یکم اپریل 1938ءمطبوعہ اخبار الفضل 10؍اپریل 1938ء)

تنزانیہ کے شمالی علاقہ میں واقع اَروشا ریجن میں 7 جماعتیں قائم ہیں جن میں وقتاً فوقتاً مختلف نوعیت کے تربیتی اور تبلیغی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان پروگرامز کا شیڈول خاص طور پر طلباء کی سکول اور کالج کی تعطیلات کے دوران بنایا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ اَروشا ریجن میں 30؍اگست تا 5؍ستمبر اطفال و خدام کی ہفت روزہ ریجنل تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ تربیتی کلاس ماچامے (Machame) جماعت کی مسجد بیت الاحد میں منعقدد ہوئی جہاں پورے ریجن کی مختلف جماعتوں سے 35 خدام و اطفال نے شرکت کی۔ تربیتی کلاس کے عرصہ کے دوران ان کے قیام و طعام اور تعلیم و تدریس کا انتظام مسجد بیت الاحد کے احاطہ میں ہی کیا گیا تھا۔

اس تربیتی کلاس کا باقاعدہ آغاز نمازِ تہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر، درس قرآن، تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد تمام شاملین ناشتہ اور تیاری کے بعد افتتاحی تقریب کے لیے مسجد میں جمع ہوئے۔ تلاوت قرآنِ کریم ،کے بعد سواحیلی اور اردو میں نظمیں پڑھی گئیں۔ اس کلاس میں اطفال و خدام کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ کےلئے ایک معلم سلسلہ نگران تھے۔ کلاس کے نصاب میں عمر کے حساب سے یسرنا القرآن ،قرآنِ کریم ناظرہ، نماز سادہ، نماز باترجمہ، دینی معلومات، وضو کا طریق، اذان و اقامت اور دیگر دینی مسائل شامل تھے۔

ہر روز بعد از نمازِ عصر فٹ بال کے کھیل کا انتظام تھا جس میں شاملین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس کلاس کے انتظامات میں صدر جماعت ماچامے مکرم عیدی ادریس شُوما صاحب اور اُن کی عاملہ نے بھرپور تعاون کیا۔ اسی طرح کھانے پکانے کا تمام انتظام اس جماعت کی ممبرات لجنہ اماء اللہ نے اپنے سپرد لیا اور نہایت عمدہ طریق سے یہ خدمت انجام دی۔ فجزاھم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء۔

اس علاقہ ماچامے میں عیسائیوں کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی آباد ہیں۔ اس ماحول کے پیشِ نظر کلاس کا مقصد شاملین کو تربیتی اور اختلافی مسائل کے بارہ میں آگاہی دینا تھا۔ چنانچہ ریجن کےمعلمینِ کرام نے بہت محنت سے وفاتِ مسیح ؑاور اجرائے نبوت کے موضوعات پر لیکچر تیار کرکے شاملین کو ذہن نشین کروائے۔

اسی طرح جمعہ کے روز ایم ٹی اے افریقہ پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سواحیلی ترجمہ کے ساتھ براہِ راست سنا گیا۔

اس تربیتی کلاس کے آخری دنوں میں شاملین کے مابین تلاوتِ قرآنِ کریم، تقریر، دینی معلومات اور اذان کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے اور اختتامی تقریب پر حوصلہ افزائی کے طورپر انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس کلاس کا اختتام ایک مختصر تقریبِ دعا سے ہوا۔ خدام اور اطفال جو اس کلاس میں شامل ہوئے اپنے اندر جماعت سے وابستگی کا ایک نیا جذبہ دیکھ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیوے اور علم و عمل میں بڑھاتا چلاجاوے۔ آمین

(رپورٹ: شفیع محمد میمن ۔ ریجنل مبلغ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button