رپورٹ دورہ حضور انور

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ ہالینڈ 2019ء

(عبد الماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر)

……………………………

27؍ستمبر2019ء بروزجمعۃ المبارک

……………………………

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح ساڑھے چھے بجے بیت النور میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔ آج جمعۃ المبارک کا دن تھا۔ آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کے انتالیسویں جلسہ سالانہ کا آغاز ہو رہا تھا اور آج جلسہ سالانہ کا پہلا روز تھا۔ جلسہ سالانہ کے انعقاد کے لئے جماعت کے مرکز بیت النور کے قریب ہی ایک سپورٹس ہال Vossenberg (فوسن برخ) حاصل کیا گیا تھا اور یہاں مردانہ جلسہ گاہ بنایا گیا تھا جب کہ بیت النور کے احاطہ میں مارکیز لگا کر لجنہ کے جلسہ گاہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ ہالینڈ کی تمام جماعتوں سے احباب جماعت صبح سے ہی بیت النور پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ ایک تعداد جمعرات کی شام تک پہنچ چکی تھی لیکن بڑی تعداد میں لوگ جمعہ کی صبح سے پہنچے ہیں۔ ہالینڈ کی جماعتوں کے علاوہ جرمنی، برطانیہ، بیلجیئم، اٹلی، گوئٹے مالا، آسٹریا، پاکستان، مالٹا (Malta)، فن لینڈ (Finland)، سوئٹزرلینڈ، سویڈن، ڈنمارک، ناروے، بعض عرب ممالک، امریکہ، کینیڈا اور فرانس کے ممالک سے احباب جماعت اور فیملیز جلسہ سالانہ ہالینڈ میں شرکت کرنے کے لیے پہنچے۔

یورپ کے بعض ممالک سے بعض احباب اور فیملیز چار صد سے پانچ صد کلومیٹر تک کا بڑا لمبا سفر طے کر کے جلسہ میں شمولیت کے لئے ہالینڈ پہنچے۔

جمعہ کے آغاز سے قبل ہی مردانہ جلسہ گاہ اور لجنہ کا جلسہ گاہ شاملین سے بھرے ہوئے تھے اور حاضری دو ہزار پانچ صد چالیس سے تجاوز کر چکی تھی۔

پروگرام کے مطابق ایک بج کر پچپن منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز پرچم کشائی کی تقریب کے لیے تشریف لائے۔ ‘‘بیت النور’’ کے احاطہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لوائے احمدیت لہرایا جب کہ امیر صاحب ہالینڈ نے ملک کا قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لے آئے اور خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جس کے ساتھ جلسہ سالانہ ہالینڈ کا افتتاح عمل میں آیا۔

(اس خطبہ جمعہ کا خلاصہ الفضل انٹرنیشنل یکم اکتوبر 2019ء کے شمارہ میں ملاحظہ فرمائیں۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کا مکمل متن الفضل انٹرنیشنل 18؍اکتوبر 2019ء میں علیحدہ شائع ہو گا۔)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا یہ خطبہ جمعہ دو بج کر پچاس منٹ تک جاری رہا اور MTA انٹرنیشنل پر براہ راست Live نشر ہوا۔ عربی اور یہاں کی مقامی ڈچ زبان میں یہاں مقامی طور پر رواں ترجمہ بھی ہوا۔

خطبہ جمعہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر جمع کر کے پڑھائی۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

پچھلے پہر بھی حضور انور دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔ پروگرام کے مطابق آٹھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور تقریب آمین کا انعقاد ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت درج ذیل 27 بچوں سے قرآن کریم کی ایک ایک آیت سُنی اور آخر پر دعا کروائی۔

عزیزان فہد بشیر چوہدری، حزقیل احمد، شابل احمد، التماش روشن قریشی، ذوالکفل Compier، ذوالقرنین Compier، محمد باسل عارف، شرجیل احمد، زمان چوہدری، ایان چوہدری، محمد جری اللہ، انصر احمد، حسان احمد، تانیس احمد بدر، حاذق احمد، احسن احمد، ریان احمد صدیقی، ذیشان محمد، اطہر احمد، شایان احمد، رمیض عباس قاضی، معراج احمد شایان، موحد احمد اکمل، ذیشان وحید، حسیب احمد، کامران اعجاز، عمران اعجاز۔

تقریب آمین میں شامل ہونے والے یہ خوش نصیب بچے ہالینڈ کی درج ذیل جماعتوں سے آئے تھے۔

Zwolle, Almere, Nunspeet, Amstelveen, Zoetermeer, DenHaag, Arnhem, Maastricht, Eindhoven اور Rotterdam

تقریب آمین کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے آئے۔

…………………………………………………………(باقی آئندہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button