حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 5 ، 2؍ اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.infoکی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,009,452؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والےافراد کی تعداد 52,853 ہے جبکہ 211,878؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ ہوسکتا ہے کہ آپ کو تازہ ترین اعداد و شمار نہ دکھا رہا ہو)

چین 

Covid-19 کی وبا پھیلنے کے بعد چین کے شہرShenzhen نے  بلیوں اور کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی لگا دی ہے۔(ڈان)

چین کے شہرHubei جہاں سے Covid-19 کی ابتدا ہوئی تھی، وہاں کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ14؍ڈاکٹر جو Covid-19 کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے، ان کو شہید وں کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ ان ڈاکٹروں میں Li Wenliang بھی شامل ہیں جنھوں نے سب سے پہلے اس وائرس سے خبردار کیا تھا مگر انتظامیہ نے ان کو افواہیں پھیلانے کے جرم میں سخت تنبیہ کی تھی۔  (بی بی سی)

برطانیہ

شدید تنقید کا سامنا کرتے  ہوئے برطانیہ کے وزیر اعظم Boris Johnson نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بڑے پیمانے پر Covid-19 کے ٹیسٹ کرنا شروع کر رہی ہے۔ ان کی حکومت کو اس بات پر شدید تنقید کا سامنا تھا کہ یورپی ممالک کے مقابلہ میں برطانیہ میں  ٹیسٹنگ کا کام بہت سست ہے۔ (ڈان)

برطانیہ میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کچھ ہی عرصہ میں ایک دن میں100,000؍ ٹیسٹ روزانہ کرنے شروع کردیں گے۔  ابھی تک کے روزانہ ٹیسٹوں کی استطاعت 12,750؍ روزانہ ہے اور بدھ کے روز تک 152,979؍ لوگوں کے ٹیسٹ کئے جا چکے تھے۔(بی بی سی)

امریکہ

امریکہ میں Covid-19 کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 5,000 ؍ سے تجاوز کر گئی ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں884؍افراد اس بیماری سے انتقال کرگئے۔ (بی بی سی)

Covid-19 کی وجہ سے امریکہ میں معیشت بری طرح متأثر ہوئی ہے اور گزشتہ ایک ہفتہ کی دوران 6.6 ملین لوگوں نے بے روزگاری کی وجہ سے حکومتی انتظامیہ سے مدد کے لئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ جبکہ اس سے  پچھلے ہفتہ 3.3 ملین لوگوں نے بے روزگار ہونے کی وجہ سے مدد کے لئے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔  (بی بی سی)

Food Fund

مشہور ہالی وڈ ایکٹر اور ان کے ساتھیوں نے امریکہ میں America’s Food Fund  شروع کیا ہے اور اس مقصد کے لئے اب تک 12؍ملین ڈالر کی رقم بھی جمع کرلی ہے۔ اس فنڈ کا مقصد امریکہ میں ان غریب علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا ہے جو Covid-19 سے بری طرح متأثر ہوئے ہیں۔

 امریکی ریاست Connecticut کے  گورنر کا کہنا ہے کہ ایک چھ ہفتے کے بچے کی بھی Covid-19 سے وفات ہوئی ہے۔ (بی بی سی)

امریکہ نے فیڈرل جیلوں میں قید قریباً 170,000؍ قیدیوں کو احتیاطی تدبیر اختیار کرتے ہوئے، دو ہفتوں کے لئے ان کے کمروں تک محدود کردیا ہے۔ (بی بی سی)

سعودی عرب

سعودی عرب کی حکومت نے مکہ اور مدینہ  میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے ان مقدس شہروں میں 24گھنٹوں کے کرفیو کا اعلان کر دیا ہے۔ (ڈان اردو)

یورپ

اٹلی اور سپین کی طبی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  ایسے شواہد نظر آرہے ہیں کہ  Covid-19 کی وباء کم ہو رہی ہے۔ اٹلی میں اب تک 13,155؍ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ (بی بی سی)

سپین

سپین میں ایک دن میں ہلاکتوں کی تعداد میں 950؍ کا اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد  10,003 ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

روس

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے  لاک ڈاؤن کے انتظامات کو 30؍ اپریل تک بڑھا دیا ہے اور کہا ہے کہ صرف ضروری کارکنان اپنا کام جاری رکھیں۔ اور باقی سب گھروں پر رہیں۔ ان کی اس دوران کی تنخواہ ان کو ادا کی جائے گی۔  (بی بی سی)

پاکستان

سندھ کی حکومت نے نجی سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ  اپنے طلباء کے والدین کو ان کی ٹیوشن فیس ادا کرنے میں رعایت دیں۔ یاد رہے کہ پاکستان بھر میں نجی اور سرکاری تمام سکول آج کل بند ہیں۔ (ڈان)

چین نے Covid-19 کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت کو 3؍ملین ڈالرز کی اشیاء بطور عطیہ بھجوائی ہیں۔ (ڈان)

پاکستان کی فضائی کمپنی پی آئی اے 4؍تا 11؍اپریل  سے اسلام آباد سے لندن، مانچسٹر، برمنگھم اور ٹورانٹو کے لئے 17 عالمی پروازیں کرے گی۔ ان پروازوں کا مقصد  پھنسے ہوئے شہریوں کو منزل مقصود تک پہنچانا ہے۔ پاکستان میں اس  وقت تک Covid-19 کے2,291 مریض منظرِ عام پر آ چکے ہیں اور31؍اموات ہوچکی ہیں۔ (بی بی سی)

پاکستان پریمیئر  لیگ کی پشاور زلمی ٹیم کے مالک نے زلمی فاؤنڈیشن کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کے کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا چیک جمع کروایا ہے۔ اس کے علاوہ Haier  پاکستان نے دو لاکھ ماسک عطیہ کئے ہیں۔ (ڈان)

افراط و تفریط

آج کل کے حا لات میں جہاں پاکستان کا ایک طبقہ مسجدوں میں  نماز باجماعت کی پابندی کے خلاف ہے اور زور دیتا ہے کہ مسجدوں میں نماز باجماعت لازمی پڑھی جائے وہاں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو موجودہ صورتحال کو بنیاد بنا کر آن لائن نماز پڑھنے کے جواز تلاش کر رہا ہے۔

انڈونیشیا

انڈونیشیا کی حکومت نے Covid-19 کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر،  قریبا 18,000؍ قیدی رہا کردیے ہیں۔ انڈونیشیا کے جیلوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ افراد موجود ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کُل 30,000؍ قیدیوں کو رہا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ (ڈان)

کینیا،Skypeپر قیدیوں کی رہائی

کینیا نے Covid-19کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے4,800 قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔  ان میں سے اکثر کے مقدمات کے فیصلےSkype اور Zoom کے ذریعہ کئے گئے کورٹ سیشنز میں ہوئے۔ (سی این این)

منیلا

منیلا کے ایک 16؍ سالہ لڑکے نے 3D پرنٹر کی مدد سے  Covid-19 کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے ایک Face Sheild تیار کی ہے۔ (ڈان)

امارات ایئر لائنز 6؍اپریل سے فلائٹس کا محدود آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے

متحدہ عرب امارت کی حکومت نے فضائی کمپنیEmirates  کو اجازت دی ہے کہ وہ 6؍اپریل سے متحدہ عرب امارات سے جانے والے لوگوں کے لئے محدود  پروازیں شروع کرلے۔ مزید تفصیلات بعد میں دی جائیں گی۔ (ڈان)

بھارت

بھارت کے ایک سائنسدان جو کہ روبوٹس بناتے ہیں نے ایک نیورو سرجن کی مدد سے Toaster  کے سائز کا ایک وینٹی لیٹر تیار کیا ہے جس سے Covid-19 کے مریضوں کے علاج میں بہت مدد مل رہی ہے۔ بنیادی طور پر یہ وینٹی لیٹر انڈیا کے غریبوں کی مدد کے لئے تیار کیا گیا تھا۔ (ڈان)

Covid-19 سے پیدا ہونے والی خراب صورتحال اورجگہ کی کمی کے باعث بھارت میں ٹرین کے قریباً 20,000 ڈبوں کو  طبی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ (الجزیرہ)

اسرائیل

اسرائیل کے وزیر صحت Yakov Litzman اور ان کی اہلیہ میں بھی Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے اوروہ دونوں  تنہائی میں چلے گئے ہیں۔  دونوں کا علاج چل رہا ہے اور صحت بہتر ہے۔ اس خبر کے آنے کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم Benjamin Netanyahu دوبارہ الگ تھلگ ہوگئے ہیں کیونکہ یہ دونوں ایک دوسرے سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔ (ڈان)

کیا حفاظتی تدبیر کے طور پر ماسک پہننا ضروری ہے؟

اسرائیل کے وزیر اعظم نے اپنے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ  جب پبلک میں آئیں تو حفاظتی ماسک پہنیں۔  (بی بی سی)

WHO کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اس تجویز پر نظر ثانی کر رہے ہیں کہ ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس سے پہلےWHO کا کہنا تھا کہ آپ ماسک صرف تب پہنیں اگر آپ خود بیمار ہیں یا کسی بیمار کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ (بی بی سی)

جرائم کی شرح میں کمی

پولینڈ میں  چیف آف پولیس Jarostaw Szumczyk نے 31 مارچ کو جرائم کے اعدادو شمار بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں جرائم کی شرح میں 50 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ لیکن  کورونا وائرس کے پردے میں فراڈ کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح امریکہ کے بعض شہروں میں بھی جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

کھیل

خواتین کے فٹ بال کے Euro2021 کے مقابلے جو کہ انگلینڈ میں ہونے تھے ،2022کی گرمیوں تک مؤخر  کر دیے گئے ہیں۔ (بی بی سی)

خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر کہ وہ  امید کرتے ہیں کے سعودی عرب اور روس جلد ہی تیل کے بارے میں کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اور قیمتیں 27؍ ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہیں۔ (سی این این)

مشہور زمانہ مشروب ساز کمپنی  PEPSI بھی Covid-19 کی وبا کے دوران ہونے والے کاموں میں مدد کے لئے 45 ملین ڈالرز عطیہ کرے گی۔ (سی این این)

سائیکل ٹھیلے پر اپنے گاؤں

22؍مارچ کو جب بھارت میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا اور مزدور طبقے کے لئے روزی کمانا ناممکن ہو گیا تو اس صورتحال میں اکثریت کے نزدیک اپنے گاؤں چلے جانا ہی اس کا بہترین حل تھا۔ سمیر اور ان کے ساتھی اپنے ٹھیلوں پر ایک وقت کا کھانا  لے کر  دہلی سے اپنے گاؤں کے لئے روانہ ہوئے۔ اور کئی قسم کی  مشکلات سے گزرتے ہوئے دس دن میں اپنے گھر پہنچے۔ راستے میں لوگوں نے کھانا فراہم کرنے میں ان کی مدد کی۔ سمیر شادی شدہ ہیں اور ان کے چار بچے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب حالات بہتر ہوں گے تو وہ پھر دہلی جا کر نیا ٹھیلا چلائیں گے۔ (بی بی سی اردو)

ہیومینیٹی فرسٹ انٹرنیشنل کی کرونا وائرس کے ایام میں بے لوث عالمی خدمات

گذشتہ دو ماہ سے ہیومینیٹی فرسٹ انٹرنیشنل ڈیزاسٹرریلیف بہت قریب سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کے پھیلنے کا مشاہدہ کرتی رہی ہے جسے COVID-19 کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اس بارے میں ہیومینیٹی فرسٹ تحریری طور پراور ویڈیوز بنا کر حفاظتی تدابیر کے بارے میں لوگوں کی رہنمائی کر رہی ہے اور لوگوں میں اس حوالے سے معلومات بھی فراہم کر رہی ہے اور لوگوں میں یہ شعور پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیسے اس بیماری سے خود بھی اور دوسروں کو بھی بچایا جائے۔ ہیومینیٹی فرسٹ کے مقامی چیپٹرز اپنے اپنے ممالک میں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور ریلیف کے کاموں میں ایک دوسرے کی بھی اور بین الاقوامی ٹیمز کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

مندرجہ ذیل ممالک میں ہیومینیٹی فرسٹ ایسے لوگوں کو جو خطرے میں ہیں، کم آمدنی رکھتے ہیں، نیز اس بیماری کے خلاف جہاد میں اپنی خدمات پیش کرنے والے ڈاکٹرزاورنرسز کی ہر ممکنہ مدد کر رہے ہیں:
بیلجیئم ،بنگلہ دیش، بینین، کینیڈا، فرانس، فرنچ گیانا، جرمنی، انڈیا، ملائشئیا، موریشس، ناروے، پاکستان، سویڈن، تیونس، یوگنڈا، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ۔
ہیومینیٹی فرسٹ انڈونیشیا، بورکینا فاسو، کینیڈا، یوگینڈا اور پاکستان خود اپنے ہینڈ سینیٹائزرز بناتی رہی ہیں جو کہ عالمی ادارۂ صحّت (WHO) کے معیار کے مطابق ہیں اور دنیا میں اسکی قلّت ہو جانے کے بعد عوام الناس میں ان کی تقسیم کر رہی ہیں۔

کچھ ممالک میں مفت ہاتھ صاف (سینیٹائز) کرنے والے اسٹیشنز بھی بنائے گئے ہیں تاکہ لوگوں کی صفائی کی طرف توجّہ بھی دلوائی جائے اور مدد بھی کی جائے۔

ابھی تک پانچ ہزار سے زائد خاندانوں کو کھانا دیا گیا ہے اور بیس ہزارہینڈ سینیٹائزرز کی بوتلیں بنا کر تقسیم کی گئی ہیں۔

نیز برطانیہ،امریکہ ،کینیڈا اور تیونس میں سپورٹ لائنز کا قیام کیا گیا ہے تاکہ جن لوگوں کوسیلف آئسولیشن اختیار کرنی پڑی ہے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اوراشیائے خوردو نوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی ان کے لیے یقینی بنائی جا سکے۔

یہ تمام کام بے لوث خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار احمدی مسلمان رضاکاران کے بغیر ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے افراد کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

ہیومینیٹی فرسٹ یوکے ریلیف رپورٹ
ہیومینیٹی فرسٹ یوکے کی جانب سے قومی کرونا سپورٹ رابطہ نمبر کا اجراء۔

لندن سے 23 مارچ 2020 کو ہیومنٹی فرسٹ یو کے کی جانب سے قومی سپورٹ رابطہ نمبر کا اجرا کیا گیا ہے۔ یہ اقدام حکومتی اپیل کی روشنی میں اٹھایا گیا جس میں یو کے میں موجود تمام فلاحی تنظیموں کو کورونا کے سلسلے میں امدادی اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔

یہ رابطہ نمبر صبح 8 سے رات 8 بجے تک عوامی رابطہ و امداد کے لیے کھلا رہے گا۔ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے 03338806619 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس سپورٹ لائن کے سلسلے میں ایسے رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جو دنیاوی آفات سے نمٹنے کے لیے فلاحی کاموں میں 25 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔

یہ ہیلپ لائن کسی صورت بھی برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز (NHS 111) کا بدل نہیں بلکہ یہ سہولت اس کے انتظامات کو مزید کارآمد بنانے کے لیے مہیا کی گئی ہے۔

ہیومنٹی فرسٹ یوکے کے چیرمین حافظ ڈاکٹر عزیز احمد صاحب اس اقدام کے بارے میں کہتے ہیں کہ:
"مصیبت کی اس گھڑی میں ہیومنٹی فرسٹ کے دنیا کے ممالک میں مشکلات میں گھرے لوگوں کی مدد کرنے والی اس تنظیم کے ممبران اس قومی خدمت کے لیے پھر سے اکھٹے ہوئے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومتی تعاون کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔ چاہے وہ مدد کھانے کی تقسیم، اشیاء ضروریہ کی تقسیم کے سلسلے میں درکار ہو یا محض ایک تسلی بخش گفتگو کی صورت میں”

آپ نے مزید کہا کہ:
"وزیراعظم نے اس غیر معمولی آفت کے موقع پر فلاحی تنظیموں کو اپنی خدمات پیش کرنے کا کہا ہے ہیومینیٹی فرسٹ کا یہ اقدام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ان مشکل دنوں کا مقابلہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم بحیثیت قوم اپنا کردار نبھائیں کیونکہ اس وائرس کو انفرادیت سے نہیں بلکہ قومی یک جہتی سے شکست دی جا سکتی ہے۔

ہیومنٹی فرسٹ یہ سروسز بلا معاوضہ فراہم کرے گی۔ اس سروسز کے ذریعہ بزرگوں اور مستحقین کی امداد یقینی بنائی جائے گی۔ ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے کوئی بھی امداد یا مشورہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ہم اپنی اشتراکی تنظیموں کے ساتھ مشکل سے دوچار افراد کی خدمت کی کوشش کر رہے ہیں۔ مستحقین کی تعداد زیادہ جب کہ امداد کم ہے اسی لیے وہ تنظیمیں جو اس سلسلہ میں مدد کرنا چاہتی ہیں وہ ہم سے بذریعہ ای میل رابطہ کر سکتے ہیں۔ (رپورٹ: راجہ عطاء المنان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button