حالاتِ حاضرہ

کچھ کھیلوں کی دنیا سے

گذشتہ دنوں ہونے والے بعض دلچسپ مقابلوں اور کھیلوں سے متعلق خبروں کی مختصر تفصیل پیش خدمت ہے:

پاکستان نے انڈیا کو ہرا کر کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا

16؍فروری کو لاہور کے پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو 41کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے ہرا کر پہلی بار کبڈی کا عالمی کپ اپنے نام کرلیا۔ مقابلے کی ابتدا ہی سے انڈیا کی ٹیم نے برتری حاصل کر لی تھی لیکن آخری لمحات میں پاکستان نے نہایت عمدہ کھیل پیش کرکے فتح اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی طرف سے خاص کر کپتان محمد عرفان، شفیق چشتی، ملک بنیامین اور مشرف جنجوعہ نے عمدہ کھیل پیش کیا۔

پی ایس ایل کا پانچواں دور پہلی بار تمام مقابلہ جات کا انعقاد پاکستان میں

پاکستان پریمیئر لیگ (PSL)کو جاری ہوئے پانچ سال ہو رہے ہیں ، سیکیورٹی کے پیش نظر دو سال تو یہ لیگ متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر کھیلی گئی جبکہ گذشتہ دو سالوں سے اس کے کچھ مقابلہ جات پاکستان میں بھی ہوئے۔ مگر اس بار تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں۔ 20؍فروری تا 22؍مارچ تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور میچز لاہور، راولپنڈی، کراچی اور ملتان کے سٹیڈیمز میں کھیلے جارہے ہیں۔ جبکہ فائنل 22؍مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جو کہ2019ء میں چیمپئن بنی اس بار اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔

اب تک ہونے والے مقابلہ جات کے بعد ملتان سلطان کی ٹیم پانچ میچز کے بعد آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین لُوک رونقی ابھی تک اس سال کے ٹورنامنٹ میں مجموعی سکور 194؍کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ سابق پاکستانی وکٹ کیپر معین خان کے بیٹے اعظم خان بھی اپنی اچھی کارکردگی کی وجہ سے کافی مقبول ہو چکے ہیں۔ جبکہ بالرز میں محمد حسنین پانچ میچز کے بعد 9؍وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کے لیے پاکستان کی شہریت کا اعلان

حکومت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کرکٹ کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کے لیے پاکستان کی اعزازی شہریت اور ان کو اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ ستارۂ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیرن سیمی PSL میں پشاور زلمی کے کپتان بھی ہیں اور پاکستان سے محبت کا کھلا اظہار کرتے ہیں۔ انہیں یہ ایوارڈ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے لیے اہم کردار ادا کیے جانے پر دیا جارہا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 23مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب میں ڈیرن سیمی کو ایوارڈ سے نوازیں گے۔

کون جیتے گا فارمولا وَن ریس؟

2020ءکے فارمولا ون کی پہلی ٹیسٹنگ سپین کے شہر بارسلونا میں 19تا 21فروری کو ہوئی جس میںFerrari کے ڈرائیور Sebastian Vettel سرفہرست رہے۔ دوسری ٹیسٹنگ بھی بارسلونا میں 26تا28 فروری کو ہوئی جس میں Mercedes کے Valtteri Bottas سر فہرست رہے اور مجموعی طور پر بھی ان کی ایک لیپ کی رفتار سب سے بہتر رہی۔ 2020ء سیزن کی پہلی ریس 15؍مارچ کو آسٹریلیا میں ہوگی اور آخری ریس29؍نومبر کو ابو ظہبی میں ہوگی۔ کل 22ریسوں کے بعد سب سے زیادہ پوائنٹس لینے والا ڈرائیور اور ٹیم فاتح قرار پائے گی۔

عالمی چیمپئن Mercedesٹیم اوران کے6بار کے چیمپیئن Lewis Hamilton اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ اس بار ان کو جن ڈرائیور سے کڑے مقابلے کی توقع ہے وہ Ferrariکے Sebastian Vettel اور Charles Leclerc اور Red Bull کے Max Versteppen اور ان کے اپنے ہی ٹیم کے کھلاڑی Valetteri Bottas ہیں۔ لوئس ہیملٹن کی قابلیت اور ان کی کار کی کارکردگی سے تو ایسا ہی لگتا ہے کہ اس بار بھی وہ ہی فاتح ہوں گے۔ اہم سوال یہ ہے کہ وہ کب Ferrari کے لیے ڈرائیو کریں گے؟

ابھی تک کے حالات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں ہونے والی ریس کا انعقاد مشکل نظر آرہا ہے۔

Tyson Fury نے ہرایا Deontay Wilder کو

23؍فروری کو WBC کے میچ میں انگلینڈ کے Tyson furyنے امریکا کے Deontay Wilder کو میچ کے ساتویں راؤنڈ میںTKOسے ہرا دیا۔ اس سے پہلے اسی میچ میں انہوں نے اپنے حریف کو تیسرے اور پانچویں راؤنڈ میں بھی رنگ میں گرا دیا تھا۔ لیکن ساتواں راؤنڈ فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اور یوں امریکن باکسر کی ورلڈ چیمپئن شپ پر پانچ سالہ بادشاہت کا خاتمہ ہوا۔ 2018ء میں دونوں حریفوں کے مابین ہونے والے میچ میں Fury کو شکست ہوئی تھی۔ یہ وہی Furyہیں جو کچھ عرصہ پہلے تک ڈپریشن کا شکار تھے، جن کا وزن بڑھا ہوا تھا، اور جو 2015ء میں اپنا عالمی اعزاز کھونے کے بعد مایوسی کا شکار ہو گئے تھے۔

انگلینڈ کی سائیکلنگ ٹیم کو ملا چاندی کا تمغہ اور ہالینڈ نے بنایا عالمی ریکارڈ

مورخہ 26؍فروری کو برلن میں ہونے والے مردوں کے ٹیم SPRINT FINALمیں ہالینڈ کی ٹیم نے مقررہ فاصلہ41.225 سیکنڈ میں طے کرکے نہ صرف انگلینڈ کو شکست دی بلکہ اپنا بنایا ہوا پرانا ریکارڈ بھی بہتر کیا۔

مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے ریال میڈرڈ کو ہرایا

26؍فروری کو چیمپیئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل میچ کے پہلے راؤنڈ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے ریال میڈرڈ کو 1کےمقابلے میں 2گول سے ہرا دیا ۔سٹی کی طرف سے Gabriel Jesus اورDe Bruyneنے گول سکور کیے۔

یوسین بولٹ کا ورلڈ ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب؟

کچھ عرصہ پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت مشہور ہوئی جس میں یہ دیکھا جا سکتا تھا کہ انڈیا کے سری نواس گوڈا نے کمبالا کے کھیل میں 142میٹر کا فاصلہ 13.42سیکنڈ میں طے کیا۔ جبکہ 100میٹر دوڑ کے عالمی چیمپئن یوسین بولٹ نے 100میٹر کی دوڑ9.58سیکنڈ میں طے کر کے ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔

کمبالا ایک ایسا کھیل ہے جس میں لوگ بھینسوں کے ساتھ کیچڑ سے بھرے میدانوں میں دوڑ لگاتے ہیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی لوگوں نے گوڈا کو یوسین بولٹ کے مقابلے کا کھلاڑی سمجھنا شروع کر دیا تھا اور اپنی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے عالمی مقابلوں میں شرکت کا موقع دیا جائے۔ مگر جب متعلقہ اداروں نے گوڈا کو ٹرائلز کے لیے آنے کا کہا تو انھوں نے بوجوہ انکار کردیا۔ بھینسوں کو پیچھے سے پکڑ کر دوڑنا اور ویسے دوڑنے میں یقینا ًبہت فرق ہے۔

(تیار کردہ: عبدالہادی قریشی۔ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button