جلسہ سالانہ

جماعتِ احمدیہ یوگنڈا کا بتیسواں جلسہ سالانہ منعقدہ 11،10 اور 12 جنوری 2020ء

(یوگنڈا ، نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)الحمد للہ ثم الحمد للہ جماعت احمدیہ یوگنڈاکو اپنا بتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ 10تا 12جنوری جامعۃ المبشرین یوگنڈا کے میدان میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تقریباً 4؍ ماہ قبل جلسہ ھٰذا کے لیے مختلف کمیٹیاں بنا کر وقارِ عمل کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا۔ 5؍جنوری کو مکرم محمد علی کائرے صاحب امیر جماعت احمدیہ یوگنڈا نے مکرم فیصل کییمب بیونجے صاحب (افسر جلسہ سالانہ )کے ہمراہ جلسہ سالانہ کے جملہ انتظامات کا معائنہ کیا۔

مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ 5 تاریخ کو ہی شروع ہوگیا تھا۔ امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے امیر جماعت احمدیہ گھانا مولانا الحاج نور محمد بن صالح صاحب، امیر جماعت احمدیہ تنزانیہ مولانا طاہر محمود چودھری صاحب اور امیر جماعت احمدیہ کینیا مولانا طارق محمود ظفر صاحب نے اس جلسے میں شرکت فرمائی۔ مزید برآں تنزانیہ سے کل 55؍احباب جماعت پر مشتمل ایک وفد اس جلسہ میں شامل ہوا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن

مورخہ 10؍جنوری کو جلسہ سالانہ کا آغاز مکرم امیر صاحب یوگنڈا کی امامت میں نماز جمعہ سےہوا،جس کے بعد حاضرین کرام نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سنا۔ خطبہ جمعہ کا خلاصہ مقامی زبان میں بھی پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ افسر صاحب جلسہ سالانہ نے یوگنڈا کا جھنڈا فضا میں بلند کیا۔ دونوں جھنڈوں کے ہوا میں بلند ہوتے ہی ‘احمدیت زندہ باد ’ اور ُیوگنڈا زندہ باد ’ کے نعروں سے فضاگونج اٹھی۔

بعد ازاں جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور متلو آیات کے لوگنڈا زبان میں ترجمے کے بعد اردو نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر کے بعد حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ یوگنڈا کے لیے بھجوایا گیا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز صبح نو بجے مکرم امیر صاحب گھانا کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن پاک اور اردو نظم کے بعد ‘حضرت مسیح موعودؑ کا نصرت الٰہی پر کامل یقین’ اور ‘آنحضورﷺ کا طریقِ مشاورت’کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ اس اجلاس کے آخر پر امیر صاحب جماعت احمدیہ گھانا نے افراد جماعت کو بعض تربیتی امور کے متعلق چند نصائح کیں اور اس طرح اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

مستورات کا اجلاس

اس دوران مستورات کا الگ پروگرام بھی منعقد ہوا۔

خواتین کے جلسہ گاہ میں پروگرام کی کارروائی صدر لجنہ اماء اللہ یوگنڈا محترمہHafsa Mutasi Ayaga کی صدارت میں ہوئی۔ اس اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ سے ہوا۔ پھر حضرت مسیح موعود ؑ کے عربی قصیدہ میں سے چند اشعار پیش کیے گئے۔ بعد ازاں لجنہ اماء اللہ کا عہدلوگنڈا اور اردو سمیت تین زبانوںمیں دہرایا گیا۔ اس کے بعد ‘نماز:فلاح اور نجات کی راہ ’ اور ‘تبلیغ اور تربیت کے میدان میں احمدی خواتین کا کردار ’کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ پھر تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر پر محترمہ صدر صاحبہ لجنہ نے ‘لجنہ اماء اللہ کا عہد اور ہماری ذمہ داریاں’ کے موضوع پر تقریر کی ۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوسرا اجلاس:دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کے مہمان خصوصی یوگنڈا کے وزیر اعظم مکرم و محترم ڈاکٹر Ruhakana Rugunda صاحب تھے۔ آپ جلسہ سالانہ میں صدر مملکت کی نمائندگی بھی کر رہے تھے۔ اس اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب تنزانیہ کی صدارت میں حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اردو نظم کے بعد ‘جماعت کی 130 سالہ تاریخ پر ایک نظر’اور ‘حصول علم کے ذرائع’کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ بعد ازاں The Minister of public service عزت مآب جناب Wilson Muluuli Mukasaنے تاثرات کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی محترم وزیر اعظم یوگنڈا نے اپنے تاثرات میں یوگنڈا کے لیے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا اور صدر مملکت کی طرف سے بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنایا۔

پھر صدر مجلس نے اپنے وفد کا تعارف کروایا اور احباب جماعت کو چند نصائح کیں ۔ اس طرح یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا ۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا دن

جلسہ سالانہ کا اختتامی اجلاس صبح نو بجے زیر صدارت مکرم امیر صاحب کینیا شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعود ؑ کے عربی قصیدہ کے بعد دو تقاریر ‘قرآن کریم میں بیان کی گئی پیشگوئیاں’ اور ‘خلافت ۔جماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز’ کے موضوعات پر پیش کی گئیں۔ پھر تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔بعد ازاں مکرم امیر صاحب یوگنڈا نے اختتامی خطاب فرمایا جس میں انہوں نے سب کارکنان و مہمانان کا شکریہ اداکیا اور متعدد امور کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ امسال جلسہ سالانہ یوگنڈا میںاللہ تعالیٰ کے فضل سے 12,315 افراد نے شرکت کی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ آخر پر مختلف زبانوں میں ترانے پیش کیے گئے۔ الحمد للہ ۔

ایم ٹی اے/پریس اورمیڈیا :اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ایم ٹی اے کے سپرد میڈیا کوریج بھی کی گئی تھی۔ لہٰذا جلسہ کو ملک گیر میڈیا کوریج حاصل ہوئی۔ جلسہ سالانہ کے دوران کل 20 ریڈیو اور TV چینلز کے نمائند گان موجود رہے۔ ملک کے قومی TV چینلUBCنے بھی جلسہ سالانہ سے قبل جلسہ کے بارے میں ایک پروگرام نشر کیا۔ آڈیو ویڈیو سیکشن یوگنڈا نے اپنے facebook چینل پر جلسہ سالانہ کی کارروائی براہ راست نشر کی ۔Twitter اورInstagram پر جلسہ سالانہ کی تصاویر روزانہ اَپ لوڈ کی گئیں جن سے بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔

Humanity First سٹال: Humanity First یوگنڈا نے بھی جلسے کے موقع پر اپنا سٹال لگایا جس میں خوبصورت انداز میں Humanity Frist کے یوگنڈا اور عالمگیر نوعیت کے کاموں کی نمائش پیش کی گئی۔

بک سٹال:جلسہ سالانہ کے موقع پر بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیاتھا اور احمدی و غیر از جماعت احباب کو جماعتی کتب دیکھنے اور خریدنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

تبلیغی مارکی:ہمارے غیر از جماعت مہمانان کرام کے لیے ایک مارکی مخصوص کی گئی تھی جس میں ان کے لیے خاص پروگرامز منعقد ہوئے ۔ دوران جلسہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے93؍افراد کو قبول احمدیت کی توفیق حاصل ہوئی۔ الحمد للہ

(رپورٹ: زکی احمد تمزدے۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button