مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت معیت میں مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کا وفد

مورخہ 09؍ تا 12؍ جنوری 2020ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 09؍جنوری بروز جمعرات: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج نمازِ ظہر سے قبل دفترAMJ، وکالت مال اور وکالت تعمیل و تنفیذ (برائے انڈیا، نیپال و بھوٹان) کا دورہ فرمایا۔ اس موقع پر حضورِ انور نے کمرہ ملاقات اور ایک عدد پوسٹ حفاظتِ خاص کا بھی معائنہ فرمایا۔

٭… 10؍جنوری بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص و وفا کے پیکر بدری صحابی حضرت سعد بن عبادہؓ کی سیرت مبارکہ کا دل نشیں تذکرہ فرمایا۔

٭…حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج شام نمازِ عشاء سے پہلے آدھے گھنٹے سے کچھ زائد وقت کے لیے اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کراسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والے متفرق امور کا معائنہ فرمایا اور ضروری ہدایات سے نوازا۔ آج کے راؤنڈ کے دوران حضور پُر نور نے استقبالیہ اسلام آباد، مزارِ مبارک کے سامنے والی سڑک کے اطراف پر ہونے والے کام، دفاتر و کمرہ ملاقات کے سامنے تعمیر ہونے والے شیڈز (shades)، نصرت بلاک (لجنہ ہال) ، دفتر وکالت تبشیر، نو تعمیر شدہ دفتر انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا و دیگر جگہوں پر ہونے والے کاموں کا معائنہ فرمایا۔

حضور پُر نور آج اسلام آباد کے رہائشی محترم رضوان احمد صاحب کے گھر بھی تشریف لے گئے اور اسے متبرک فرمایا۔

راؤنڈ کے دوران شدید سردی کے باوجود مختلف مقامات پر بچے،بچیاں، مرد و خواتین جمع ہو کرحضورِ انور کا دیدار کرتے رہے۔ حضورِ انور جب وکالت تبشیر میں رونق افروز تھے تو نمازِ عشاء کی اذان شروع ہو گئی۔ حضورِ انور اس کے بعد اپنے دفتر تشریف لے گئے اور کچھ دیر بعد مسجد مبارک میں رونق افروز ہو کر نمازِ عشاء پڑھائی۔

٭…11؍ جنوری بروز ہفتہ: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے ایک وفد کی حضور انور کے ساتھ ملاقات تھی۔ یہ ملاقات عثمان چُو بلاک، اسلام آباد میں واقع ہال میں منعقد ہوئی جس میں خدام نے اپنے پیارے آقا سے مختلف نوعیت کے سوالات کر کے جوابات حاصل کیے۔

٭…حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج نمازِ ظہر و عصر سے قبل مسجد مبارک کے باہر تشريف لا کر مکرم احمد رشید خواجہ صاحب (ریڈنگ۔ یوکے) کي نماز جنازہ حاضر پڑھائي اور پسماندگان سے ملاقات فرمائي۔ حضورِ انور نے جنازہ حاضر کے ساتھ 04؍ مرحومين کي نمازِ جنازہ غائب بھي پڑھائي۔

٭…12؍ جنوری بروز اتوار: آج نمازِ ظہر و عصر کے بعد ایوانِ مسرور میں جماعت احمدیہ برطانیہ کی نیشنل مجلسِ عاملہ ، ریجنل امراء و مبلّغین کرام کی حضور انور کے ساتھ ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں حضورِ انور نے شاملین سے متفرق امور کے بارے میں جائزہ حاصل کیا اور ازراہِ شفقت ہدایات عطا فرمائیں۔ یہ ملاقات نمازِ مغرب سے کچھ دیر پہلے ختم ہوئی۔ ملاقات کے اختتام پر چار گروپ فوٹوز ہوئیں۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

حضورِ انور نے مورخہ 06؍ تا 12؍ جنوری 2020ء کے دوران پانچ روز دفتري اور چھ روز فیملی ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔

اس دوران 71؍ فيمليز اور 73؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 144؍ تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل ممالک سے تھا: امریکہ، کینیڈا، جرمنی، پاکستان اور یوکے۔

اللّٰھم ایّد امامنا بروح القدس

و کُن معہ حیث ما کانَ وانصرہُ نصرًا عزیزا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button