حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 6، 3؍ اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,083,211؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے58,149؍ اور 227,738؍ افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ ہوسکتا ہے کہ آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار نہ دکھا رہا ہو۔)

خطبہ جمعہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

امام جماعت احمدیہ عالم گیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک اسلام آباد (ٹلفورڈ، سرے) سے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ دنیا کے دو سو سے زائد ممالک میں بسنے والے کروڑوں احمدی حضورِ انور کا خطبۂ جمعہ ایم ٹی اے کے توسّط سے براہِ راست سنتے اور اس سے ہدایت و راحت پاتے ہیں۔ اس طرح گویا دنیا کے ممالک میں نافذ العمل لاک ڈاؤن کے باوجود احمدی افراد خلافتِ احمدیہ کے ہاتھ پر جمع ہو گئے اور جمعے کا ایک مقصد پورا ہوا۔ یاد رہے کہ حضورِ انور نے گذشتہ جمعے کے روز Covid-19 سے بچاؤ کی حکومتی احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر خطبہ جمعہ ارشاد فرمانے کی بجائے ایک خصوصی پیغام سے جماعت احمدیہ کو نوازا تھا۔

حضورِ انور نے خطبہ جمعہ میں بدری اصحابِ نبویﷺ کے اوصافِ حمیدہ کے بیان کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حضرت طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ کو بیان فرمایا۔ نیز وباؤں کے ایام میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعض زرّیں ارشادات بیان فرمائے۔

حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ حکومت کی ہدایات پرعمل بھی کریں۔گھروں کوبھی صاف رکھیں۔ دھونی بھی دینی چاہیے۔ڈیٹول وغیرہ کے اسپرے بھی کرتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ سب پرفضل فرمائےاوررحم فرمائے۔ ان دنوں میں دعاؤں پرخاص زوردیں۔اللہ سب کواِس کی توفیق دے۔

فرانس

فرانس میں جمعرات کے روز Covid-19 سے 1,355؍افراد کی  ہلاکت ہوئی ہے۔ اسی طرح سپین میں 961؍اموات ہوئیں۔ دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی اموات کی تعداد ساڑھے پانچ ہزار ہے۔ (VOAاردو)

برطانیہ

طلباء کے امتحانات

موجودہ حالات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے غیر معینہ مدت تک بند رہنے کی وجہ سے برطانیہ میں کوشش کی جارہی ہے کہ اساتذہ GSCE اور A-level کے طلباء کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر نمبر دیں۔ اساتذہ کو یہ نمبر 29؍مئی تک جمع کروانے ہوں گے۔ (بی بی سی)

وڈیو لنک کے ذریعہ ہسپتال کا افتتاح

برطانیہ کے پرنس چارلس نے سکاٹ لینڈ میں اپنے گھر سے وڈیو لنک کے ذریعہ Nightingale ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وہ Covid-19 میں مبتلا ہونے کے بعد سکاٹ لینڈ میں اپنے گھر میں رہ رہے ہیں اور اب مکمل صحت یاب ہیں۔ 4,000 بستروں پر مشتمل یہ عارضی ہسپتال Covid-19 کے مریضوں  کے لئے لندن کے Excel سنٹر میں قائم کیا گیا ہے۔ (بی بی سی)

ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم اتوار کے روز عوام سے کورونا وائرس کی وبا کے بارے میں خطاب کریں گی۔ یہ ریکارڈڈ خطاب اتوار کو برطانوی وقت کی مطابق آٹھ بجے نشر کیا جائے گا۔(بی بی سی)

برطانوی وزیرِ اعظم Boris Johnson ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں اور وہ ابھی کچھ اور وقت تک علیحدگی میں رہیں گے۔ (سی این این)

آج کی Covid-19 اَپ ڈیٹ دیتے ہوئے وزیرِ اعظم ہاؤس سے برطانوی سیکرٹری صحت Matt Hancock نے عوام کو اس ویک اینڈ پر گھروں میں رہنے کا عندیہ دیتے ہوئے اس بات کو واضح کیا ہے کہ یہ ان سے ’درخواست‘ نہیں کی جا رہی بلکہ حکومتی انتظامیہ کی طرف سے عوام کو ایک ’ہدایت‘ ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں برطانیہ کا موسم خوشگوار رہے گا، اسی لیے زیادہ لوگوں کے گھروں سے نکلنے کا خدشہ ہے۔

پری بریفنگ کے مطابق آئندہ آنے والے ایام میں اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

اب سکولوں میں مفت کھانا نہیں ملے گا

Covid-19 کی وجہ سے برطانیہ کے خاندان روزگار کے ذرائع ختم ہونے کے بعد دوہری پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس وبا کو بہانہ بناتے ہوئے حکومت نے خاموشی سے Universal Free School Meals کو ختم کردیا ہے۔  اور ایک Free Lunch Vouchers کا طریقۂ کار شروع کیا ہے۔ لیکن اس سے تمام متأثرہ خاندانوں کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔ اس وجہ سے ایجوکیشن سیکرٹریGavin Williamsonکو شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اس فیصلہ پر نظر ثانی کریں۔ (Huffpost)

جرمنی

کل سے جرمنی کے سب سے  بڑے فٹ بال سٹیڈیم کو  عارضی طور پر کورونا وائرس کے علاج کے مرکز میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ (سی این این)

اینجلا مرکل تنہائی سے باہر آگئیں

دو ہفتے تنہائی میں  گزارنے کے بعد جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکل تنہائی سے باہر آگئی ہیں۔ انہوں نے اپنا کام معمول کے مطابق دوبارہ شروع کردیا ہے۔ وہ ایک ایسے ڈاکٹر کے ساتھ رابطے میں تھیں جس کا Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ (سی این این)

امریکہ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انھوں نے Covid-19 کا ایک دوسرا ٹیسٹ بھی کروایا تھا۔ اور پریس کانفرنس کے دوران ہی انھوں نے صحافیوں کو اس کا رزلٹ بھی بتایا کہ ان کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔ اور اس سب کام  میں 14-15منٹ لگے۔ (سی این این)

کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجوہات

سائنسدانوں کے ایک پینل نے وائٹ ہاؤس کو بتایا ہے کہ ان کی تحقیق کے مطابق Covid-19 نہ صرف کھانسی اور چھینکوں سے پھیلتا ہے بلکہ  بولنے اور سانس لینے سے بھی پھیلتا ہے۔ (سی این این)

امریکی کمانڈر اپنی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیے گئے

امریکہ کی بحری فوج کی انتظامیہ نے  امریکی طیارہ بردار جہاز USS Theodore Roosevelt  کے کمانڈرBrett Crozier کو ان کی  ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا ہے۔ یہ طیارہ بردار جہاز جس میں 4,800 افراد موجود ہیں اس وقت Guam کے پاس موجود ہے اور اس میں 70 کے قریب عملہ انفیکشن کا شکار ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر کے طریقہ کار سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ  اس کام کے اہل نہیں ہیں۔ (سی این این)

امریکہ کے صدارتی انتخابات

امریکہ میں چند ہی مہینوں میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔  مگر  کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اس بارہ میں کچھ کہنا مشکل ہے کہ یہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہو پائیں گے کہ نہیں۔ (VOA اردو)

امریکہ کی سینٹ کے34؍ارکان نے ایک خط کے ذریعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے یہ مطالبہ  کیا ہے کہ Covid-19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انسانی ہمدردی کے تحت ایران سے پابندیاں اٹھالی جائیں۔ ایران میں متاثرین کی تعداد47 ہزار سے زائد ہے جبکہ اب تک 3 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ (ڈان اردو)

نیویارک کے گورنر اور ہیلتھ کمشنر کا کہنا ہے کہ ماسک پہننا ،Social Distancing کا متبادل نہیں ہے۔ نیویارک کے میئر کا کہنا ہے کہ اگلا ہفتہ امریکہ کے لیے بہت ہی مشکل ہو گا۔ (سی این این)

پاکستان

پاکستان کے وزیر اعظم جناب عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مکمل لاک ڈاؤن کرکے 22 کروڑ پاکستانیوں کو قید نہیں کر سکتا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا اور بھوک کے درمیان ایک توازن تلاش کرنا ہے۔ (ڈان)

پاکستان Covid-19 کا پہلا مریض صحت یاب

یحیٰ جعفری Covid-19 سے متأثر ہونے والے پاکستان کے پہلے مریض تھے۔ ان میں اس مرض کی تشخیص ایران سے واپسی پر ہوئی۔ گزشتہ روز وہ اس مرض سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ انھوں نے اپنا Blood Plasma بھی عطیہ کیا ہے جو Covid-19 کے مریضوں کے علاج کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ (ڈان)

سندھ میں کرفیو

پاکستان کے صوبہ سندھ کی انتظامیہ نے Covid-19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرنماز جمعہ کے اوقات میں ساڑھے تین گھنٹے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا۔ پاکستان میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد35ہے۔ مساجد میں اعلان بھی کئے گئے ہیں کہ  لوگ نمازیں گھروں میں پڑھیں۔ (VOAاردو)

انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ

پاکستان میں Covid-19 کے پیش نظر لاک ڈاؤن اور لوگوں کے گھروں تک محدود رہنے کے باعث، انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی موبائل کمپنیوں کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں حالیہ دنوں میں 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔(VOAاردو)

عالمی بینک Covid-19سے جنگ کے لئے پاکستان کو 200؍ملین ڈالرز کی امداد دے گا۔ (ڈان)

افریقہ

سیرالیون

حکومت سیرالیون نے تمام سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 6؍ اپریل بروز سوموار سے جب دفاتر میں آئیں تو چہرے پر ماسک پہنیں۔

تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت سیرالیون نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 8,500 لیونز سے کم کر کے 7,000 لیونز فی لیٹر کر دی ہے۔ اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو  ہدایت کی ہے کہ اس کے مطابق کرایوں میں کمی کردیں۔

سیرالیون کی ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹ کی ایسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن کی مدّت کو تین دن سے بڑھا کر 14؍دن کردیا جائے۔

ورلڈ بینک Covid-19 کے خلاف جنگ کے لئے  سیرالیون کو 7.5ملین ڈالرز کی امداد فراہم کرے گا۔

مشرق وسطی

شام کی حکومت نے ان سب علاقوں میں جو اس کے کنٹرول میں ہیں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رات 12؍ بجے سے صبح6؍ بجے تک، جمعہ اور ہفتہ کے دن کسی کو بھی گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شام میں Covid-19 کے16 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک دو اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)

اردن میں بھی انتظامیہ نے 24؍ گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ کرفیو کا مقصد ان لوگوں تک پہنچنا اور ان کے ٹیسٹ کرنا ہے جو  Covid-19 کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ اردن میں مصدقہ کیسوں کی تعداد 299 ہے اور پانچ اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)

کھیل

امام الحق نے بھی کیا چیلنج کو قبول

پاکستان کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اوپنر بلے باز امام الحق نے بھی کپتان اظہر علی کا چیلنج قبول کرلیا اور ڈنڈ بیٹھکیں لگا کر وڈیو شیئر کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے اپنے ساتھی بلے باز بابر اعظم کو بھی  بیٹھکیں لگانے کا چیلنج کیا ہے۔

دلچسپ

بھارت میں نافذ العمل لاک ڈاؤن کے دوران ایک جوڑے کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔ چھتیس گڑھ کے گاؤں رائے پور میں 27 سالہ  پریتی ورما  کے ہاں 27؍مارچ کو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تو انھوں نے پیدائش کے اس دن کو یادگار بنانے کے لئے اپنی بیٹی اور بیٹے کا نام Corona اور Covid رکھ دیا۔ (VOAاردو)

متفرق

رات دس بجے اذان

پاکستان کے شہر کراچی میں کچھ دنوں سے یہ رواج دیکھنے میں آرہا ہے کہ لوگ رات دس بجے اپنے گھروں کی چھت پر چڑھ کر اذان دے رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ وہ توبہ کی ٖغرض سے کرتے ہیں۔  بعض لوگوں نے اس کام کے لئے لاؤڈ سپیکر بھی استعمال کرنے شروع کردئے ہیں۔ اس کے علاوہ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئےبعض  لوگوں نے اپنی چھتوں پر سفید جھنڈے بھی لگائے ہوئے ہیں۔ (ڈان)

Boeing اور ملازمین مشکلات کا شکار

Covid-19 کی وجہ سے دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں نے اپنی فلائٹس منسوخ کر دی ہیں اور اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کی یہ صورتحال کب تک جاری رہے گی۔ اس صورتحال کی وجہ سے  لوگوں کے گھروں تک محدود ہوجانے کے باعث فیکٹریوں میں بھی کام بند ہے۔ مشہورِ زمانہ طیارہ ساز کمپنی Boeing بھی اس وقت کام نہیں کر رہی۔ کمپنی نے اپنے ملازمین کو یہ پیشکش کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ لے لیں۔ کمپنی ان کو اس کے بدلہ میں تنخواہ اور مالی معاونت فراہم کرے گی۔ (Forbes)

سائبر کرائم کی شرح میں اضافہ

Europol کی رپورٹ کے مطابق آج کل کے حالات میں جبکہ لوگ گھروں تک محدود ہیں اور کرنے کو بہت کم کام ہیں اور انٹرنیٹ کا استعمال کافی بڑھ گیا ہے بعض سائبر کرائم کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کو اس ضمن میں اپنے بچوں پر نظر رکھنے کی بھی ضرورت ہے کہ وہ انٹرنیٹ کا غلط استعمال تو نہیں کر رہے۔   (بی بی سی)

فلپائنی صدر

فلپائین کے صدر Rodrigo  Duterte نے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ Luzon جزیرہ میں ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کے دوران اگر لوگوں نے کسی قسم کی بدنظمی کی تو وہ  پولیس اور فوج کو یہ حکم دے دیں گے کہ ایسے لوگوں کو گولی ماردیں۔ (الجزیرہ)

چند مفید ایپلیکیشنز

Covid-19 کی وجہ سے لوگ اپنے دفتری کام بھی گھروں میں بیٹھ کر کرنے پر مجبور ہیں۔ لوگ اپنی اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق مختلف ایپس کا استعمال کر رہے ہیں۔ آج کل جو ایپس ان کاموں کے لئے زیادہ استعمال ہو رہی ہیں وہ درج ہیں۔Skype, Whatsapp, Zoom, Daywise, Slack, Trello, Teams ۔ (VOAاردو)

موجودہ حالات میں سری لنکا جماعت کی خدمات

          تمام دنیا میں کرونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے۔ سری لنکا میں بھی فی الحال 152 کیسز ہیں جن میں سے 24 لوگ صحت یاب اور 4 فوت ہو چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے سری لنکا میں بھی باقی ملکوں کی طرح لاک ڈاوٴن ہے۔ حکومت نے آرمی کو پورا اختیار دیا ہے کہ وہ اس بات کی یقین دہانی کروائیں کہ کوئی گھر سے باہر نہ نکلے۔

سری لنکا جماعت کے تحت خدمتِ خلق کا پروگرام آج کل جاری ہے۔ لوگوں کی خاطر داری کے لیے پولیس سے خاص طور پر اجازت لی گئی ہے۔ چونکہ بڑی تعداد میں راشن خریدنے پر حکومت کی طرف سے پابندی لگادی گئی ہے اس لیے ان حالات کے پیشِ نظر خشک راشن کی بجائے لوگوں کی رقم سے بھی مدد کی جارہی ہے۔ اسی طرح سری لنکا میں مقیم پاکستانی اسائلم سیکرز کی بھی خصوصاً مدد کی جارہی ہے۔ عوام الناس میں راشن یا رقم تقسیم کرنے میں بعض اوقات دقت ضرور پیش آرہی ہے چونکہ حکومت نے باہر نکلنے سے عمومی طور پر منع کیا ہے۔تاہم جہاں تک ملکی قوانین کے اندر رہتے ہوئے ممکن ہے جماعت خدمت خلق کے کام سر انجام دے رہی ہے۔

سری لنکا کی عوام کی سہولت کے لیے حکومت نے بعض دکانوں اور سپر مارکیٹوں کو اجازت دی ہے کہ وہ ڈلیوری کا سسٹم شروع کریں تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنی ضروریات کے سامان پا سکیں ۔ (رپورٹ: جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنینشل)

مارشل آئی لینڈز

٭ جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز کی طرف سے صابن کی ڈونیشن Environmental Protection Agency کو دی گئی ہے۔ یہ اسکولوں میں تقسیم ہوں گے تاکہ بچے اپنے ہاتھ صاف رکھ سکیں۔

٭کچھ مارشلیز احمدیوں نے Youtube پر وڈیوز بنانی شروع کی ہیں جن میں وہ لوگوں کو sanitization کے مختلف طریق سکھا رہے ہیں۔

٭ Ministry of Health نے تمام مذہبی لیڈرز کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ ان کی مدد سے لوگوں کو احتیاط کے مختلف طریق سکھا سکیں۔

٭ اسی طرح جماعت Social Media کے ذریعہ لوگوں کو صفائی کی اہمیت کے بارہ میں آگاہ کر رہی ہے۔

٭ مزید بر آں جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز نے Ministry of Health کو خط لکھا ہے کہ اگر گورنمنٹ کو کسی بھی قسم کی مدد درکار ہے تو جماعت احمدیہ حاضر ہے۔ (رپورٹ: ساجد اقبال۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button