امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کے باقاعدہ قیام پر سو سال پورے ہونے کی خوشی میں امریکہ بھر میں باجماعت نمازِ تہجد اور تقریباتِ تشکّر کا انعقاد

(سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ)

1920ء میں حضرت مصلح موعودؓ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نوجوان صحابی حضرت ڈاکٹر مفتی محمد صادق صاحبؓ کو بلادِ امریکہ میں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی تبلیغ کے لیے بھجوایا۔ چنانچہ حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ جو لندن میں خدمات پر مامور تھے روانہ ہو کر 15؍فروری 1920ء کو فلاڈلفیا میں اترے۔ مگر آپ کو آتے ہی قید کردیا گیا۔ آپ نے قیدخانہ ہی میں تبلیغ کا اہم فریضہ سرانجام دینا شروع کردیا اور چند سعید روحیں حلقہ بگوش اسلام ہوگئیں۔ خداتعالیٰ کے فضل سے اور حضرت مصلح موعودؓ کی دعاؤں سے آپؓ کو جلد رہائی نصیب ہوئی اور آپ نے اعلائے کلمۃاللہ کا کام فلاڈلفیا، نیویارک، ڈیٹرائٹ، شکاگو اور دیگر شہروں میں جاری رکھا۔ الحمدللہ

جماعت احمدیہ امریکہ کے لیے 2020ء کا سال بہت اہم ہے کہ اس میں یہاں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی تبلیغ اور اشاعت کے لیے مبلغ سلسلہ کی آمد کو سو سال پورے ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ احمدیت کا پیغام یہاں بانیٔ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں بڑی شان و شوکت کے ساتھ پہنچ چکاتھا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعا ئے مباہلہ سے اعجازی رنگ میں الیگزینڈر ڈووِی کے عبرت ناک انجام سے ہر کوئی واقف ہے۔

گزشتہ پانچ چھ سالوں سے جماعت احمدیہ امریکہ صدسالہ تقریبات کو منانے کی تیاری کررہی ہے۔ مکرم ڈاکٹر احسان اللہ ظفر صاحب (سابق امیر جماعت) نے اس کے لیے ایک کمیٹی بنائی تھی۔ اس کے بعد اب گزشتہ تین چار سالوں سے جماعت احمدیہ کے موجودہ امیر مکرم ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب کی رہ نمائی میں جو کمیٹی کام کر رہی ہے اس کمیٹی میں مکرم ناصر محمود ملک (صدر کمیٹی) اور مکرم امجد محمود خان (سیکرٹری) و دیگر شامل ہیں۔ خاکسار کوبھی اس کمیٹی کا ممبر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس مبارک موقع پر مکرم امیر صاحب جماعت امریکہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خصوصی پیغام مرحمت فرمانے کی درخواست کی تھی جو قارئین کے استفادے کے لیے شائع کیا جا رہا ہے۔

صدسالہ جوبلی کی تقریبات

15؍ فروری کو امریکہ کے طول و عرض میں قائم جماعتہائے احمدیہ نے منظور شدہ پروگرام کی روشنی میں 15؍ فروری کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجدو نماز فجر اور درس سے کیا۔ ہر جگہ ایک جوش ، جذبے اور ولولے کے ساتھ ممبران جماعت احمدیہ نے ان پروگراموں میں حصہ لیا اور خدا کے حضور اس کی نعمتوں اور کامیابیوں پر شکر ادا کیا۔

جماعت احمدیہ کو خدا تعالیٰ کی طرف سے دیا جانے والا عظیم الشان انعام تو بلاشبہ خلافت احمدیہ کا بابرکت وجود ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے خلافت کی اہمیت، مقام اور ضرورت کو بار بار جماعت کے سامنے رکھا اور اس کی قدر کرنے کی تلقین فرمائی۔

نماز تہجداور نماز فجر کے بعد ہر جگہ سب احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ جس کے بعد تمام جماعتوں میں اس دن کی مناسبت سے ایک مختصر مگر جامع پروگرام کا انتظام تھا۔ تمام صدرانِ جماعت نے تلاوت اور نظم کے بعد اس دن کی اہمیت کو واضح کیا اور حضورِ انور کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ جہاں جہاں مبلغین و مربیان کرام موجود تھے انہوں نے بھی اس دن کی اہمیت مثالوں سے واضح کی اور حضورانور کے پیغام کی روشنی میں ممبران جماعت کو تبلیغ و تربیت کے کاموں کو وسعت پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
یہ پروگرام صدسالہ تقریبات کا صرف آغاز ہے۔ اس مبارک سال کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تقریبات قریباً سارے 2020ء پر محیط ہیں۔

وہ جماعتیں جن میں یہ پروگرام منعقد کیے گئے ان میں سرفہرست مسجد بیت الرحمان میری لینڈ (نیشنل ہیڈکوارٹرز)۔ فلاڈلفیا۔ ڈیٹرائٹ۔ شکاگو۔ زائن۔ ملواکی۔ آش کاش۔ ہیوسٹن۔ آسٹن۔ ڈیلس۔ لاس اینجلس۔ فی نکس۔ طوسان۔ سان فرانسسکو۔ ڈیٹن۔ کولمبس۔ کلیولینڈ۔ نیویارک۔ باسٹن۔ ورجینیا۔ اٹلانٹا۔ جارجیا۔ لاس ویگاس۔ ہیرس برگ۔پورٹ لینڈ۔ بالٹی مور۔ سینٹرل جرسی۔ شارلیٹ۔میامی۔ نیو آرلینز۔ ورجینیا۔ روچسٹر۔ سی آٹل۔ سینٹ لوئس۔ تلسہ۔ ولنگبرو۔ تمام جماعتوں سے یہی اطلاع ہے کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے ایک بھاری تعداد دوردراز کا سفر طے کرکے نماز تہجد۔نماز فجر اور پروگرام میں شامل ہوئے۔

پروگرام کے لیے جماعت احمدیہ امریکہ کے نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ مکرم امجد محمود خان صاحب اور ان کی ٹیم نے بھی بہت کام کیا اور بروقت جماعتوں کو سلائیڈز اور تقاریر کے لیے مواد تیار کر کے بھجوایا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ امریکہ کو حضورِانور کی ہدایات کے مطابق بہترین رنگ میں اسی جذبہ کے ساتھ کام کرنے کی توفیق دے جو حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ نے دکھایا۔ اور وہ دن جلد سے جلد تر آئے جب حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا جھنڈا اور آپؐ کی تعلیمات سے یہ دنیا ایک روحانی لذّت و سرور حاصل کرنے والی ہو جائے اور اہالیانِ امریکہ بھی من حیث القوم نبی کریمﷺ پر مومنین کی حیثیت میں درود و سلام بھیجنے والے بن جائیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button