افریقہ (رپورٹس)

یوگینڈا کے ماساکا (Masaka) ریجن میں ریجنل جلسہ

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 29ستمبر 2019ء بروز اتوار جماعت احمدیہ ماساکا کو اپنا تیسرا ریجنل جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ماساکا شہر یوگینڈا کے بُوگانڈا ریجن میں واقع ہے اور اس کا شماریوگینڈا کےبڑے شہروں میں ہوتا ہے۔

امسال ریجنل جلسہ کا انتظام (Kyanjale)چا نجلے گاؤں میں کیا گیا ۔ چا نجلے ماساکا سے بارہ کلو میٹر مغرب کی طرف واقع ہے اس پروگرام کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج یوگینڈا مکرم و محترم محمد علی کائرے صاحب تھے۔

نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن شریف سےہوا۔بعد ازاں منظوم کلام ترنم سے پیش کیا گیا۔سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری مکرم ریجنل صدر صاحب ماساکا نے ادا کی اور جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف اور اس جلسہ کا مقصد بیان کیا۔

مہمانانِ کرام میں نیشنل مجلس عاملہ اور یوگینڈا کے مختلف ریجنز سے تعلق رکھنے والے احمدی احباب شامل ہوئے۔اس کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والےاحباب نیز حکومتی انتظامیہ کے اراکین اور لوکل ایڈمنسٹریشن کے احباب بھی شامل تھے۔

یہ پروگرام تقریباً ساڑھے 3گھنٹے تک جاری رہا جس میں3 تقاریر ہوئیں۔ پہلی تقریر ‘محمد ﷺ امن کے داعی’ ریجنل مشنری چِبالے ریجن مکرم شیخ قاسم صباح صاحب نے پیش کی اور دوسری تقریر نیشنل افسر جلسہ سالانہ مکرم فیصل بویونجو صاحب نے بعنوان ‘احمدیت کیا ہے؟’پیش کی۔

مکرم امیر صاحب نے شامل ہونے والے بعض مہمانوں کو تحائف پیش کیے جس کے بعد انہوں نے اظہار خیال کیا۔

تمام تقاریر کے بعد مکرم امیر صاحب نے اس پروگرام کی اختتامی تقریر کی۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا، جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس جلسہ کے موقع پر ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا گیاتھا، اس نمائش میں ایک بُک سٹور، MTA اور ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے کی جانے والی خدمات پیش کی گئیں۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ اس پروگرام میں تقریباً 1000؍ افراد نے شرکت کی، جن میں 600؍ سے زائد غیر از جماعت مہمان تھے۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ وہ منتظمین اور شاملین کو جلسہ کی برکات سے نوازے۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: اعجاز احمد نیر۔ مربی سلسلہ ماساکا، یوگینڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button