حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(10؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض:28,044,161

صحت یاب ہونے والے:20,114,318

وفات یافتگان:908,292

٭… ہومیوپیتھک ڈیپارٹمنٹ لندن کی طرف سے موصولہ اطلاع کے مطابق حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت سکول جانے والے بچوں اور ان کے گھر والوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی دوائیں تجویز فرمائی ہیں۔ یہ نسخے احباب کی سہولت کے لیے اسی صفحے پر درج کر دیے گئے ہیں۔

٭…مکہ مکرمہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں 5ستمبر کو موسلادھار بارش ہوئی، تیز ہواؤں کے ساتھ برسات سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔مسجد الحرام میں بیت اللہ شریف پر برسنے والی بارش نے خوب صورت مناظر دکھائے۔مکہ مکرمہ شہر میں رات بھر بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق جمہوریہ کوسووو اور اسرائیل نے باہمی سفارتی تعلقات استوار کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ٹرمپ نے کوسو واور سربیائی حکام کی موجودگی میں یہ اعلان بھی کیا کہ سربیا اور کوسوو معاشی تعلقات استوار کرنے پر بھی راضی ہوگئے ہیں۔

٭…روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کی۔ انہوں نے اجلاس میں شامل وزرائے خارجہ کو ماسکو آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس فورم پر اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

٭…روس کے اپوزیشن لیڈر صحت میں بہتری کے بعد کوما سے باہر آ گئے اور وینٹی لیٹر بھی ہٹا لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 44 سالہ الیکسی ناوالنی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے بڑے ناقد سمجھے جاتے ہیں اور 20؍اگست کو کام کے سلسلے میں اومسک کے سفر کے بعد سائبیریا سے ماسکو واپس جارہے تھے کہ ان کی بیماری کے سبب طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ انہیں ممکنہ طور پر چائے میں زہر دیا گیا۔

٭…پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 235ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہوئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اپنے خطاب میں خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں جنگی تیاریاں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر کی جانب سے جاری ففتھ جنریشن وار فیئر اور ہائبرڈ ہتھکنڈوں کو ناکام بناناہو گا۔

٭…کابل کے علاقے تیمانی میں نائب صدر امر اللہ صالح دہشت گرد حملے میں محفوظ رہے جبکہ 2 افراد ہلاک اور محافظوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

نائب صدر کو اس وقت نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جب وہ دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تھے۔ حملہ اس قدر شدید تھا کہ اردگرد کی دکانیں اور سڑک پر کھڑی گاڑیاں تک تباہ ہو گئیں۔

٭…روہنگیا سے تین سو کے قریب مسلمان پناہ گزین چھ ماہ سمندری سفر کرکے انڈونیشیا پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مچھیروں نے سماٹرا کے شمالی ساحل سے کئی میل کی مسافت سے ایک لکڑی کی کشتی کو دیکھا جو ان پناہ گزینوں کو روہنگیا سے لے کر آ رہی تھی۔ پولیس کے مطابق اس کشتی میں 297؍افراد سوار تھے جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔

جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار (برما) میں روہنگیا مسلمان گذشتہ کئی برس سے ظلم اور استبداد سے تنگ آ کر ملک چھوڑ کر دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔

٭…میانمار سے فرار ہونے والے دونوں فوجیوں کو ہالینڈ کے شہر ہیگ میں پہنچا دیا گیا ہے۔ ان دونوں نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری سرپرستی میں قتل عام کیا،انہوں نے اجتماعی قبریں بنانے کا بھی انکشاف کیا۔ امریکی اخبار کے مطابق انہیں عالمی عدالت انصاف میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

٭… یونان اپنی فوج کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ لیس کرے گا۔ یونان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا ترکی کی جانب سے روز بروز بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یونان کے خلاف بیان بازی کی وجہ سے کرے گا۔

٭… آکسفورڈ یونیورسٹی اور Astra Zenecaکی جانب سے تیار کی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کے حتمی ٹرائل کو اس وقت روکنا پڑا جب ایک رضاکار شخص میں اس کا متضاد ردعمل شروع ہوا۔ اس بیماری یا ردعمل کی ابھی کوئی حتمی وجہ نہیں بتائی گئی۔

٭…برطانیہ میں 30؍افراد کے اجتماع کو 6؍افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو پھیلنےسے روکنے کے لئے ہمیں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اس لئے سماجی رابطوں اور افراد کے یکجا ہونے سے متعلق اصولوں کو آسان اور مضبوط بنا رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق خلاف ورزی پر کم سے کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 3 ہزار 200 پاؤنڈ تک جرمانہ ہوگا۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے 15؍اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے اور کہا ہے کہ اگر یورپی یونین رواں سال کے اختتام تک تجارتی مذاکرات کو طول دینے سے متعلق غور کر رہا ہے تو اس معاملے کو طول دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور 15؍اکتوبر کے بعد انہیں نہیں لگتا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ ہو گا۔ فریقین کے درمیان مستقبل کے تعلقات سے متعلق بات چیت کا وقت دسمبر میں ختم ہو رہا ہے۔

٭… پاکستان میں 8؍ستمبر بروز منگل ایک عیسائی شہری، 37؍ سالہ آصف پرویز کو توہین مذہب پر سزائے موت سنا دی گئی۔ آصف شہزاد پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے سپروائزر کو ایک توہین آمیز ٹیکسٹ میسج بھیجا تھا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ سپروائزر اسے اسلام میں شامل کرنا چاہتا تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں توہینِ مذہب کے قوانین کو کئی مرتبہ ذاتی رنجشوں میں بدلہ لینے کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔

٭…سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جدہ میں الحرازات دہشتگرد گروہ میں شامل افراد سے پوچھ گچھ کے دوران ان سزایافتہ دہشت گردوں کی جانب سے امامِ کعبہ کے قتل کی بھی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ 46 افراد پر مشتمل وہ گروہ ہے جس نے مسجد نبوی پر حملہ کیا تھا جن میں سے 32 سعودی اور 14 غیرملکی ہیں۔ غیرملکیوں کا تعلق پاکستان، یمن، افغانستان، مصر، اردن اور سوڈان سے بتایا جاتا ہے۔

٭چین اور بھارت میں لداخ کا محاذ پھر گرم ہو گیا۔ ترجمان چینی فوج نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے ایک بار پھر ایل اے سی غیر قانونی طور پر عبور کرتے ہوئے جھیل پینگ گانگ کے علاقے میں سرحد پر گشت کرنے والے چینی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے۔چینی فوج نے صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے جوابی کارروائی کی، ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت صورتحال کو پیچیدہ نہ بنائے۔

٭… بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی اور ایران، چین کی بڑھتی نزدیکیوں کے درمیان بھارت اور ایران کے وزرائے دفاع کی ملاقات ہوئی۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تہران میں ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حتامی سے ملاقات کی، اس کے بعد انہوں نے اتوار کو ٹویٹ کیا کہ ایرانی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات بہت کامیاب رہی۔ ہم نے افغانستان سمیت خطے کی سکیورٹی کے کئی مسئلوں پر دو طرفہ تعاون کے بارے میں بات کی۔

٭… بھارت کے سیکرٹری خارجہ ہرش وی شرنگلا نے بنگلہ دیش کے ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر کورونا کی وبا کے خلاف جنگ، ویکسین اور کورونا کے بعد معیشت بحالی سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

٭…ناروے کے رکن پارلیمنٹ کرسچن ٹیبرنگ یدا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کا معاہدہ کروانے پر اگلے برس کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا۔ ناروے کے ان ہی رکن پارلیمنٹ نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات کی کوششوں پر 2019ء میں بھی ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔ جبکہ رواں سال جنوری میں ٹرمپ نے خود کو بھی نوبیل انعام کا حقدار ٹھہرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ایک ملک کو بڑی جنگ سے بچایا ہے، اس لئے نوبل انعام کا حقیقی حقدارمیں ہوں‘۔ یاد رہے کہ نوبیل انعام کی نامزدگیوں کے لیے آخری تاریخ 31؍جنوری 2021ء ہے اور امن انعام کا اعلان 9؍اکتوبر 2021ء کو کیا جائے گا۔

٭…پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے مقام زیارت میں مشہورسنگ مرمر کی کان کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 7 تاحال لاپتہ ہیں 11 مزدور زخمی ہوئے۔

٭… یونان کے جزیرے لسبوس پر تارکین وطن کا کیمپ آگ لگنے کے بعد تباہ ہوگیا۔ ہزاروں تارکین وطن کو وہاں سے افراتفری میں نکلنا پڑا۔ حکام کے مطابق ساڑھے 12 ہزار تارکین وطن موئرہ کیمپ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مقیم تھے۔ پولیس ایک ہائی وے پر جان بچا کر آنے والے 12 ہزار سے زائد تارکین وطن کی نگرانی کر رہی ہےکیونکہ ان کیپمس میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

٭…امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے فوجیوں میں کمی کرتے ہوئے اس تعداد کو 5,200 سے 3,000کررہا ہے۔

٭…کیلیفورنیا کے جنگلات میں چند روز سے لگی آگ نے 22 ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث 2 افراد شدید زخمی اور 10 کو معمولی زخم آئے۔ سینٹ برناڈینو کے نزدیک لگی آگ نے شہر کا درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچا دیا۔ کیلیفورنیا میں 15؍اگست سے اب تک جنگلات میں 900 مقامات پر لگنے والی آگ سے 15 لاکھ ایکڑ کا رقبہ جل کر راکھ ہو چکا ہے جبکہ 3 ہزار 300 مکانات کو نقصان پہنچا۔ آگ سے مختلف حادثات میں 8؍افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

٭…آئندہ اتوار کی صبح چاند اور مریخ کے ملاپ کا منفرد فلکیاتی نظارہ موریطانیہ، مراکش ، سعودیہ عرب اور دوسرے ملکوں کے علاوہ جنوب وسطی امریکا میں بھی دیکھا جاسکے گا۔ یہ منظر چاند اور مریخ کے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے اور چاند کی وجہ سے مریخ کے چھپ جانے کی شکل میں ہو گا۔

٭…قطر میں طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر اور طالبان مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عبدالحکیم حقانی نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی، ملاقات میں قطر کے نائب وزیراعظم بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز سے متعلق بات ہوئی۔

٭…انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ‏( آئی اے ای اے‏) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ سعودی عرب جوہری توانائی کے حصول کا منصوبہ بنارہا ہے اور اس حوالے سے تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب اس سے قبل متعدد مرتبہ ایٹمی توانائی حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر جوہری توانائی کے حصول کے خواہش مند ممالک کو اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ جوہری توانائی کا پروگرام محض پرامن مقاصد کے لیے ہو اور اسے ایٹم بم بنانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

٭…پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو 15؍ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے سکولز کی نویں دسویں جماعت، ہائر ایجوکیشن ادارے، کالجز اور جامعات کھولنے کی اجازت ہو گی۔ پھر مرحلہ وار جائزہ کے بعد سکولز کو اجازت دی جائےگی۔نیز تعلیمی اداروں میں ایس او پیز جاری ہوں گے۔

٭… متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کو دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دوحہ، کیوبک، تائی پے اور میونخ کا نمبر آتا ہے۔ ایک اور سروے کے مطابق پاکستانی برہمی، یا غصے میں رہنے والے ملکوں کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔

٭…سویڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کووڈ 19 محض ہیپی برتھ ڈے(happy birthday) گانے سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے۔

٭… جاپان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین حاصل کرنے کے لئے ایمرجنسی ریزرو سے6.3؍ بلین ڈالر خرچ کرے گا۔

٭… سپین مغربی یورپ کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

٭… جنوبی افریقہ اور براعظم افریقہ میں کووڈ 19 کے نئے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے کمی سے ماہرین ایک حیران کن مفروضے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اور افریقہ میں کم پھیلاؤ کو ایک معمہ قرار دے رہے ہیں۔

بعض ماہرین اس سوال میں الجھے ہیں کہ کیا غربت اور گنجان بستیوں کا افریقہ میں کورونا کی وبا کے کم پھیلاؤ اور کم اموات سے کوئی تعلق بنتا ہے؟

معیشت وکاروبار: سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی افریقہ کی معیشت سال کے دوسرے ربع میں کورونا وائرس کی وباء اور اس کی وجہ سے کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں 51 فیصد کمی کا شکار ہوئی ہے۔

٭… عالمی مالیاتی اداروں کی کارکردگی پر تحقیق کرنے والے امریکی ادارے ’مارکیٹ کرنٹس ویلتھ نیٹ ‘کی جانب سے دنیا کی سٹاک مارکیٹوں کے تازہ جائزے کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایشیا میں ’سب سے بہترین کارکردگی‘ کا مظاہرہ کرنے پر ’بیسٹ پرفارمنگ مارکیٹ ‘ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں 38 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایشیا میں چین کی سٹاک مارکیٹ نے بھی اچھا پرفارم کیا جس میں 27 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فٹ بال:نیشنز لیگ کے میچ میں جب پرتگال کے Cristiano Ronaldoنے گول سکور کیا تو وہ انٹرنیشنل میچوں کی تاریخ میں 100؍گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ایران کے علی دائی109؍ انٹرنیشنل گولوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

کرکٹ: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین 8؍ستمبر ، منگل کے روز ہونے والے تیسرے ٹی ٹونٹی میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20؍ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 145؍رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ Mitch Marshکو مین آف دی میچ اور Jos Buttlerکو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز ایک کے مقابلے میں دو میچ جیت کراپنے نام کرلی۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔

جاپان کے اولمپک منسٹر Seiko Hashimoto نے کہا ہے کہ ری شیڈول کی گئی ٹوکیو اولپمکس ہر حال میں 2021ء میں منعقد کی جائیں۔ سوموار کے روز انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ کورونا ہو یا نہ ہو اولمپکس منعقد کی جائیں گی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button