افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں مبلغین ومعلمین کرام کے ریفریشر کورس کا انعقاد

خدا تعالیٰ کے فضل سے مبلغین و معلمین کرام کا چار روزہ ریفریشر کورس 9؍تا 12؍فروری 2020ء بروز اتوار تا بدھ کامیابی کے ساتھ مہدی آباد،آبی جان(Abidjan) میں منعقد ہوا۔ چاروں روز نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی ۔ قبل از نماز فجر حسب ذیل عناوین پر درس بھی دیے گئے:

اطاعت نظام جماعت، خطبات امام کی اہمیت، مدارج صلوٰۃ اور عدل واحسان و ایتاء ذی القربیٰ۔

مکرم لقمان فرید صاحب مبلغ سلسلہ و نگران ریفریشر کورس نے ریفریشر کورس کاٹائم ٹیبل مرتب کیا اور اس پر عمل درآمد کروانے کے لیے بھرپور کوشش کی۔

ریفریشر کورس کا باقاعدہ افتتاح مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت و دعا کے بعد افتتاحی تقریر میں خلافت احمدیہ کے تحت نظام جماعت کا تفصیلی خاکہ پیش کیا نیز مختلف جماعتوں میں عہدے داران کے انتخاب اور اس کے طریق کار کے بارہ میں بھی ہدایات دیں اور نظام جماعت کو نافذ کرنے اور اس کی اطاعت کے بارے میں بتایا۔ مکرم امیر صاحب کی افتتاحی تقریر کے بعد نیشنل مجلس عاملہ کے مختلف سیکرٹریان کرام نے اپنے شعبہ جات کا تعارف کروایا اوراس میں کام کرنے کے طریق سے آگاہ کیا۔جن میںشعبہ وقف جدید،شعبہ مال اور شعبہ جنرل سیکرٹری شامل تھے۔

امسال پروگرام میں ذیلی تنظیموں کے لائحہ عمل اور دستور اساسی کے بارہ میں لیکچرز کے ذریعے تفصیلی معلومات فراہم کرنا بھی شامل کیا گیا تھا۔ چنانچہ مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے 2؍پیریڈز میں مجلس انصار اللہ کے دستور اساسی اور لائحہ عمل کے بارہ میں حاضرین کو معلومات فراہم کیں اور سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اسی طرح مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ نے مجلس خدام الاحمدیہ کی تاریخ اور دستور اساسی اور لائحہ عمل کے بارہ میں شاملین کو تفصیلاً بتایا نیز سوالات کے جوابات بھی دیے۔ جبکہ مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے لجنہ اماء اللہ کے قیام و تاریخ ،دستور اساسی و لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا اور بعد ازاں شاملین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

چاروں روز بعد از نماز ظہر و طعام کچھ وقت فقہ المسیح کے لیے بھی مختص تھا جس میں فتاویٰ حضرت مسیح موعودؑ اور فتاویٰ حضرت مصلح موعودؓ کے بارہ میں مختلف سوالات کے جوابات مکرم باسط احمد صاحب،مکرم صادق احمد لطیف صاحب اور مکرم سورو الحسن صاحب مبلغین سلسلہ نے دیے۔ ان تمام پروگرامز کا فرنچ سے جولا(Djula)ترجمہ بھی کیا جاتا رہا تاکہ لوکل معلمین بھی بھرپور استفادہ کرسکیں۔
بعد از نماز مغرب حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی مجلس عرفان بزبان فرنچ دکھائی جاتی رہی۔ اسی طرح بعداز نماز عشاء و طعام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے گزشتہ تین خطبات جمعہ بزبان فرنچ سے بھی استفادہ کیا جاتا رہا۔ جبکہ کورس کے آخری روز نظام وصیت کے بارہ میں بھی حاضرین پروگرام کی رہ نمائی کی گئی۔

دوران ریفریشر کورس بعد نماز عصر تا مغرب کھیلیں کروائی گئیں جن میں مبلغین کرام کرکٹ جبکہ لوکل معلمین فٹبال سے محظوظ ہوتے رہے۔

ریفریشر کورس کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے دوران کورس پڑھائے جانے والے نصاب و خطبات کا زبانی امتحان لیا۔ اور بعض مقامات پرمعلمین کی مزید رہ نمائی کی۔

امسال ریفریشر کورس میں 18 ریجنز سے آئے 17 سنٹرل مبلغین کرام اور 61 لوکل معلمین کرام نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریفریشر کورس کے دور رس اور نیک نتائج ظاہر فرمائے نیز ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات پر کماحقہ عمل کرنے کی توفیق عطا کرے نیز خلافت کے سلطان نصیر بنائے۔آمین

(رپورٹ :عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button