صحت

صحت کے ستون

آپ کی صحت کی عالیشان عمارت جِن ستونوں پر کھڑی ہوئی ہے،ان پر آپ کو غور کرنا چاہیے۔میں اس سلسلے میں آپ کو چند ارشادات رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتاتا ہوں ۔ ان پر آپ غور کیجیے ۔

٭بلا شبہ اللہ پاک ہے اور صفائی ستھرائی رکھنے والوں کو دوست رکھتا ہے ۔اللہ کریم ہے اور کریم کو دوست رکھتا ہے۔ اللہ بخشش کرنے والے کو دوست رکھتا ہے ۔پس پاک صاف رہا کرو اور پاک صاف رکھا کرو اپنے گھر والوں کو ،اپنے صحنوں اور اپنی دہلیزوں کو ۔

٭مناسب ہے کہ معدے کے تین حصے کیے جائیں :ایک حصہ غذا کے لیے ،ایک حصہ پانی کے لیے ،اور ایک حصہ سانس کی آمد و رفت (میں سہولت )کے لیے ۔

٭مسلمان اس وقت تک نہیں کھاتے جب تک انہیں بھوک نہ لگے اور جب کھاتے ہیں تو سیر ہو کر نہیں کھاتے ۔

٭اپنے دستر خوان کو سبز چیزوں سے زینت دیا کرو ۔

٭سیّال غذا ؤں میں سب سے اچھی غذا دودھ ہے ۔یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے ۔

٭گوشت سب سالنوں کا سردار ہے ۔گوشت میں کدو ڈال لیا کرو ۔

٭پانی کے برتنوں کو ڈھک دیا کرو ۔کھلے پانی میں بیماری اور بلائیں داخل ہو جاتی ہیں ۔

٭رات کا کھانا کھاتے ہی فوراً نہیں سونا چاہیے ۔

٭ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد تھوڑی سی نیند لینی چاہیے۔

٭جو شخص پیٹ بھرنے سے پہلے ہاتھ روک لے ،اُس کی صحت اچھی رہتی ہے اور اس کا ذہن صحت مند رہتا ہے ۔

٭صبح کو جلد اٹھنا چاہئے اور رات کو جلد سونا چاہیے ۔

٭دین کی بنیاد پاکیزگی اور طہارت پر ہے ۔

٭کمزور اور ناتواں مومن کے مقابلہ میں قوی اور توانا مومن اللہ تعالیٰ کو زیادہ پسند ہے ۔

صحت اور حفظِ صحت کے بارے میں کتاب و سنت میں بڑے واضح احکام موجود ہیں ۔یہ چند ارشادات ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ،اگر آپ اِن پر خوب غور کر لیں اور ان پر بھر پور عمل کر لیں تو درحقیقت ان ہی پر آپ کی صحت کی عالی شان عمارت تعمیر ہو سکتی ہے اور یہ بھی غور کر لیجئے کہ ان پر عمل کے بغیر آپ ہر گز صحت مند نہیں رہ سکتے ۔آج دنیا کے بڑے بڑے ماہرینِ صحت اور صحت کے عالمی ادارے جن اصول و ضوابط پر صحت کی بنیاد رکھتے ہیں ،ان میں سے کوئی ایک بات بھی ایسی نہیں ہے،جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و ہدایات میں موجود نہ ہو ،مسئلہ صرف یہ ہے کہ ہم کب ان پر غور و فکر کر کے عمل کرنا شروع کرتے ہیں ۔

(صحت نامہ ،حکیم محمد سعید ،ہمدرد صحت اکتوبر2019ء صفحہ4)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button