افریقہ (رپورٹس)

یونیورسٹی آف کیپ کوسٹ گھانا میں احمدی طلباء کی چار روزہ تبلیغی سرگرمیاں

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

AMSAGاحمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن گھانا کا مخفف ہے۔ خدا کے فضل سے جہاں بھی احمدی مسلم طلباء ہیں وہ اس ایسوسی ایشن کا حصہ ہیں۔ یہ ایسوسی ایشن تربیتی اور تبلیغی پروگرام بناتی ہے۔

محض اللہ کے فضل و کرم سے یونیورسٹی آف کیپ کوسٹ میں قائم AMSAG کی شاخ ہر سال چار روزہ تبلیغی سرگرمیاں کرتی ہے جسے یہاں‘ویک سیلیبریشن’کے نام کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ امسال یہ پروگرام مورخہ 26؍تا 29؍فروری 2020ء بڑی کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ الحمد للہ

چار دن پر مشتمل اس ویک سیلیبریشن کا موضوع ‘THE MESSIAH HAS COME’ تھا۔ اِس پروگرام کا مقصداسلام اور جماعتِ احمدیہ کی تعلیمات کو یورنیورسٹی آف کیپ کوسٹ کے طلباء اور وہاں کے لوگوں میں پہنچانا تھا۔

اس مقصد کے لیے کیپ کوسٹ یونیورسٹی کے ایک وسیع و عریض گراؤنڈ میں ایک ٹینٹ لگایا گیا جس میں نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس نمائش میں مختلف جماعتی لٹریچر رکھا گیا نیز بعض جماعتی تصاویر اور جماعتی بینرز لگائے گئے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مختلف اقتباسات بھی لکھ کر آویزاں کیے گئے۔

ہر روز طلباء، لیکچررز اور قریبی کمیونیٹی کے لوگوں میں مختلف پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ ایک اندازہ کے مطابق تین ہزار سے زائد پمفلٹ تقسیم ہوئے۔ یہ پمفلٹس بعنوا ن عیسیٰ ابنِ مریمؑ، اسلام کا تعارف،عیسیٰ ؑکون ہیں اور دعوتِ احمدیت وغیرہ کے تھے۔

طلباء اور آنے جانے والوں کی خاصی تعداد کی توجہ اس نمائش کی طرف پیدا ہوئی جنہوں نے آکر اسلام احمدیت کے بارہ میں مختلف سوالات کیے۔ جہاں اُن کے سولات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ان سوالات میں حضرت عیسیٰ ؑکا انڈیا جانا اور اسلام میں جہاد کا تصو ر نمایاں رہے۔

پہلے دو دن مربی سلسلہ مکرم احمد بواہنگ صاحب برائے Aburaنے لوگوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ بقیہ دو دن جامعۃ المبشرین گھانا کے ایک طالبِ علم مکرم عبدالجلیل ایسل صاحب نے سوالات کے جوابات دیے۔ مورخہ 28؍فروری بروز جمعۃ المبارک ابورا کی مسجد میں نمازِجمعہ ادا کی گئی۔ ایک رات کو پردہ کی اہمیت کے موضوع پر احمدی طلباء سے بات ہوئی۔ اگلی رات ‘جِن’ کے موضوع پر ایک بہت ہی معلوماتی فلم دیکھی گئی۔

آخری دن مورخہ 29 فروری صبح دس بجے سے سہ پہر اڑھائی بجے تک سوال و جواب کا ایک بڑا پروگرام مکرم رحمان آرتھر صاحب نائب صدر جنوبی سیکٹر گھانا کی صدارت میں مجلس خدام الاحمدیہ ابورا زون نے اسلام اور احمدیت پر اٹھنے والے سوالات پر منعقد کیا۔ مہمانانِ کرام میں مکرم طاہر احمد مرزا صاحب زونل مشنری ابورا زون، مکرم مالک ہامونڈ جیونئر صاحب مہتمم امورِ طلبہ،مکرم اسحاق ابراہیم آمفا صاحب مربی سلسلہ کیپ کوسٹ، مکرم مولوی شریف احمدجعفر صاحب استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل ، مکرم زکریا ابو بکر صاحب داعی الی اللہ اورمکرم محمد حسین آکوا صاحب داعی الی اللہ اور ہیڈ ماسٹرٹی آئی احمدیہ جونیئر ہائی سکول ابورا شامل تھے۔ اس پروگرام میں خلافتِ احمدیہ پر ایک ڈاکو منٹری دکھائی گئی۔ بعد ازاں مکرم زکریا ابو بکر صاحب نے ‘THE MESSIAH HAS COME’کے موضوع پر تقریر کی۔جس نے اسلام کے بارے میں سوالات کا دروازہ کھول دیا۔ان سوالات کے جوابات قرآنِ مجید،بائبل،احادیثِ مبارکہ،سنتِ رسولِ مقبول ﷺ اور اقتباسات حضرت اقدس مسیحِ پاک علیہ السلام کے ذریعے دیے گئے۔مہمانانِ کرام سمیت 112؍افراد نے اس پروگرام میں شرکت کی جبکہ غیر احمدی دوست اور مسیحی احباب کی تعداد 22 رہی۔

یہ اس چار دن کی تقریبات کا آخری پروگرام تھاجو اللہ کے فضل سے بڑا کامیاب رہا۔ اس پروگرام کے لیے یونیورسٹی آف کیپ کوسٹ کی AMSAGبرانچ کے صدر Mr. Usman Adam اور ان کی ٹیم نے بے حد محنت کی۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے لیے سب کام کرنے والوں کو جزا ئےخیر عطا فرمائے اور اس پروگرام کو احمدیت کی اشاعت کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button