دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے کامیاب و کامران دورۂ یورپ کی تکمیل پر مرکزِ احمدیت(اسلام آباد) میں بابرکت مراجعت

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

ایک ماہ سے زائدعرصہ پر محیط مغربی یورپ کے ممالک ہالینڈ، فرانس اور جرمنی کے کامیاب دورے کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کا بخیروعافیت اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں ورودِ مسعود

امام جماعت احمدیہ عالمگیر کی ہالینڈ اور فرانس کے جلسہ ہائے سالانہ میں بابرکت شمولیت، مختلف مواقع پر اسلامی تعلیمات کی افادیت کے بارے میں اٹھارہ بصیرت افروز خطابات، پانچ نوتعمیر شدہ مساجد کا افتتاح، اڑھائی ہزارسے زائد ممبرانِ جماعت سے ذاتی ملاقات، اڑھائی سو کے قریب بچوں، بچیوں کی تقریبِ آمین، ممبرانِ پارلیمنٹ اور نمائندگان حکومتی انتظامیہ کی حضورِ انور سے ملاقاتیں، پریس کے نمائندگان کی حضورِ انور کے ساتھ نشستیں، خطباتِ نکاح، احمدی نوجوانوں کی کلاسز، عہدیداران کی میٹنگز و دیگر مصروفیات

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

(اسلام آباد، ٹلفورڈ، 27؍ اکتوبر2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزمغربی یورپ کے تین ممالک ہالینڈ، فرانس اور جرمنی کے انتہائی کامیاب اور بابرکت دورے کے بعد آج شام اسلام آباد(ٹلفورڈ) رونق افروز ہو گئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز25؍ستمبر کی صبح اس دورے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

اسلام آباد ٹلفورڈ کی فضا میں آج ایک منفرد خوشی اورسکون شامل تھا۔ ہر شخص کے چہرے پر مسرّت کے آثار واضح دکھائی دیتے تھے۔ آج ہمارے پیارے امام ایک ماہ کے کامیاب و کامران دورۂ یورپ کی تکمیل کے بعد واپس تشریف لا رہے تھے، مرکزِ احمدیت کی رونقیں پھر سے لَوٹ رہی تھیں۔ اسلام آباد کے اُس حصّے کو جہاں حضورپُرنور کا نزول ہونا تھا بالخصوص اور دیگر حصوں کو بالعموم ہالینڈ، فرانس اور جرمنی کے جھنڈوں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ نمازِ مغرب کے بعد سے ہی لوگ حضورِ انور کے استقبال کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ ناصرات کا ایک گروپ اپنے محبوب آقا کو خوش آمدید کہنے کے لیے ترانے پڑھ رہا تھا۔

حضورِ انورکا قافلہ برطانیہ کے وقت کے مطابق شام سات بجے کے قریب بذریعہ چینل ٹنل فوکسٹون (Folkestone) پہنچا جہاں جماعتِ احمدیہ برطانیہ کی نمائندگی میں ایک وفد قافلے کا منتظر تھا۔ یہاں سے اسلام آباد تک یہ وفد حضور پُر نور کے قافلے کی معیت میں رہا۔ قریباً ڈیڑھ گھنٹے کا سفر طَے کرنے کے بعد امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قافلے کا 8 بج کر 39 منٹ پراسلام آباد میں ورودِ مسعود ہو گیا۔ احبابِ جماعت نے پُر وقار نعروں سے حضورِ انور کا استقبال کیا۔ ناصرات الاحمدیہ کا گروپ ؎ یہ روز کر مبارک سبحان من یّرانی ترنم کے ساتھ پڑھ رہا تھا۔ محترم رفیق حیات صاحب امیرجماعت احمدیہ برطانیہ اور مکرم عطاء المجیب راشد صاحب مبلّغ انچارج یوکے نے آگے بڑھ کر حضورِ انور کا استقبال کیا اور شرفِ مصافحہ حاصل کیا۔ عزیزم منیف احمد باجوہ نے حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ کی خدمتِ اقدس میں اورعزیزہ عمامہ ناصر نے حضرت سیّدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ حرم محترم حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس کی خدمت میں پھولوں کے گل دستے پیش کرنے کی سعادت پائی۔ حضورِ انور کچھ دیر اپنے عشّاق کے درمیان رونق افروز رہے اور پھر 8 بج کر 48 منٹ پر اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔ بعد ازاں سوا نو بجے کے بعد مسجد مبارک میں رونق افروز ہو کر نمازِ عشاء پڑھائی اور پھر اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے۔

قافلے کی اوسنا بروک سے روانگی

آج صبح حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزمسجد بشارت اوسنا برک (Osnabrück) میں لندن روانگی کے لیے دس بجے قیام گاہ سے باہر تشریف لائے جہاں تین سو کے قریب مرد اور دو سو کے قریب خواتین اور بچے بچیاں حضورِ انور کا دیدار کرنے اورالوداع کہنے کے لیے موجود تھے۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت بچوں اور بچیوں میں چاکلیٹ تقسیم کیے۔ اس کے بعد جماعت کی مقامی مجلس عاملہ اور پھر خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ کی مجالس عاملہ کی حضورِ انور کے ساتھ تصاویرہوئیں۔ ساڑھے دس بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی اوراحمدی احباب کے الوداعی ترانوں کی گونج میں قافلہ ساڑھے دس بجے لندن کے لیے روانہ ہو گیا۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت معیت میں افرادِ جماعتِ احمدیہ اوسنابروک

محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی، محترم مبلّغ انچارج صاحب، محترم جنرل سیکرٹری صاحب جماعت احمدیہ جرمنی، محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی اور دیگراحباب حضورِ انور کے قافلے کو اسکارٹ کر رہے تھے۔ ساڑھے بارہ بجے کے قریب قافلہ مملکتِ جرمنی کی حدود سے بیلجیم میں داخل ہو گیا۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ کا قافلہ بیت السلام برسلز میں

قافلے کی اگلی منزل مسجد ’بیت السلام‘ برسلز تھی۔ حضور پُرنور کا قافلہ مقامی وقت کے مطابق سوا دو بجے کے بعد مسجد بیت السلام برسلز پہنچا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں احبابِ جماعت اپنے پیارے امام کے دیدار اور استقبال کے لیے موجود تھے۔ یہاں پر نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی نیز طعام کے لیے قیام کیا گیا۔ بعد ازاں مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے کے قریب حضور پُر نورنے اجتماعی دعا کروائی اورقافلہ فرانس کی بندرگاہ Calais کے لیے روانہ ہوا جہاں سے بذریعہ چینل ٹنل برطانیہ کے شہر فوکسٹون کے لیے ٹرین پر سوار ہونا تھا۔

بیت السلام برسلز سے روانگی کے وقت دعا

روانگی سے قبل جرمنی سے حضورِ انور کی معیت کی سعادت حاصل کرنے والے ممبرانِ قافلہ نے حضورِ انور سے مصافحے کی سعادت حاصل کی اور جرمنی واپس روانہ ہو گئے۔

دورۂ یورپ، ایک جھلک

امام جماعت احمدیہ عالم گیر امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے عرصہ ایک ماہ سے زائد پر محیط اس دورۂ یورپ کے دوران ہالینڈ میں 25؍ ستمبر سے 02؍ اکتوبر تک، فرانس میں 02؍ تا 13؍ اکتوبر اور جرمنی میں 13؍ تا 27؍ اکتوبر قیام فرمایا۔ ان ایّام میں حضور پُر نور نے جماعت احمدیہ ہالینڈ اور جماعتِ احمدیہ فرانس کے جلسہ ہائے سالانہ کو رونق بخشی، جلسہ ہائے سالانہ اور دیگر مواقع پرممبرانِ جماعتِ احمدیہ کی تعلیم و تربیت اور غیرمسلم مہمانوں کی موجودگی میں اسلامی تعلیمات کی بالادستی اورفی زمانہ ان کے نافذ العمل ہونے پراٹھارہ پُرمعارف خطبات و خطابات ارشاد فرمائے، ہالینڈ میں مسجد ’بیت العافیت‘ المیرے، فرانس میں مسجد ’مھدی‘ سٹراس برگ اور جرمنی میں مسجد ’مبارک‘ ویزبادن، مسجد ’بیت الحمید‘ فُلڈا، اور مسجد ’بیت البصیر‘مہدی آباد سمیت پانچ نَو تعمیر شدہ مساجد کا افتتاح فرمایا اور تقاریب استقبالیہ میں غیر از جماعت مہمانوں سے خطاب فرمایا، فرانس میں یونیسکو کی بلڈنگ میں اور جرمنی میں ہوٹل Adlon میں منعقد کی جانے والی خصوصی تقریبات میں حقیقی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیا میں دیرپا امن کے قیام کے بارے میں معرکہ آرا خطابات فرمائے، ہالینڈ قیام کے دوران ایک سو سے زائد، فرانس میں دوسو کے قریب جبکہ جرمنی میں چار سو کے قریب فیملیز سے تعلق رکھنے والے اڑھائی ہزارافرادِ جماعت کو ذاتی ملاقات کا وقت دیا جن میں سے متعدّد افراد اپنے پیارے امام سے پہلی مرتبہ شرفِ ملاقات حاصل کررہے تھے، قرآنِ مجید کا پہلا دور ختم کرنے والے سوا دوسو سے زائد خوش نصیب بچوں اور بچیوں کی تقریبِ آمین کو سرفراز فرمایا، بائیس خوش نصیب جوڑوں کے نکاحوں کے اعلانات فرمائے، ملکی مجلس عاملہ و ذیلی تنظیموں کی مجالس عاملہ سے پانچ میٹنگز کیں اور جائزہ لے کر ہدایات سے نوازا، واقفینِ نَو بچوں اور بچیوں، خدام و لجنہ اماء اللہ نیز طلبہ جامعہ احمدیہ جرمنی کے ساتھ پانچ نشستوں میں رونق افروز ہوئے، متعدّد پریس کے نمائندگان کو انٹرویوز ریکارڈ کروائے اور ان کے سوالات کے جوابات عطا فرمائے، ریویو آف ریلیجنز (فرنچ ایڈیشن) کی ویب سائیٹ کا اجرا فرمایا، ممبرانِ پارلیمنٹ، گورنر، میئرز، نمائندگان مذاہب و دیگر سمیت متعدّد سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات کو شرفِ ملاقات بخشا، مزید برآں جامعہ احمدیہ جرمنی کا دورہ فرمایا، جلسہ سالانہ جرمنی کے ناظمین اور سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے اعزاز میں دی جانے والی الوداعی تقریب کو برکت بخشنے کے علاوہ اوربہت سے دینی امور کی انجام دہی فرمائی۔

ان بابرکت ایّام میں ہزاروں کی تعداد میں احمدی سینکڑوں میل کا سفر طَے کر کے امامِ وقت حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے اور اپنے محبوب امام کا دیدار کرنے کی غرض سے اردگرد کے شہروں اور ہمسایہ ملکوں سے پہنچتے رہے۔ میزبان جماعتوں نے بھی اپنے مہمان بھائیوں کی مہمان نوازی کا خوب خوب حق ادا کیا۔

بلا شبہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہ جات کی برکت سے سالوں کے کام مہینوں اورمہینوں کے کام دنوں میں ہونے لگتے ہیں۔ اس دورہ کے دوران بھی اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کے حسین نظارے حضورپُرنور کی مبارک معیت میں ممبرانِ جماعتِ احمدیہ ہالینڈ، فرانس و جرمنی کے ایمان میں پختگی اور حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ سے ذاتی تعلق پیدا کرنے کا باعث بنے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں اس کامیاب اور عظیم الشان دورے سے مرکزِ احمدیت مراجعت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ حضورِ اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کی عمر اور فیض میں بے انتہا برکت عطا فرمائے اور دنیا بھرمیں بسنے والے لوگوں کو ایسے حسین لمحات میسّر آئیں کہ جن میں وہ امامِ وقت کی بابرکت معیت سے فیضیاب ہو کر اپنی روحانی تسکین کا سامان کر سکیں۔ آمین

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل لندن)

متعلقہ مضمون

تبصرے 3

  1. اسلام وعلیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ
    پیارے آقا کے کامیاب دورہ یورپ سے مرکز احمدیت واپسی کی اتنی جلدی اور احسن رنگ میں اشاعت پر ادارہ الفضل مبارکباد کا مستحق ہے اللہ تعالٰی آپکو خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالٰی کی توقعات کے مطابق خدمت کی توفیق عطا فرماے آمین.

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button