یورپ (رپورٹس)

اٹلی میں مشن ہاؤس سے ملحقہ عمارت کی خرید

18 ؍دسمبر2019ء جماعت احمدیہ اٹلی کے لیے ایک تاریخ ساز دن ثابت ہوا ، اِس روز جماعت احمدیہ اٹلی کو شہر بولونیا کے قریب واقع مشن ہاوس سے ملحقہ پراپرٹی کی خرید کے معاہدہ کی تکمیل کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔

خرید کے معاہدہ پر دستخط کےموقع پرمکرم عبد الفاطر ملک صاحب نیشنل صدر جماعت اٹلی کے علاوہ مکرم عطا ء الواسع طارق صاحب مشنری انچارج، مکرم عقیل جاوید صاحب مربی سلسلہ، خاکسار، مکرم محمد اکرم صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری ، اس پراپرٹی کی خرید کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ممبران اور دیگر ممبران نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ اٹلی شامل ہوۓ۔

اس پراپرٹی کا 2300مربع میٹر رقبہ تعمیر شدہ ہے ( جسے بعض تبدیلیوں کی ضرورت ہے) اور تقریباً 2000 مربع میٹر رقبہ کھلی جگہ پر مشتمل ہے۔ اس جگہ کی خریداری کا عمل قریباً دو سال سے جاری تھا مگر بعض تکنیکی وجوہات کی بنا پر رجسٹری نہیں ہو پا رہی تھی۔ اب اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل فرمایا اور راہیں کھولی ہیں کہ یہ جگہ جماعت کے نام رجسٹرڈ ہو گئی ہے۔ یہ جگہ مشن ہاوس اٹلی کے بالکل ساتھ واقع ہے۔ اب وہاں سوائے ایک گھر کے تمام رقبہ جماعت کی ملکیت ہو چکا ہے ۔

اس جگہ کی خصوصیت یہ ہے کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دورۂ اٹلی 2010ء کے دوران اس ہال میں تقریب آمین کروائی تھی اور نمازیں پڑھائی تھیں۔

2014ء سے اب تک جماعت اپنا جلسہ سالانہ اور ذیلی تنظیموں کا سالانہ اجتماع محترم جنرالی صاحب (اس پراپرٹی کے سابقہ مالک)کی اجازت سے وہاں منعقد کروا رہی ہے ۔ محترم جنرالی صاحب بہت اچھے ہمسائے اور جماعت کے بہت مخلص دوست ہیں۔ جب سے جماعت یہ جگہ استعمال کر رہی ہے انہوں نے جماعت کے اصرار کے باوجود کبھی کوئی کرایہ نہیں وصول کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل اور مشن ہاوس کمیٹی کی کاوشوں کے نتیجہ میں یہ سودا طے پاگیا۔ مالک نے یہ بات بھی مان لی کہ جماعت طَے شدہ رقم دو سال کے عرصہ میں ادا کر دے۔

پراپرٹی کا زیادہ تر حصہ تعمیر شدہ حالت میں ہے جسے انشاءاللہ مکمل کیا جائے گا۔ ایک بڑا ہال چند تبدیلیوں کے بعد جلسہ سالانہ ، اجتماع اور دیگر نیشنل پروگرامز کے موقع پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسی ہال کے پیچھے ایک اَور ہال موجود ہے جس کی دو اطراف کھلی ہیں وہاں نیشنل پروگراموں کے دورانِ ضیافت کا انتظام کیا جاتا ہے۔ نیز ایک اَور ہال جو کہ بیت التوحید کے مردانہ ہال کے ساتھ واقع ہے اور کم و بیش اُسی وسعت کا ہے، چند تبدیلیوں کے بعد پہلے والے ہال کا ہی حصہ بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس پراپرٹی میں ایک دومنزلہ عمارت نامکمل حالت میں ہے جسے بعد ازاں مرکز کی ہدایت کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
پراپرٹی کی خرید کے دوران مشن ہاوس کمیٹی جس میں سیکرٹری جائیداد ، سیکرٹری ضیافت ، سیکرٹری وقفِ نَو اور صدر جماعت بلونیا شامل ہیں تمام ممبران نے مکرم نیشنل صدر صاحب کی نگرانی میں بہت محنت کی اور اس کام کو پایہ ٔتکمیل تک پہنچایا۔ اللہ تعالیٰ ان سب ممبران کو جزائے خیر سے نوازے اور جماعت احمدیہ اٹلی کے لیے یہ تاریخی قدم ہر لحاظ سے مبارک کرے۔ آمین!

(رپورٹ: کاشف کمال۔ اٹلی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. I am delighted to know Jamaat Italy has finally purchased this property. It is a sign of Jamaat progress. I must mention her e that my father Muhammad Ibrahim Khalil was the first ahmdiyya missionary who was stationed in Sicily along with Usman Siddqui sahib. They arrived in Italy in 1948 and were arrested on trumped up charges being spies. And the seed they sow has now turned into a blossoming tree.
    alhamdolillah

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button