حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(7؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض:27,306,476

صحت یاب ہونے والے:19,381,895

وفات یافتگان:887,681

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان رپورٹس پر شدید ردعمل اور تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس میں انہوں نے دورانِ جنگ مرنے والے امریکی فوجیوں کو ہارے ہوئے اور احمق کہہ کر ان کا مذاق اڑایا ہے۔ صدر اور ان کے حامیوں کی جانب سے ان رپورٹس کی تردید کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق 2018ء میں ٹرمپ نے پیرس میں ایک امریکی فوجی قبرستان کا دورہ منسوخ کردیا اور کہا کہ یہ ہارنے والوں سے بھرا ہوا ہے۔

٭… برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک 27 سالہ شخص کو سٹی سنٹر میں چار مختلف مقامات پرچاقو کے حملے سے ایک شخص کو ہلاک اور سات کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

٭…مقامی انتظامیہ کے مطابق وسطی صومالیہ میں الشباب کے دہشت گردوں اور دیہاتیوں میں ہونے والی لڑائی میں قریباً 30؍لوگ ہلاک ہوئے ہیں جن میں 16 دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

٭…امریکی محکمہ دفاع نے چین میں ’فوجی اور سلامتی ترقی‘ کے بارے میں کانگریس کو پیش کردہ 2020ء کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چین کے پاکستان میں گہرے اسٹریٹجک مفادات ہیں جو دونوں ممالک کو ممکنہ مسائل کے باوجود دوطرفہ آمادگی پر یکجا کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں بیجنگ ’’دوطرفہ اور کثیر جہتی‘‘ تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔ اور جہاں چین نے ’’ممکنہ طور پر فوجی رسد کی سہولیات کے لیے جگہوں پر غور کیا ہے‘‘۔ دوسری جانب چین اور پاکستان نے مفروضوں پر مبنی رپورٹ کو مسترد کردیا۔

٭… یو اے ای نے 3 ماہ میں اپنا سفارتخانہ اسرائیل میں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سفارتخانہ حیفہ یا نزارتھ میں کھولا جائے گا۔ اسرائیل بھی اگلے چند روز میں اپنا سفارتخانہ یو اے ای میں قائم کرے گا۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ایسا دعویٰ بھی کیا ہے کہ اسرائیل متحدہ عرب امارات میں فوجی اڈا بھی تعمیر کرسکتا ہے۔

٭…سعودی عرب کے بعد ایک اَور عرب ریاست، بحرین نے بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) آنے والی اسرائیلی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

٭… اقوامِ متحدہ کی نیوکلیئر ایجنسی IAEAنے کہا ہے کہ ایران کے پاس معاہدے سے دس گنا زیادہ افزود کی گئی یورینیم موجود ہے۔ جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کے نیوکلیئر پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہیں۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس ابھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ روس کے حزبِ اختلاف کے لیڈر Alexey Navalnyکو زہردیا گیا ہے، لیکن وہ ا س معاملے کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

٭… ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یونان کو کہا ہے کہ وہ مشرقی بحیرۂ روم کے معاملے میں مذاکرات کے لیے آمادہ ہو یا نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائے۔ گزشتہ کئی دنوں سے دونوں نیٹو ممالک مشرقی بحیرۂ روم کی حدود کے بارے میں تنازعے کا شکار ہیں جہاں ترکی اس وقت انرجی کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

٭… چین اور بھارت کی وزرائے دفاع کی میٹنگ کے بعد ہفتہ 5؍ستمبر کو مشترکہ طور پر یہ اعلان کیا گیا ہے کہ وہ ہمالیہ میں متازعہ سرحد پر کشیدگی کم کریں گے۔

٭… افغانی طالبان کا ایک وفد ایک بار پھر افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے ہفتہ 5؍ستمبر کو دوحہ پہنچ گیا۔ یہ مذاکرات امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والی ایک ڈیل کے نتیجہ میں ہورہے ہیں جس میں دونوں افغان فریق اس نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے کہ جنگ کے بعد کا افغانستان کیسا ہو گا۔

٭… کیلی فورنیا میں پولیس کی فائرنگ سے ایک اَور سیاہ فام شخص ہلاکت کے بعد امریکہ بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ لاس اینجلس پولیس کے مطابق سائیکل سوار 29سالہ ڈیجون کیزی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا گیا تھا اور تلاشی کے دوران ان کے پاس بندوق ملی تھی جو اس نے بحث و تکرار کے دوران پھینک کر پیدل فرار ہونے کی کوشش کی۔ نیو یارک اسٹیٹ کے شہر روچیسٹر کے میئر لولی وارن نے اس مبينہ پولیس تشدد کیس کے بعد 7پولیس افسران کو معطل کرنے کا اعلان کیاہے۔

٭…معروف فرانسیسی میگزین (Valeurs Actuelles) نے اپنے مضمون میں سیاہ فام خاتون رکن پارلیمنٹ کو غلام کے طور پر پیش کرنے پر معذرت کرلی۔ فرانسیسی میگزین نے حال ہی میں اپنے ایک سیاسی تاریخ کے مضمون میں سیاہ فام خاتون کا ایک اسکیچ شائع کیا تھا، جس میں خاتون کے گلے میں زنجیریں بھی دکھائی گئی تھیں۔ مذکورہ اقدام پر فرانسیسی صدر، وزیر اعظم اور یہاں تک کہ کچھ قدامت پسند سیاست دانوں نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میگزین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

٭…وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کراچی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے 11 سو ارب روپے کے پیکجکا اعلان کردیا جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں تعاون کریں گی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں واٹر سپلائی منصوبوں ، سیوریج ٹریٹمنٹ، آفس سولڈ ویسٹ مییجمنٹ، سڑکوں کی بحالی اورنئی سٹرکوں کی تعمیر ، ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لئے فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔کراچی کے خصوصی دورے کے موقع پر کراچی کے لیے خصوصی اجلاس کی صدارت کے بعد وزیراعظم نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کی۔

٭… لبنان میں ایک ماہ قبل ہونے والے دھماکے کے بعد شروع کی جانے والی امدادی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔

٭… جنوب مغربی جاپان میں واقع امامی اوشیما جزیرے کے مغرب سے 6 ہزار مویشیوں کو لے جانے والا بحری جہاز بحیرہ شرقی چین میں میساک نامی سمندری طوفان کے باعث ڈوب گیا، جس کے نتیجے عملے کے 40سے زائد افراد لاپتا ہوگئے۔امدادی کاموں میں 3کشتیاں، 4 جہاز اور 2 غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں۔ 43؍افراد پر مشتمل عملے میں 39کا تعلق فلپائن، 2 کا نیوزی لینڈ اور دیگر 2 کا آسٹریلیا سے تھا۔

٭… قطب شمالی کے جنگلات سے گھرے علاقے میں لگی آگ نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور وہاں سے اٹھنے والے گہرے دھوئیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار ریکارڈ شدہ ڈیٹا کے مطابق اب تک سب سے زیادہ ہے۔ فضائی کرہ پر نظر رکھنے والے ادارے سی اے ایم ایس نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جس علاقے میں آگ بھڑک رہی ہے اس کا رقبہ کینیڈا کے رقبے کے ایک تہائی کے مساوی ہے۔

٭…بنگلہ دیش میں دارالحکومت ڈھاکہ کے پاس جمعہ 4؍ستمبر کی رات ایک مسجد کے قریب گیس کی پائپ لائن پھٹنے سے آگ لگنے کے حادثہ میں 24؍نمازی جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

٭… ہالینڈ میں مقیم نان پرافٹ گروہ برائے اینالائزنگ اینڈ میژرنگ ایٹیٹیوڈز ان ایران (گمان) نے ایک سروے میں 50 ہزار ایرانیوں سے مختلف سوالات کئے جن میں سے 90 فیصد ایران میں رہتے ہیں۔ نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جن کا سروے کیا گیا ان میں سے 1.5 فیصد نے اپنی شناخت عیسائی کے طور پر کروائی۔ اس تعداد سے معلوم ہوتا ہے کہ ایران میں شاید لاکھوں مسیحی موجود ہیں اور ایرانی شہریوں میں عیسائیت مقبول ہورہی ہے۔ یاد رہے کہ برسوں سے مشن گروپس ایران میں عیسائیت کی تیزی سے ترویج کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں۔

٭… طبی جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی کی کمی کے شکاار فراد میں کووڈ 19 کی تشخیص کا خطرہ ایسے افراد کے مقابلے میں 1.77 گنا زیادہ ہوتا ہے جن کے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح مناسب ہوتی ہے، یہ فرق کافی نمایاں ہے۔ تحقیق میں 489؍ایسے مریضوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں وٹامن ڈی کی سطح کی جانچ پڑتال کورونا وائرس کے ٹیسٹ سے کچھ ماہ پہلے ہوئی تھی۔ جن افراد میں وٹامن ڈی کی کمی کو دریافت کیا گیا ان میں کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کا امکان بھی زیادہ دیکھا گیا۔

٭…بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 90,632؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ ایک دن میں کسی بھی ملک میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

٭… نیوزی لینڈ میں جمعہ 4؍ستمبر کے روز تین ماہ بعد کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے ایک بار کورونا وائرس کو اپنے ملک سے مکمل ختم کردیا تھا۔

٭… عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری ہوجائے گی افریقہ کو اس کی 220؍ملین خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔

معیشت وکاروبار: فضائی کمپنی Virgin Atlantic کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عملہ میں مزید 1,150 افراد کو فارغ کررہے ہیں۔ کمپنی اس سے پہلے 3,500ملازمین کو فارغ کرچکی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے اپنی بقا کے لیے ملازمین کو فارغ کرنا پڑ رہا ہے۔

٭… معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں سال 7کروڑ 50 لاکھ فائیو جی آئی فون، گھڑیوں کے نئے ماڈل، آئی پیڈ ایئر اور ہوم پوڈ کے نئے ماڈل متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ اس جدید فون کے تیار کیے جانے والے یونٹس کی تعداد 2020ء تک 8کروڑ سے تجاوز کرجائے گی۔

کرکٹ: 4؍ ستمبر کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا پہلا ٹی ٹونٹی انگلینڈ نے دو رنز سے جیت لیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20؍ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ جواب میں آسڑیلیا کی ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔

٭…06؍ ستمبر کو ان دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے مقررہ ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر بآسانی پورا کرلیا اور تین میچز کی سیریز میں دو، صفر کی برتری حاصل کرلی۔

٭… پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے منسوخ ہونے والے بقیہ چار میچز نومبر کے وسط میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

فٹ بال:Lionel Messiکا کہنا ہے کہ وہ اپنا کلب بارسلونا اس سال نہیں چھوڑ رہے اور 2021ء میں ختم ہونے والے سیزن میں کلب کا حصہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کلب کے ساتھ معاملہ کو عدالت میں نہیں لے جانا چاہتے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button