حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(14؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض:29,190,019

صحت یاب ہونے والے:21,032,026

وفات یافتگان:928,343

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی ریاست بحرین اور اسرائیل نے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ تیس دن کے اندر اندر دوسرے عرب ملک نے اسرائیل کے ساتھ پُرامن تعلقات قائم کیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ معاہدوں میں ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔ اس بارہ میں ایک باقاعدہ تقریب 15؍ ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔

٭…انسانی حقوق کی ایک تنظیم کے مطابق میانمار کے فوج اور ملک چھوڑ کر بھاگنے والے دو فوجیوں نے ایک ویڈیو میں اپنے جرم قبول کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے دئے گئے آرڈرز پر عمل کرتے ہوئے 2017ء میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔

٭…یورپین پارلیمنٹ نے میانمار کی سربراہ Aung San Suu Kyi کو Sakharov Prize Communityمیں شمولیت کا دیا گیا اعزاز واپس لے لیا ہے۔ موصوفہ نے خود قبول کیا ہے کہ ریاست کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم ہوئے ہیں۔

٭…افغانستان میں قیامِ امن اور مستقبل کے سیاسی لائحۂ عمل کے لیے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہفتہ 12؍ ستمبر سے ہوگیا ہے۔ مذاکرات کی تقریب کے آغاز سے امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو، طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ کے نائب ملا عبدالغنی برادر اور افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبداللہ سمیت کئی شخصیات نے خطاب کیا۔

٭…واشنگٹن: اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا اور فرانس کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی کی مخالفت کی ہے تاہم امریکہ چاہتا ہے کہ ان کی رہائی ہو۔ امریکہ کاکہنا ہے کہ ہر کوئی ان قیدیوں کی رہائی سے ناخوش ہے لیکن ہمیں اپنے ذہنوں میں ایک بڑی تصویر کو لانا ہوگا۔ امریکی مذاکرات کار زلمے خلیل زاد کاکہنا ہے کہ مذاکرات شروع ہوجائیں تو افغانستان کبھی ہمارے لیے خطرہ نہیں بن پائے گا۔

٭…عراق : سامرا میں عراقی فوج کی الفرحاتیہ کے علاقے میں کارروائی میں داعش کے 4کمانڈروں کو سکیورٹی آپریشن کے دوران ہلاک کرد یاگیا۔ مارے جانیوالے داعشی دہشت گردوں میں سے دو نے بارودی جیکٹس پہن رکھی تھیں۔

٭…بھارت اور چین نےجمعہ 11؍ ستمبر کو ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ان کی افواج ہمالین سرحد پر لداخ کے قریب جلد ہی ایک دوسرے سے کشیدگی ختم کردیں گی اور ایک دوسرے کے سامنے سے ہٹ جائیں گی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور بھارتی وزیر خارجہ سوبرمانیم جے شنکر نے شنگھائی رابطہ تنظیم کی میٹنگ کے موقع پر ماسکو میں ایک دوسرے سے ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ کا اس بات پر اتفاق تھاکہ سرحدی کشیدگی کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں ہے۔ خیر سگالی کے طور پرچین نے بھارت کے پانچ باشندوں کو رہا کیا ہے جو اس ماہ کے آغاز پر تبت کی سرحد کے پاس پکڑے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ پانچ بھارت کے انٹیلی جنس افسر تھے جو وہاں شکاریوں کے بھیس میں گئے ہوئے تھے۔

٭…9/11 کے واقعہ کے 19 سال پورے ہونے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ Pennsylvania میں جہاز گرنے کی جگہ پر ایک یادگاری تقریب میں شامل ہوئے۔ انہوں نے جہاز کے حادثہ میں ہلاک ہونے والوں اور اس حملہ میں مارے جانے والے دیگر افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

٭…جرمنی نے کہا ہے کہ یونان کے موریا کیمپ سے جان بچا کر بھاگنے والے بغیر سرپرست کے 400 بچوں کو یورپی یونین کے دس ممالک نے قبول کرنے پر حامی بھری ہے۔

٭…ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں سونے کی ایک کان کے دب جانے سے 50؍ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ حادثہ جمعہ 11؍ ستمبر کے روز پیش آیا۔

٭…پاکستان میں حالیہ چند دنوں میں بچوں، بچیوں اور خواتین سے زیادتی کے افسوسناک واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔ چند روز میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، کراچی اور دیگر شہروں میں واقعات رپورٹ ہوئے۔ لاہورسیالکوٹ موٹروے پر بچوں کے سامنے خاتون سے زیادتی اور ڈکیتی کی واردات پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلی نکالی گئیں۔ عوام اور سیاسی افرادکی جانب سے پولیس پر سخت دباؤ ہے۔ پنجاب پولیس ریکارڈ مدت میں ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوئی تاہم واقعہ میں نامزد مرکزی ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ حکومت نے ملزمان کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو 25-25 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

٭…پاکستان میں قومی احتساب بیورو نے محکمہ ایکسائز کے ایک سولہ گریڈ کے سابق افسر کے گھر چھاپہ مار کر 33 کروڑ روپے کیش اور پرائز بانڈز کی شکل میں برآمد کیے ہیں۔

٭…عالمی فضائی ٹرانسپورٹ کی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دنیا کی 7.8؍ بلین آبادی کو کورونا وائرس کی ویکسین کی ایک خوراک پہنچانے کے لیے 8,000 بوئنگ 747 کارگو ایئر کرافٹ استعمال کرنے پڑیں گے اور اس کے لیے ابھی سے پلاننگ کرنا ہوگی۔

٭…ایران میں 10؍ستمبر سے سالانہ تین روزہ جنگی مشقوں کا آغاز Strait of Hormuzکے قریب ہوا ہے۔ بری، بحری اور فضائی افواج ان مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

٭…یونان نے ترکی کے سروے کرنے والے جہاز کے مشرقی بحیرۂ روم سے واپس ترکی کے پانیوں میں چلے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

٭…امریکہ کی مغربی ساحلی ریاستوں میں لگنے والی آگوں سے ایک ماہ میں اب تک دو درجن سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

٭…AtraZenecaنے ہفتے کے روز یہ اعلان کیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کی جانے والی ویکسین کے ٹرائلز روکے جانے کے بعد دوبارہ شروع کیے جارہے ہیں اور اسے محفوظ خیال کیا جا رہا ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت نے بچوں میں کورونا سے متعلق احتیاط کی ہدایات جاری کرتے ہوئے بچوں میں ماسک کے استعمال سےمتعلق درجہ بندی کی ہے جس میں 5 سال سےکم عمر، 6 سے 12 سال اور 12 سے زائد عمر کے بچے شامل ہیں۔ 5 سال سےکم عمر کے بچوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں، ضروری ہو تو والدین 5 سال سےکم عمر کے بچوں کو ماسک پہننے میں مدد کریں۔ سکول یا گھر سے باہر جاتے وقت 6سے 12 سال کی عمر کے بچے ماسک پہنیں، کورونا سے متعلق 12 سال سے زائد کے بچے بڑوں کی طرح احتیاط اختیار کریں۔

٭…ڈبلیو ایچ او کا مزید یہ کہنا ہےکہ بچوں کو کھیل کے میدان میں کھیلتے ہوئے ماسک نہیں پہننا چاہیے، بچوں کے لیے کھیل کی سرگرمیوں میں کورونا گائیڈ لائن کا خیال رکھا جائے جب کہ سکول میں بچوں کے لیے کھیل کے دوران ایک میٹرکا فاصلہ رکھا جائے، سکولوں میں ساتھ کھیلنے والے بچوں کی تعداد میں کمی کی جائے۔ بچوں کو ہاتھ صاف رکھنےکی سہولت اور اس کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔

٭…اتوار 13؍ ستمبر کے روز دنیا میں کورونا وائرس کے انفیکشن میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق تین لاکھ سات ہزار سے زائد افراد میں کورونا مثبت آیا۔ سب سے زیادہ تعداد بھارت میں رپورٹ کی گئی جہاں ایک دن میں 93,215 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب یونان، فرانس، ہنگری، چیک ریپبلک، یوکرائن اور فلسطین میں بھی یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

٭…برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کی وجہ سے ایک شخص سے دوسرے کو وائرس منتقل ہونے کی شرح 1 سے تجاوز کرگئی ہے۔ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت ایک بار پھر سے احتیاطی پابندیاں عائد کررہی ہے۔

٭…اسرائیلی وزیر اعظم نے اسرائیل میں تین ہفتے کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اسرائیل میں ہر روز چار ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیس سامنے آنے پر کیا گیا۔ اس لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعے سے ہو گا۔

معیشت وکاروبار: آن لائن ٹیکسی سروس اوبرنے 2040ء تک اپنی تمام گاڑیاں متبادل انرجی یعنی بجلی سے چلنے پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

٭…امریکہ کے مالی ادارے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کیے گئے حکومتی اقدامات کی وجہ سے اس مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں امریکی بجٹ کا خسارہ انتہائی بلند سطح 3ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

فٹ بال: 12؍ ستمبر کو انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں Liverpool نے Leeds کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ محمد صالح نے لیورپول کی طرف سے تین گول سکور کیے۔

کرکٹ: آسڑیلیا اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50؍ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر294؍ رنز بنائے۔Glenn Maxwell ستتر (77)رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 275 رنز بنا سکی۔ Sam Billings کے 118 رنز بھی انگلینڈ کے کسی کام نہ آئے۔ Josh Hazlewood کو بہترین باؤلنگ پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹینس: جاپان کی Naomi Osaka نے یو ایس اوپن کے فائنل میں بیلاروس کی Victoria Azarenka کو ہرا کر اپنا تیسرا Grandslamجیت لیا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button