یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں مجلس صحت کا قیام ۔ باسکٹ بال ، والی بال ٹورنامنٹ

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

تیسرا چودھری محمد علی میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ

برطانیہ میں مجلس صحت کی فعالیت کو دیکھتے ہوئے ایک عرصہ سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے جرمنی میں بھی مجلس صحت کے قیام کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ چنانچہ امسال یعنی 2019ء میں بعض نوجوانوں کے مشورہ کو قبول کرتے ہوئے محترم امیر صاحب جرمنی نے حضور ایدہ اللہ سے جرمنی میں مجلس صحت کے قیام کی منظوری کے لیے لکھا جس کو از راہِ شفقت حضور انور نے منظور فرمایا ۔جس کے بعد امسال ماہ اپریل میں جرمنی میں مجلس صحت قائم ہوئی اور مکرم ملک ابرارالحق صاحب صدر مجلس صحت جرمنی مقرر ہوئے۔ جنہوں نے 9مختلف کھیلوں کے لیے 9نگرانوں کا تقرر کرنے کےساتھ مکرم عطاء القدوس کو سیکرٹری مجلس صحت بنایا۔ امسال جرمنی کی کرکٹ ٹیم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ شارجہ میں ہونے والے انٹر نیشنل ٹورنامنٹ میں اول پوزیشن حاصل کی۔

تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن جرمنی گذشتہ دو سال سے اپنے محسن اور شفیق استاد چودھری محمد علی صاحب کی یاد میں ماہ دسمبر میں باسکٹ بال کا ٹورنامنٹ منعقد کرتی ہے جس میں انگلستان سے باسکٹ بال کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔

چنانچہ امسال مجلس صحت کے قیام کے بعد دونوں تنظیموں نے ایک ہی وقت میں دو علیحدہ علیحدہ ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کیا ۔

7 دسمبر کو مجلس صحت نے باسکٹ بال ٹورنامنٹ اور 8 دسمبر کو والی بال کا یورپین ٹورنامنٹ کروایا جب کہ اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے 8 دسمبر کو چودھری محمد علی میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد بیت السبوح فرینکفرٹ میں کروایا۔ تقسیم انعامات کی مشترکہ تقریب اورڈنر 8 دسمبر کی شام کو بیت السبوح میں ہوئے جس میں محترم امیرصاحب جرمنی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مجلس صحت کے ٹورنامنٹ

7دسمبر کو دوپہر ظہر و عصر کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج نے جرمنی اور بیرون از جرمنی سے آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کھیل کے ظاہری و باطنی فوائد پر نہایت پر اثر مختصر تقریر کی ۔ اور پھر دعا کروائی ۔ باسکٹ بال کے میچز رات دس بجے تک جاری رہے۔ درمیان میں نمازوں کے وقفہ کے دوران محترم امیر صاحب جرمنی نے بھی سپورٹس ہال میں تشریف لا کر کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی ۔ کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے کھانے کا انتظام بھی سپورٹس ہال میں ہی تھا۔
8دسمبر کی صبح اسی سپورٹس ہال (weiter stadt sportshall) میں سارا دن والی بال کے مقابلے ہوئے جس میں جرمنی کی دو ٹیموں کے علاوہ سوئٹزر لینڈ ، بیلجیم اور ہالینڈ کی والی بال ٹیموں نے شرکت کی ۔ جرمنی کی اے ٹیم نے چیمپین ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔

جبکہ باسکٹ بال میں برطانیہ کی ٹیم نے جرمنی کو شکست دے کر اول پوزیشن حاصل کی۔

چودھری محمد علی میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ

8دسمبر کو تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے پرچم تلے چودھری محمد علی میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہوا جس کا سارا خرچہ کالج کے سابق طلبہ نے بطور عطیہ دیا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے آغاز میں عبدالحنان ڈوگر صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی۔ درثمین میں سے ثاقب مسعود صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سابق طالب علم منیر احمد باجوہ کے خاص اس موقع کے لیے کہے چند اشعار بھی پیش کیے ۔ مکرم حیدر علی ظفر صاحب نائب امیر کے افتتاحی کلمات اور دعا کے ساتھ ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں جرمنی اور برطانیہ سے اولڈ بوائز پر مشتمل دو دو ٹیمیں شامل تھیں ۔ ناصر باسکٹ بال ٹورنامنٹ کی یاد کو تازہ کرنے کے لیے بچوں کے درمیان بھی باسکٹ بال کا میچ کروایا گیا۔ مقابلے شام تک جاری رہے ۔ اور یہ ٹورنامنٹ بھی برطانیہ کی ٹیم نے جیت کر ٹرافی حاصل کی ۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات اس موقع پر تیار کیا جانے والا بینر تھا جس میں ٹیموں کے گروپ فوٹوز کے علاوہ وہ سابق کھلاڑی جن کو پاکستان نیشنل ٹیم میں شامل رہنے کا اعزاز حاصل رہا ان کی تصاویر بھی شامل کی گئی تھیں۔ اسی طرح 82سالہ قریشی ضیاء الحق صاحب کو جو اس ٹورنامنٹ میں انگلستان سے سفر کر کے تشریف لائے تھے خصوصی طور پر خوش آمدید کہا گیا۔

تقسیم انعامات و عشائیہ

8 دسمبر اتوار کے روز نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تقسیم انعامات کی مشترکہ تقریب مکرم امیر صاحب جرمنی کی صدارت میں شروع ہوئی ۔ مکرم جری اللہ صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن پاک کی ۔ مکرم عبدالغفور ڈوگر صاحب صدر تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن اور مجلس صحت کے مکرم عاطف ورک نے اپنے اپنے ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی۔ ملک ابرار الحق صاحب صدر مجلس صحت نے کھلاڑیوں کے علاوہ ساتھ کام کرنے والے کارکنان کا شکریہ ادا کیا ۔خصوصاً مہمانوں کو ٹھہرانے اور سپورٹس ہال میں کھانا مہیا کرنے پر لوکل امیر صاحبان ، ڈام سٹڈ، مورفیلڈن اور گروس گیرائو کے لیے ممنونیت کا اظہار کیا۔ محترم امیر صاحب نے کھلاڑیوں میں انعامات و میڈل تقسیم کیے ۔ اپنی مختصر تقریر میں انہوں نے نے ورزش کی اہمیت کی طرف حاضرین کو توجہ دلائی۔ دعا کے بعد تمام حاضرین جن کی تعداد دو سو کے قریب تھی مجلس صحت کی طرف سے پر تکلف ڈنر کا اہتمام تھا۔ جو حسن انتظام کے اعتبار سے بھی اپنی مثال آپ تھا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button