ایشیا (رپورٹس)

بھارت میں ذیلی تنظیموں کے اجتماعات کا انعقاد

لجنہ اماء اللہ بھارت کا 25واں سالانہ اجتماع

قادیان کی مقدس بستی میں لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ بھارت کا 25واںسالانہ اجتماع مورخہ18تا 20؍ اکتوبر 2019ء کو بمقام بستان احمدؑ شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں بھارت کے 22صوبہ جات کی 175 مجالس سے 682 مہمان مستورات نے شرکت کی۔

مورخہ 18؍ اکتوبر کو اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں لوائے لجنہ اماء اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ اجتماع کے اس موقع پر سیدنا امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنا روح پرور پیغام مرحمت فرمایا جس کو صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت نے پڑھ کر سنایا بعد ازاں سالانہ کارگذاری رپورٹ لجنہ اماء اللہ بھارت پیش کی گئی۔ صدارتی خطاب اور دعا سے افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس اجتماع میں لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کے درمیان مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے جس میں لجنہ و ناصرات نے بھر پور رنگ میں حصہ لیا۔ اس اجتماع کے موقع پر پردہ کی رعایت سے محترم ناظر صاحب اعلیٰ نے ممبرات سے خطاب فرمایا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں نصائح کیں۔

اس اجتماع کے موقع پر کولکتہ کی مجلس نے مذاکرہ پیش کیا، مجلس حیدر آباد کی لجنہ ڈاکومنٹری پیش کی اور قادیان کی لجنہ نے تربیتی سیمینار پیش کیا نیز علمی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مورخہ 20؍ اکتوبر کی شام کو اجتماع کی تقریب زیر صدارت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حسن کارکردگی میں پوزیشن حاصل کرنے والی مجالس اور علمی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات کو انعامات سے نوازا گیا۔ صدر صاحبہ کے خطاب اور اجتماعی دعا سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کا سہ روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا پچاسواں سالانہ اجتماع

قادیان دار الامان میں مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا 50واں اور مجلس اطفال الاحمدیہ کا 41واں سالانہ اجتماع مورخہ 18 تا 20؍ اکتوبر 2019ء کو شایان شان طریق پر منعقد کی گیا۔ امسال مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا پچاسواں سالانہ اجتماع ہونے کی وجہ سے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے بعض خصوصی پروگرامز بھی منعقد ہوئے۔

اس تاریخی اجتماع کا Theme ‘تعلق باللہ’ تھا جس میں ہندوستان کے 22 صوبہ جات کی کُل 265 مجالس سے 2728 خدام و اطفال نے شمولیت اختیار کی جن میں 324 نو مبائعین شامل ہیں۔

مورخہ 18؍ اکتوبر کو نماز تہجد، نماز فجر اور خصوصی درس سے اجتماع کے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب اسی روز بعد نمازِ جمعہ منعقد کی گئی جس میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا گیا۔ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مبارک پیغام برموقع سالانہ اجتماع بنام خدام و اطفال بھارت حاضرین کو پڑھ کر سنایا گیا اور سالانہ کارگزاری رپورٹ مجلس خدام الاحمدیہ بھارت پیش کی گئی۔ حضور انور کا روح پرور پیغام ہندوستان کی 6 علاقائی زبانوں (انگریزی، بنگالی، اُڑیہ، تامل، ملیالم اور ہندی) میں ترجمہ کرواکر خدام و اطفال میں تقسیم بھی کروایا گیا۔ اس سہ روزہ اجتماع میں خدام و اطفال کے مابین علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں خدام و اطفال نے ذوق و شوق سے حصہ لیا۔

اجتماع کے دوسرے روز مجلس اطفال الاحمدیہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مجلس اطفال الاحمدیہ بھارت کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی گئی۔ اسی روز مکرم صدر صاحب مجلس صحت کی زیر صدارت ورزشی مقابلہ جات کا رسمی افتتاح بھی عمل میں لایا گیا جس میں لوائے ہند لہرایا گیا۔
اس اجتماع کے موقع پر ‘تبلیغ’ کے عنوان پر خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں تبلیغ کے حوالہ سے مختلف Workshops منعقد ہوئے جن سے خدام و اطفال نے بھر پور رنگ میں فائدہ اٹھایا۔ محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) نے بھی اس نمائش کا وزٹ کرکے خدام و اطفال کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

اجتماع کے موقع پر خلفائے کرام کی عظیم الشان روحانی قیادت میں بھارت کے اجتماعات کی تدریجی ترقی اور خلفائے کرام کی خدام احمدیت سے توقعات اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خدام الاحمدیہ کو ارشادات پر مشتمل ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

امسال پچاسویں اجتماع کے اس خصوصی موقع پر خدام الاحمدیہ کے Logo کے ساتھ T-Shirts ، Caps، Keyrings اور Pens تیار کروائے گئے۔

اس تاریخی اجتماع کے موقع پر پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں 27 مختلف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان شامل ہوئے۔ مختلف صوبائی اخبارات اور ٹی وی چینلز میں اجتماع کی خبریں شائع اور نشر ہوتی رہیں۔

اس موقع پر وفود کی شکل میں مختلف صوبہ جات سے تعلق رکھنے والے خدام و اطفال کو مقامات مقدسہ کی زیارت اور تعارف کرانے کا پروگرام بھی رکھا گیا جس سے 112 خدام نے استفادہ کیا۔
اجتماع کی اختتامی تقریب مورخہ 20؍ اکتوبر کی شام کو زیر صدارت محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان)منعقد ہوئی۔ اختتامی تقریب میں ہندوستان بھر کی مجالس میں سے حسن کارگزاری کے لحاظ سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کی مجالس کو سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بابرکت دستخطوں والی سندات محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے بطور انعام دیں جس کے بعد انہوں نے اجتماعی دعا کروائی جس کے ساتھ اجتماع کے سہ روزہ پروگرامز اختتام پذیر ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

مجلس انصار اللہ بھارت کا 39واں سالانہ اجتماع

مورخہ 18؍ تا 20؍ اکتوبر 2019ء کو قادیان دار الامان میں مجلس انصار اللہ بھارت کا 39 واں سالانہ اجتماع نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں انڈیا کی 23 صوبہ جات کی 207 مجالس سے 1210 انصار بزرگان نے شرکت کی۔

اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ 18؍ اکتوبر کو صدر صاحب مجلس انصار اللہ بھارت کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر لوائے انصار اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز پیغام حاضرین کو پڑھ کر سنایا گیا نیز مجلس انصاراللہ بھارت کی سالانہ کارگذاری رپورٹ بابت سال 2018-19ء پیش کی گئی۔ اجتماعی دعا سے افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس اجتماع کے موقع پر مختلف مجالس سے تشریف لانے والے انصار اراکین کے مابین علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے جس میں انصار بزرگان نے خصوصی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔
مورخہ 19؍ اکتوبر کو مکرم ناظر صاحب اشاعت کی زیر صدارت ایک خصوصی تربیتی نشست منعقد کی گئی جس میں خلافت احمدیہ سے وابستگی، نمازکے قیام اور انصار اللہ کی ذمہ داریاں اور تقویٰ کے حصول کے موضوعات پر علمائے سلسلہ نے تقاریر کیں۔ اجتماع کے موقع پر خصوصی علمی نمائش بھی لگائی گئی جس سے حاضرین نے بھر پور رنگ میں فائدہ اٹھایا۔

اجتماع مجلس انصار اللہ بھارت کی اختتامی تقریب محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) کے زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر محترم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے انصار بزرگان سے خطاب فرمایا۔ بعد ازں حسن کارگذاری کے اعتبار سے پہلی دس پوزیشن حاصل کرنے والی مجالس کے مابین خصوصی سندات جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مبارک دستخط موجود ہیں، تقسیم کی گئیں۔ محترم وکیل تعمیل و تنفیذ صاحب (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان)نے یہ سندات تقسیم فرماتے ہوئے انصار بزرگان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ اجتماعی دعا سے اجتماع کے سہ روزہ پروگرامز اختتام پذیر ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button