دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (انیسواں روز، اتوار 13؍ اکتوبر2019ء)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

فرانس سے روانگی اور جرمنی میں ورودِ مسعود، بیت السبوح فرانکفرٹ میں والہانہ استقبال

(فرانکفرٹ، جرمنی، 13؍ اکتوبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا انیسواں، دورۂ فرانس کا بارہواں اور آخری جبکہ دورۂ جرمنی کا پہلا روز تھا۔ آج حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فجر کی نماز 6:35 پر مسجد مہدی Strassburg میں تشریف لاکر پڑھائی جس کے بعد درس القرآن ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قبل از دوپہر جرمنی کے شہر فرانکفرٹ کے لیے روانہ ہونا تھا۔ حضورِانور روانگی کے لیے قریباً ساڑھے گیارہ بجے اپنی رہائش گاہ سے مسجد مہدی کے ہال میں تشریف لائے جہاں دورۂ فرانس کے دوران خدمت سرانجام دینے والے خدام نے اپنے پیارےامام کے ساتھ ایک گروپ فوٹو بنوانے کی سعادت پائی۔ اس کے بعد حضورِ انور نے مشن ہاؤس کے صحن میں بطور یادگار سیب کا ایک پودا لگایا۔ اجتماعی دعا کے بعد پونے بارہ بجے حضورانور مع قافلہ فرانکفرٹ کے لیے روانہ ہوگئے۔ فرانس کے شہرRoeschwoog تک جو موٹروے A30 پر جرمنی کے شہر Baden-Baden کے قریب ہے فرانس سے آنے والے خدام نے قافلہ کو اسکواڈ کیا۔

یہاں پرامیر صاحب جرمنی اپنے وفد کےساتھ جس میں مبلغ انچارج صاحب جماعت جرمنی، جنرل سیکرٹری صاحب جماعت جرمنی اور صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی شامل تھے حضورِ انور کے قافلے کے منتظر تھے۔ قافلے کے یہاں پہنچنے پر فرانس کے ممبران وفد نے حضورِ انور سے شرفِ مصافحہ پایا اور امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو فرانس کے تاریخی دورے کے اختتام پر الوداع کہا۔ اس کے بعد قافلہ فرانکفرٹ کی طرف روانہ ہوگیا۔ یہاں سے فرانکفرٹ عموماً دو گھنٹے کی مسافت پر ہے لیکن موٹر وے پر ٹریفک کی وجہ سے حضور انورکا قافلہ متوقع وقت سے کچھ تاخیر کے ساتھ تین بجے دوپہر بیت السبوح فرانکفرٹ پہنچا جہاں سینکڑوں مرد وخواتین اور بچے حضورانورکی آمد کے منتظر تھے۔

فرانکفرٹ کے گردو نواح کے علاقوں سے بھی احباب و خواتین حضورِ انور کے استقبال کے لیے تشریف لائے جن میں جامعہ احمدیہ جرمنی کے طلباء بھی شامل تھے۔ ان واقفینِ زندگی نے والہانہ انداز میں اسلامی نعرے لگا کر اوردینی ترانے گا کر حضورِ انور کا استقبال کیا۔

حضورانور گاڑی سے اتر کر پیدل چلتے ہوئے اپنی قیام گاہ کی طرف روانہ ہوئے تو استقبال کے لیے موجود دوست باربار ’السلام علیکم‘ کہہ کر حضورِانور کو مخاطب کرتے رہے جس کے جواب میں حضورِانور ’وعلیکم السلام‘ کی دعا دیتے ہوئے اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے۔

سواتین بجے مکرم مرتضٰی منان صاحب مربی سلسلہ نے اذان دی اور ساڑھے تین بجے حضورِانور نے نمازِ ظہر وعصر جمع کرکے پڑھائیں اور واپس اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔شام پونے آٹھ بجے مکرم تنزیل احمد صاحب نے عشاء کی اذان دی اور حضورِانور نے نماز مغرب وعشاء سوا آٹھ بجے کے بعد جمع کرکے پڑھائیں اور پھر اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کل سوموار کے روز قبل از دوپہر فیملی ملاقاتوں کے علاوہ شام کو فرینکفرٹ سے37 کلومیٹر دورویزبادن ( Wiesbaden) شہر میں ’مسجد مبارک‘ کا افتتاح فرمائیں گے، ان شاءاللہ۔ ویزبادن صوبہ ہیسن کا دارالحکومت ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے ۔ جماعت ویز بادن لوکل امارت اور پانچ حلقوں پرمشتمل ہے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

تبصرے 3

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button