مصروفیات حضور انور

وسّع مکانک (تذکرہ)

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اسلام آباد ۔ ٹلفورڈ کے قریب نئی خریدی جانے والی جماعتی عمارات کا معائنہ

اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے مسیح و مہدی حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی علیہ الصلوٰۃ والسلام کو 1882ء میں ایک عظیم الشان پیشگوئی وَسِّعْ مَکَانَکَ(تذکرہ) سے بصورت الہام سرفراز فرمایا۔ آج ہر چڑھتا سورج بلا مبالغہ دنیا کے اطراف میں قائم جماعتِ احمدیہ مسلمہ میں اجتماعی اور انفرادی ہر لحاظ سے پیدا ہونے والی وسعتوں کا پیغام لاتے ہوئے اس پیشگوئی کی صداقت کی گواہی دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے حال ہی میں جماعتِ احمدیہ کو اسلام آباد کے قریب شہر ‘فارنہم’ میں تین نئی عمارات خریدنے کی توفیق حاصل ہوئی ۔فالحمد للہ علیٰ ذالک

اپریل 2019ء میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اسلام آباد منتقل ہونے کے کچھ عرصہ بعد ہی لجنہ اماءاللہ برطانیہ نے اسلام آباد کے قریب اپنے دفتر کو منتقل کرنے کے لیے پراپرٹی کی تلاش شروع کر دی۔ چنانچہ حضورِ انور کی خدمتِ اقدس سےCoxbridge بزنس پارک میں موجود تین برائے فروخت عمارات (units)میں سے ایک کو لجنہ اماء اللہ برطانیہ جبکہ دیگر دو کو مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن (MSAF)نے خریدنے کی اجازت حاصل کی۔

کچھ عرصہ قبل جب ضابطے کی کارروائی کی تکمیل کے بعد جماعتی انتظامیہ کو ان عمارات کا قبضہ حاصل ہوا تو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں ان کا معائنہ فرمانے کی درخواست پیش کی گئی۔حضورِ انور ازراہِ شفقت اس درخواست کو منظور فرماتے ہوئے مورخہ 24؍ دسمبر بروز منگل ساڑھے گیارہ بجے صبح کے قریب فارنہم میں A31 پر واقع Coxbridge Business Park میں رونق افروز ہوئے۔ مکرم ڈاکٹر چودھری ناصر احمد (چیئرمین مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن) نے حضورِ انور کا استقبال کیا۔

سب سے پہلے حضور پُر نور لجنہ اماء اللہ برطانیہ کی خرید کردہ عمارت (یونٹ B1) کی طرف تشریف لے گئے جہاں ایک بچی عزیزہ صاعدہ خان نے حضور پُر نور کی خدمتِ اقدس میں خوبصورت پھولوں کا گل دستہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ محترمہ ڈاکٹر فریحہ خان(صدرلجنہ اماءاللہ برطانیہ) نے اکثر ممبرات عاملہ کے ساتھ پیارے آقا کا استقبال کیا۔ حضورِ انور نے پہلے عمارت کی دونوں منزلوں پر موجود تمام کمروں اور کچن وغیرہ کا تفصیلی معائنہ فرمایا، ان کی بابت معلومات حاصل کیں اور بعض ہدایات سے نوازا۔ بالائی منزل پر ایک کمرے سے باہر کا نظارہ (view)فرماتے ہوئے اسے پسند فرمایا۔ معائنے کے بعد حضورِ انور کی خدمت میں اس خوشی کے موقعے کی مناسبت سے گلاب جامن پیش کیے گئے جنہیں پیارے حضور نے متبرک فرمایااور پھر دعا کروائی۔ آج کے روز ہی حضورِ اقدس نے اس دفتر کی کشادگی کو پسند فرماتے ہوئے اس کا نام ’’ایوانِ نصرت جہاں‘‘ عطا فرمایا۔

حضورِ انور عمارت کا معائنہ فرما کر باہر تشریف لائے تو چند منٹ کھڑے ہو کر ماحول کا جائزہ لیتے رہے۔اس کے بعد دوسرے یونٹ (B2 )میں تشریف لے گئے۔ حضور پُر نور نے اس عمارت کی زیریں اور پھر بالائی منزل پر موجود تمام کمروں اور کچن وغیرہ کا تفصیلی معائنہ فرمایا اور متفرق امور کی بابت دریافت فرماتے رہے۔

اس عمارت کا تفصیلی معائنہ فرمالینے کے بعدحضورِ اقدس تیسرے یونٹ A3کی طرف روانہ ہوئے۔ یہ یونٹ زیریں اور بالائی منزل پر دو بڑے ہالز (open plan halls) پر مشتمل ہے۔ حضورِ انور نے زیریں منزل پر واقع ہال کے معائنے کے دوران یہاں موجود کیک کاٹا۔ بعد ازاں بالائی منزل کا معائنہ فرما کے پھر گراؤنڈ فلور پر تشریف لے آئے اور دعا کروائی۔ پھر کچھ دیر عمارت کی کھڑکی سے باہر کے ماحول کا معائنہ فرمانے کے بعد وہاں موجود ایک کرسی پر رونق افروز ہو گئے۔ اس موقعے پر کشمیری چائے اور ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ حضورِ انور نے یہاں پندرہ منٹ کے قریب قیام فرمایاجس دوران حضورِ انور کی خدمت میں چائے اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس دوران حضور نے قبلہ رُخ کے بارے میں استفسار فرمایا چنانچہ حضور پُر نور کو قبلے کی سمت کے بارے میں بتایا گیا۔ حضورِ انور نے انتظامیہ سے عمارت کے باہر موجود خدام کو ریفریشمنٹ پہنچانے کے بارے میں بھی استفسار فرمایا۔

تقریباً بارہ بجے حضورِ انور یہاں سے نکل کر اپنی سواری میں تشریف فرما ہوئے اور قافلہ رقیم پریس کے لیے روانہ ہوا۔ حضورِ انور نے رقیم پریس کی عمارت میں پہنچ کر رقیم پریس، ایڈیشنل وکالت تصنیف، عربی ڈیسک اور چائنیز ڈیسک کے دفاتر کا معائنہ فرمایا اور وہاں موجود احباب سے گفتگو فرمائی۔

یہاں سے قافلہ سوا بارہ بجے کے بعد روانہ ہوا اور قریباً ساڑھے بارہ بجے حضورِ انور اسلام آباد کی ہمسائیگی میں حال ہی میں خریدے جانے والے گیسٹ ہاؤس لجنہ اماء اللہ برطانیہ میں تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت یہاں بھی تینوں منزلوںمیں موجود کمروں وغیرہ نیز عمارت کے عقب میں موجود باغیچے کا تفصیلی معائنہ فرمایا اور بعض ہدایات سے نوازا۔ معائنے کی تکمیل کے بعد حضور پُر نور نے دعا کروائی۔ اس موقعے پر حضور پُر نور نے محترمہ صدر صاحبہ لجنہ سے Coxbridge بزنس سنٹر میں خریدے جانے والے دفتر کے نام کے بارے میں پوچھا۔ اور پھر ازراہِ شفقت اس کا نام جیسا کہ ذکر کیا جا چکا ہے ’’ایوانِ نصرت جہاں‘‘ عطا فرمایا۔

گیسٹ ہاؤس لجنہ اماءاللہ کا معائنہ فرمانے کے بعد حضورِ اقدس نے باری باری ہمسائیگی میں رہنے والے چار خوش نصیب احمدی احباب محترم اعجاز احمد خان، محترم حاذق رحمٰن، محترم حاجی غلام مصطفیٰ اور محترم حافظ سیّد مشہود احمد کے گھروں میں کچھ دیر کے لیے تشریف لے جا کر انہیں متبرک فرمایا اور پھر اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل اس تاریخی موقعے پر حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور جماعتہائے احمدیہ عالمگیر کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اسی طرح خلافتِ احمدیہ کے بابرکت سائے میں جماعت احمدیہ کو وسعتیں عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button