جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ سینیگال کا آٹھواں جلسہ سالانہ

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

مرکزی نمائندہ اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے وفود کی جلسہ میں شرکت

جلسہ سالانہ سینیگال میں 9 ممالک کی نمائندگی ۔کُل حاضری 3560رہی

محض اللہ تعاليٰ کے فضل و رحم کے ساتھ جماعت احمديہ سينيگال کو اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ مورخہ 27تا 29 دسمبر 2019ءسينيگال کے دارالحکومت ڈاکار ميں موجود جماعتي احاطہ ،احمديہ مشن ہاؤس ميں منعقد کرنے کي توفيق ملي۔ الحمد للہ عليٰ ذلک۔

جماعت احمديہ کے سالانہ کيلنڈر کا اہم ترين پروگرام جلسہ سالانہ ہوتا ہے۔ امسال فروري کے پہلے ہفتے ميں ہي جلسہ سالانہ کي نظامتوں کے افسران کي ميٹنگ ہوئي جس ميں ‘سرخ کتاب’ ميں لکھے جانے والے گزشتہ جلسہ پر پيش آمدہ امور زيرِ بحث آئے۔ بعد ازاں ہر نظامت نے آئندہ سال کے ليے اپني منصوبہ بندي پيش کي اور دوران سال تياريوں کے متعلق آگاہ کيا۔ اس طرح دوران سال مختلف اوقات ميں ميٹنگ کر کے جلسہ کے انتظام کي پيش بندي پر منظم عمل درآمد کرنے کي کوششيں کي گئيں۔

امسال جلسہ سالانہ سينيگال کا عنوان ‘اسلام اور شہريوں کي ذمہ دارياں’رکھا گيا تھا۔

جلسہ سالانہ سينيگال 2019ءکي ايک خاص بات يہ ہے کہ امسال حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ نے از راہ شفقت مکرم کمال زين بروجا صاحب کو بطور نمائندہ بھجوايا۔ ان کے علاوہ مکرم محمد احمد نعيم صاحب عربي ڈيسک،5؍افراد کا وفد الجزائر سے، 4؍افراد کا وفد موريطانيہ سے ،4؍افراد کا وفد گيمبيا سے، 5؍افراد کا وفد گني بساؤسے اور ايک نمائندہ جرمني سے اس جلسہ ميں شامل ہوئے۔ مجموعي طور پر جلسہ سالانہ سينيگال ميں 9؍ممالک کي نمائندگي ہوئي۔

مہمانوں کي متوقع آمد کے پيشِ نظر گذشتہ سال کي نسبت زيادہ رہائشي خيمے بھي لگائے گئے۔ 20؍خدام ملک کے مختلف ريجنز سے آ کر تين ماہ تک مستقل جلسہ کي تياريوں کے ليے وقار عمل کرتے رہے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

جلسے ميں شموليت کي غرض سے مورخہ 26؍دسمبر کو ہي ملک کے طول و عرض سے قافلوں کي آمد کا سلسلہ شروع ہو گيا ۔اور سب سے لمبا ، 700 کلوميٹر سفر کر کے جو قافلہ پہنچا وہ کولڈا ريجن سے آيا ۔ملک کے تمام ريجنز نے بھرپور نمائندگي کي۔

جلسہ کے تينوں دن جماعتي روايات کے مطابق بھرپور گزرے۔ جن کا آغازباجماعت نماز تہجد،نماز فجر اور درس القرآن کے ساتھ ہوتا رہا۔ پہلے دن 27؍دسمبر بروز جمعةالمبارک مکرم ناصر احمد سدھوصاحب امير جماعت سينيگال نے خطبہ جمعہ ديا اور نماز جمعہ کي امامت کروائي۔ پروگرام کے مطابق شام ساڑھے چار بجے مکرم کمال زين بروجا صاحب نے لوائے احمديت لہرايا اور احمديہ مشن ہاؤس کے علاقے کي کونسل کے وائس ميئر جو 16؍افراد کے وفد کے ساتھ جلسہ ميں شامل ہوئےتھے انہوں  نے سينيگال کا قومي پرچم لہرايا۔ پرچم کشائي کے بعد مکرم کمال زين بروجا صاحب کي زير صدارت افتتاحي سيشن ہوا جس کے آخر ميں مکرم کمال صاحب نے حضورِ انور کا محبت بھرا سلام پہنچايا جس سے خلافت کے پروانوں کو تسکين حاصل ہوئي۔ موصوف نے دعا بھي کروائي۔ بعد از نماز مغرب و عشاء مقامي جلسہ جات کا انعقاد ہوا جو ملک کي لوکل زبانوں،وولف،سيرير،فولا،جولا ميں مقررہ جگہوں پر منعقد ہوئے۔

دوسرے روز خواتين کا عليحدہ سيشن ہوا جب کہ مردانہ جلسہ گاہ ميں بھي پروگرام کے مطابق مختلف موضوعات پر مقررين نے تقارير کيں۔ جن ميں جلسے کے عنوان کي مناسبت سے ‘معاشرے کي تعليم و تربيت’، ‘ماحول کي صفائي’ اور ‘اداروں کا احترام ’ وغيرہ موضوعات پر تقارير ہوئيں۔ شام کے سيشن کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کي گئيں۔ جس کے بعد مذکورہ بالا زبانوں ميں مقامي جلسے منعقد ہوئے۔

تيسرے روز اختتامي سيشن کي صدارت مکرم محمد احمد نعيم صاحب (عربي ڈيسک لندن) نے کي۔ انہوں نے طلباء ميں انعامات بھي تقسيم کيے۔ اپنے اختتامي خطاب ميں انہوں نے صداقت حضرت مسيح موعود عليہ السلام پر مختلف پيراؤں سے روشني ڈالي۔ دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذير ہوا۔

جلسہ سالانہ سينيگال ميں نو ممالک کي نمائندگي کے ساتھ کل حاضري 3560رہي۔ الحمد للہ عليٰ ذلک

جلسہ ميں اور بہت سي دلچسپيوں ميں سے ايک نمائش بھي تھي جسے شاملين جلسہ اور مہمانان کرام او ر زير تبليغ افراد نے بکثرت ديکھا۔ نمائش ميں عربي اور فرنچ زبان ميں تمام لٹريچر آويزاں کيا گيا تھا اس کے علاوہ قرآن کريم کے 30؍سے زائد زبانوں ميں تراجم بھي نمائش کا اہم جزو تھے۔ حضرت مسيح موعود عليہ السلام و خلفائے کرام کي تصاوير بھي ہر نظر کو کھينچتي تھيں۔ نمائش سے خصوصا ً وولف ، منڈينگا اور فولا زبان ميں ترجمة القرآن بہت سے احباب نے خريدے۔

جلسہ سالانہ پر مختلف معززين علاقہ ،مختلف ريجنز کے ميئرز، وائس ميئرز اور حکومتي انتظاميہ کے نمائندوں نے خطاب کيا اور جماعت کي ديني اور انساني خدمات کا اعتراف کر کے تعريفي کلمات کہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعاليٰ  تمام حاضرين کو جلسہ کي برکات سے فائدہ اٹھانے کي توفيق دے اور حضرت مسيح موعود عليہ السلام کي شاملين جلسہ کے ليے کي گئي تمام دعائيں ہمارے حق ميں قبول ہوں ۔آمين

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button