از مرکز

کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی تازہ ہدایات

10؍اپریل 2020ء

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 10؍اپریل 2020ء میں Covid-19 کی عالمی وبا کے حوالے سے احباب جماعت کو بعض نہایت اہم امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئےزریں ہدایات سے نوازا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بیان فرمودہ ہدایات پر مشتمل بعض نکات ذیل میں درج کیےجاتے ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

٭… انسان کو عمومی طور پر یہ وبائیں اور آفات ہوشیار کرنے کے لیے آ رہی ہیں کہ تم اپنے پیدا کرنے والے کے بھی حق ادا کرو اور اللہ تعالیٰ کے مخلوق کے بھی حق ادا کرو، اس کے بندوں کے بھی حق ادا کرو۔

٭…بعض بیماریاں اور وبائیں یا طوفان ایسی ہیں کہ جب دنیا میں آئیں تو قدرتی طور پر اس کا اثر ہر ایک پر پڑتا ہے۔یہ نہیں ہوتا کہ الٰہی جماعتوں کو ان سے بالکل محفوظ رکھا جائے۔ کیونکہ یہ خدا کی مصلحتوں کے خلاف ہوتا ہے ۔

٭… ہمیں ان دنوں میں خاص طور پر اللہ تعالیٰ کے حضور بہت جھکنا چاہیے اور اس کا رحم اور فضل مانگنا چاہیے۔

٭…اس وبا کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے زمانے کے طاعون کے ساتھ ملانا اور پھر اس قسم کی باتیں کرنا کہ نعوذ باللہ جو احمدی اس بیماری میں مبتلا ہیں یا اس سے وفات پا گئے ہیں ان کا ایمان کمزور ہے یا تھا۔ یہ کسی کو کہنے کا حق نہیں ہے۔

٭… ان دنوں میں دوسروں کی مدد کرنے والے افراد کو ضروری احتیاطیں کرنی چاہئیں۔

٭…آج کل یہ کہا جاتا ہے کہ ماسک پہنو ۔

٭…بلا وجہ لوگوں کے گھروں میں آنے جانے سے بھی بچنا چاہیے۔ حکومت نے بھی منع کیا ہے اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔

٭… یوکے میں باوجود حکومت کے کہنے کے اور منع کرنے کے لوگ پارکوں میں جا کر اکٹھے ملنا جلنا رکھتے ہیں۔ اجازت تو صرف اس حد تک ہے کہ تم واک کر سکتے ہو ،تھوڑی سی کھلی ہوا میں جا سکتے ہو ۔ یہ نہیں ہے کہ پارکوں میں بیٹھ کر پکنکیں منانی شروع کر دو اور کئی لوگ اکٹھے ہو جائیں ۔ یہ غلط طریق ہے اور حکومت بار بار اس طرف توجہ دلا رہی ہے۔

٭…کاروں میں اکٹھے بیٹھ کر جو جاتے ہیں یہ بھی غلط طریقہ ہے۔ احمدیوں کو اس قسم کی حرکتوں سے بچنا چاہیے۔

٭…جن کے سپرد مدد کے کام ہیں وہ تمام احتیاطوں اور دعاؤں کے ساتھ اس مدد کے فریضے کو سرانجام دیں اور بےاحتیاطیوں سے بچیں۔ بلاوجہ اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالیں۔ یہ کوئی بہادری نہیں ہے یہ جہالت کہلاتی ہے۔ پس بہت احتیاط کریں۔

٭…حضرت مسیح موعود ؑنے تاکیداً یہ بھی فرمایا کہ گھروں کی صفائی بہت زیادہ کرواور اس کے متعلق خاص طور پر ہدایت فرمائی ۔

٭…اسی طرح فرمایا کہ اپنے کپڑے بھی صاف رکھو اور نالیاں بھی صاف کراتے رہو۔یہاں تو انڈرگراؤنڈ سارا سیویج سسٹم ہوتا ہے ۔یہ خاص طور پر غیر ترقی یافتہ ممالک میں جہاں نالیاں کھلی ہوتی ہیں یہ بہت ضروری چیز ہے کہ نالیاں صاف رکھی جائیں۔

٭…حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے خاص طور پر فرمایا کہ سب سے مقدم یہ ہے کہ اپنے دلوں کو بھی صاف کرو اور خدا تعالیٰ کے ساتھ پوری صلح کر لو ۔

٭…ہمیں اس یقین کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے آگے جھکنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے دعاؤں کا راستہ کھولا ہے اور خدا تعالیٰ دعائیں سنتا ہے۔ اگر خالص ہو کر اس کے آگے جھکا جائے تو وہ قبول کرتا ہے کس رنگ میں قبول کرتا ہے یہ وہ بہتر جانتا ہے۔

٭… اپنے لیے، اپنے پیاروں کے لیے، اپنے عزیزوں کے لیے، جماعت کے لیے اور عمومی طور پر انسانیت کے لیے دعائیں کرنی چاہئیں۔

٭… آج کل دعاؤں دعاؤں اور دعاؤں پر بہت زور دیں۔ اللہ تعالیٰ جماعت کے ہر فرد کو ہر لحاظ سے اور مجموعی طور پر جماعت کو بھی ہر لحاظ سے اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

٭…جو احمدی کسی کاروبار میں ہیں وہ ان دنوں میں اپنی چیزوں پر غیر ضروری منافع بنانے کی کوشش نہ کریں اور غیر ضروری منافع بنانے کی بجائے خاص طور پر کھانے پینے کی چیزوں میں اور ضروری لازمی اشیاء میں غیر ضروری منافع بنانے کی بجائے ان چیزوں کو کم از کم منافع پر بیچیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button