نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیںکہ25؍جنوری2020ءکونمازظہرسےقبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدمبارک (اسلام آباد،ٹلفورڈ،یوکے)کے باہر تشریف لا کرمکرم شفقت نواز صاحب (Reading۔یوکے)کی نمازِ جنازہ حاضر اورکچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرم شفقت نواز صاحب (Reading۔یوکے)

22جنوری2020ء کو 83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔ مرحوم چار سال قبل لاہور سے یوکے آئے اور ریڈنگ میں اپنے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہوئے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند ،نظام جماعت کے ساتھ اخلاص اور محبت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے ۔ بچوں کو بھی ہمیشہ خلافت اور جماعت سے وابستگی کی تلقین کیا کرتے تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرمہ صفیہ بیگم صاحبہ( اسلام پورہ سیالکوٹ شہر)

12 نومبر2019ءکو 90سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام حضرت منشی محمد عبداللہ صاحب کی بہو اور مکرم مرزا عبداللطیف صاحب (درویش قادیان)کی بہن تھیں۔ لجنہ اماءاللہ سیالکوٹ شہر میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ احمدی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ خلافت سے بہت اخلاص کا تعلق تھا ۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

-2مکرم صادق احمد صاحب( دارالعلوم غربی سلام ربوہ)

یکم نومبر2019ءکو 73 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔لازمی چندوں کے علاوہ ہر مالی تحریک میں حصہ لیتے اور پہلی فرصت میں ادائیگی بھی کردیتے تھے۔ جماعتی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔انہوں نے فیکٹری ایریا حلقہ احمد میں بطور محصل تحریک جدید خدمت کی توفیق پائی ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے ۔ آپ مکرم بدر الزمان صاحب( مربی سلسلہ ریسرچ سیل) کے والد تھے۔

-3مکرم محمد اشرف صاحب۔ المعروف مولوی اشرف (دارالرحمت وسطی ربوہ)

28ستمبر2019ءکو 65سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم نے زعیم خدام الاحمدیہ دار الرحمت غربی کے علاوہ مجلس انصاراللہ ربوہ میں بطور نائب زعیم تربیت خدمت کی توفیق پائی ۔ حلقہ میں سیکرٹری صنعت و تجارت اور مضافاتی کمیٹی لوکل انجمن احمدیہ کے ممبر بھی رہے۔ 1974ء کے مشکل حالات میں خد ام کے ساتھ مل کر شب و روز ڈیوٹیاں دیں۔ خوش اخلاق، امانتدار، صاف گو اور لین دین میں کھرے انسان تھے ۔مربیان اور جماعتی کارکنان کا بہت احترام کرتے تھے ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

-4مکرمہ سمیعہ پروین صاحبہ( فیکٹری ایریا۔ربوہ)

یکم اکتوبر 2019ءکو77سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضر ت خواجہ میاں امام دین صاحبؓ( آف آزاد کشمیر) کی پوتی اور حضرت عبداللہ صاحبؓ کی بھانجی تھیں۔آپ کو دعوت الی اللہ، خدمت خلق اور مریضوں کی عیادت کا بے حد شوق تھا ۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔

-5مکرم شمس الا سلام صاحب (بنگلہ دیش)

19؍دسمبر2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے بڑ ے بیٹے نے جب فروری 2019ءمیں بیعت کی توفیق پائی تو آپ نے بھی احمدیہ مسجد میں آکر باجماعت نماز ادا کرنی شروع کردی اور پھر نومبر میں بیعت کر کے جماعت میں شامل ہو گئے۔ حضور کاخطبہ غور سے سنتے تھے ۔مرحوم نمازیں اور نوافل بڑی رقّت کے ساتھ ادا کیا کرتے تھے ۔ ان کے بڑے بیٹے جو پہلے احمدی ہو چکے تھے انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں رشتہ داروں نے بتایا کہ تم نے کیا جادو کیا ہے؟ کیونکہ تمہارا باپ بیعت کے بعد بالکل بدل گیا ہے۔ یعنی پہلے بات بات پر غصہ کرتے اور گالی گلوچ کرتے تھے اب وہ اس کام کو غلط کہتے ہیں ۔ پسماندگان میں 6بیٹے اور 4بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button