جلسہ سالانہ

جنوبی امریکہ کے ملک فرنچ گیانا کے چوتھے جلسہ سالانہ کا انعقاد

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے خصوصی پیغام

تعلیمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےمہمانوں کی شرکت

اللہ تعالیٰ کا فضل و احسان ہے کہ جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ مورخہ 24؍نومبر2019ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس مبارک جلسہ کا انعقاد Cayenne شہر میں موجود جماعت کے مشن ہاوس کے ملحقہ ہال میں کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کی تیاری

جلسہ کے انتظامات کو احسن رنگ میں منظم کرنے کے لیے امسال مشن ہاؤس کے ایک حصہ کو concreteکیا گیا جہاں جھنڈوں کی جگہ بھی پکی کی گئی۔ اس کے علاوہ اَوربہت سے کام وقار عمل سے کیے گئے مثلاًمشن ہاؤس کی بیرونی دیواروں اور صدر دروازے کو رنگ و روغن نیز جلسہ گاہ کو پینٹ اور renovateکیا گیا۔

جلسہ کے دعوتی کارڈ تیار کیے گئے اور جماعت کے احباب نیز غیروں کو مدعو کیا گیا۔ اس سلسلہ میں امسال خاص کوشش کی گئی تا کہ زیادہ سے زیادہ احباب جلسہ میں شامل ہوں۔ خاکسار اور مشنری انچارج صاحب لوگوں کے گھروں نیز Cayenne شہر کے گرد و نواح میں گئے جہاں لوگوں سے ملاقاتیں کی اور جلسہ کی دعوت دی۔اس طرح ہمارے لیے یہ موقع تبلیغ کا بھی بہترین ذریعہ بن گیا تھا۔

پرچم کشائی کی تقریب اور جلسہ سالانہ کا آغاز

پرچم کشائی کی تقریب صبح 11؍بجے ہوئی۔تقریب کے دوران احباب جماعت

رَبّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إنَّکَ أَنْتَ السَّمِيْعُ الْعَلِيم

کی دعا کا ورد کرتے رہے۔ جس کے آخر میں مولانا صدیق احمد منور صاحب صدر و مشنری انچارج فرنچ گیانا نے دعا کرائی۔

جلسہ سالانہ کے اجلاس کا انعقاد

اجلاس کی صدارت مکرم مشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عربی زبان میں قصیدہ ‘یا عین فیض اللّٰہ و العرفان’ پیش کیا گیا ۔اس کے بعد اس کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔بعد ازاں مکرم شکیل احمد صاحب (آف فرانس)نے جماعت کا فرنچ زبان میں مختصر تعارف کرایا اور فرنچ زبان میں حضورِ اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ اعزیز کا جماعت کے نام اہم اور بابرکت پیغام پڑ کر سنایا۔ (اس پیغام کے اردو مفہوم کے لیے صفحہ نمبر 10 ملاحظہ فرمائیں)اجلاس کی دوسری تقریر خاکسار کو ‘امن کو قائم کرنے کے لیے قرآن مجید کی تعلیما ت کی رو سے ہماری ذمہ داریاں’ کے موضوع پر فرنچ زبان میں کرنے کی توفیق ملی۔ تیسری تقریر مولانا مقصود احمد منصور صاحب مشنری انچارج گیانا نے انگریزی زبان میں کی۔ ان کی تقریر کا موضوع تھا ‘جماعت گیانا کا تعارف اور ان کے جلسہ کے تاثرات ’جس کا خاکسار نے ساتھ ساتھ فرنچ میں ترجمہ کیا۔ اجلاس کی چوتھی تقریر مکرم Jacques Bertholle صاحب کی ‘فرنچ گیانا میں بین المذاہب ہم آہنگی قائم کرنے میںجماعت احمدیہ کا کردار’ کے موضوع پر تھی۔ محترم Jacques Bertholle صاحب فرنچ گیانا میں مسلمانوں اورعیسائیوں کے مابین interfaith dialogueکے انچارج ہیں اور جماعت کے قریبی دوست بھی۔

اس اجلاس کی پانچویں تقریر مکرم خالدDalceصاحب کی تھی جس کا عنوان ‘شمائل النبیﷺ ’ تھا ۔یہ تقریر بھی فرنچ زبان میں کی گئی ۔

ان تقاریر کے بعد جلسے پر تشریف لانے والے مہمانوں نے اظہارِ خیال کیا۔ ان تمام مہمانوں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اکثر نے پروگرام کے بعد کہا کہ انہیں ہمارے جلسہ میں شامل ہو کر اسلام کی حقیقی تصویر دیکھنے اور سننے کو ملی ہے۔ الحمدللہ۔

مہمانوں کی تقاریر کے بعداطفال و ناصرات کے ایک گروپ نے مل کر فرنچ زبان میں ترانہ پیش کیا جو خدا تعالیٰ کی وحدانیت کے موضوع پر تھا۔

اجلاس کی اختتامی تقریر مکرم مشنری انچارج صاحب کی تھی جس کے آخر میں مولانا صاحب نے جملہ حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔

ازاں بعد جملہ شرکاء کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس جلسہ میں 4 ملکوں کی نمائندگی ہوئی اور شاملین کی کل تعداد امسال 150؍رہی۔الحمدللہ۔

اللہ تعالیٰ جماعت فرنچ گیانا کو مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین۔

(رپورٹ:محمد بشارت مربی سلسلہ افسر جلسہ سالانہ فرنچ گیانا، نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button