جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ بیلجیم کے 26ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو مورخہ 13تا 15؍ستمبر 2019ء اپنا 26واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔الحمدللہ علیٰ ذلک ۔

امسال جلسہ سالانہ برابانتھ ہال (Brabanthall)لیون(Leuven) میں منعقد ہوا ۔اس سے قبل 2017ء میں بھی اس جگہ پر جلسہ سالانہ منعقد ہوا تھا۔ امسال ہال میں رات قیام کی اجازت بھی ملی جو کہ انتظامیہ کے بقول ہال کی تاریخ میں پہلی بار کسی کو دی گئی تھی۔ اس طرح جلسہ گاہ میں نماز فجر اور تہجد سے دن کا آغاز کرنے کا موقع ملا ۔الحمد للہ

مورخہ 12؍ستمبر کو ہال کی چابی ملنے پر جلسہ سالانہ کی انسٹالیشن کے کام کا آغاز کر دیا گیا جو رات 10بجے تک مکمل ہوگیا۔ سوائے ساؤنڈ سسٹم اور لائٹنگ کے باقی سارا کام وقار عمل کے ذریعہ سے ہوا۔ اس دوران جلسہ سالانہ کے مختلف شعبہ جات (سٹیج، ضیافت ،اسٹور ،ایگزیبیشن ،بک اسٹال ،پارکنگ و سیکیورٹی،تبلیغ مارکی اور لجنہ جلسہ گا ہ )کے جملہ کام مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

مورخہ 13؍ستمبر کو نمازِ جمعہ کے بعد شام سوا چار بجے جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا جس کے بعد افتتاحی اجلاس مکرم عبدالمجید عامر صاحب (مرکزی نمائندہ)کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد پہلی تقریر ‘نظام جماعت سے وابستگی اور اطاعت’ کے موضوع پر مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے کی۔ دوسری تقریر ‘وہ خزائن جو ہزاروں سال سے مدفون تھے’کے موضوع پر مکرم چوہدری مظہر احمد صاحب (مربی سلسلہ و سیکرٹری اشاعت بیلجیم) نے کی۔اس سیشن کی آخری تقریر ‘خلافت حقہ امن عالم کی ضمانت’ کے موضوع پر مکرم حکیم زمانہ صدالہ صاحب نے فرنچ میں کی۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ دوسرے روز کا پہلا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے مکرم راجہ عبداللطیف صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔

تلاوت اور نظم کے بعد پہلی تقریر اردو زبان میں ‘صحابہ حضرت مسیح موعودؑ ’کے موضوع پر مکرم منیر احمد بھٹی صاحب صدر جماعت ایوپن نے کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر فرانسیسی زبان میں ‘قرآں کے گرد گھوموں کعبہ میرا یہی ہے’ کے موضوع پر ایک عرب احمدی بھائی مکرم رفیق جماوی صاحب نے کی۔ اس دوران جلسہ گاہ مستورات میں ان کا پروگرام بھی ہو تا رہا۔

کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شام ساڑھے چار بجےدوسرے دن کے دوسرے سیشن کا آغاز مکرم مولانا فیروزعالم صاحب (انچارج بنگلہ ڈیسک مرکزیہ )کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و نظم سےہوا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر اردو زبان میں ‘ہے روحِ شفاء لَا اِلٰہ اِلَّااللّٰہ’ کے موضوع پر مکرم محمد ارسلان صاحب مربی سلسلہ ریجن لیئج کی تھی۔ دوسری تقریر بھی اردو زبان میں ‘یورپین معاشرے میں درپیش مسائل اور ان کا حل’ کے موضوع پر مکرم عدیل الرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے کی۔ بعد ازاں مکرم این اے شمیم صاحب صدر مجلس انصار اللہ بیلجیم نے اردو زبان میں ‘ایم ٹی اے ایک روحانی مائدہ ’ کے عنوان پر تقریر کی۔

اس روز دو تبلیغی نشستوں کا اہتمام بھی کیا گیاا یک نشست مقامی زبان بولنے والے تبلیغی مہمانوں کے ساتھ محترم امیر صاحب کی زیر صدارت اور دوسری عربی زبان بولنے والے احباب کے ساتھ مکرم عبدالمجید عامر صاحب کی زیر صدارت الگ الگ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئیں۔ ان دونوں مجالس میں 50سے زائد مہمان شامل ہوئے۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا روز

تیسرے دن کا آغاز بھی با جماعت نماز تہجد سے ہوا۔ آج کے پہلے سیشن کی صدارت مکرم امیر صاحب بیلجیم نے کی۔اس سیشن کی پہلی تقریر مکرم انور حسین صاحب (نائب امیر بیلجیم)نے ‘مساجد کی تعمیر بہترین صدقہ جاریہ’ کے عنوان پہ اردو زبان میں کی۔اس سیشن کی دوسری تقریر ڈچ زبان میں مکرم نذیر دے گروف صاحب نے ‘انسانی اقدار کا کامل نمونہ آنحضرت ﷺ’کے عنوان پر کی۔ اس سیشن میں حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماء اللہ یوکے کے اجتماع سے فرمایا جانے والا خطاب براہ راست ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ گاہ میں ہی سُنا گیا۔

پہلے سیشن کے دوران بنگلہ ڈیسک کا بھی ایک تربیتی پروگرام آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا جس میں مکرم فیروز عالم صاحب اور مکرم طاہر مبشر صاحب نے شرکت کی۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد اختتامی سیشن مکرم عبدالمجید عامر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اس اجلاس میں 2غیراز جماعت دوستوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں سے ایک مقامی چرچ کے پادری صاحب اور ایک ممبر برسلز پارلیمنٹ تھے۔ ان دوستوں نے احباب جماعت سے مخاطب ہو کر جماعت احمدیہ کی جانب سے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم حافظ احسان سکندر صاحب مشنری انچارج بیلجیم نے اردو زبان میں ‘میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا ’ کے عنوان پر کی۔ اس سیشن کی اگلی تقریر مکرم عبدالمجید عامر صاحب نے کی۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انصار اللہ یوکے کے اجتماع سے خطاب تمام حاضرین جلسہ نے جلسہ گاہ میں براہِ راست سُنا۔ حضور انور کے خطاب کے بعد تمام شاملین جلسہ حضور انور کے ساتھ اختتامی دعا میں شامل ہوئے اور اس طرح جلسہ سالانہ بیلجیم اپنے اختتام کو پہنچا۔

جلسہ سالانہ کی مجموعی حاضری 1489 رہی ۔

(رپورٹ:افضال احمد توقیر ۔ افسر جلسہ سالانہ بیلجیم)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button