مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضور انور کی مصروفیات کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

(نمائندگان الفضل انٹرنیشنل) مورخہ03؍ تا 06؍اکتوبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭ 03؍ اکتوبر 2019ء بروز جمعرات: آج حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا نواں اور فرانس میں قیام کا دوسرا روز تھا۔

آج شام چھے بجے کے قریب فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو سوا آٹھ بجے تک جاری رہا۔ آج کی ملاقاتوں میں پیرس ریجن کی سات جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 45 فیملیوں کے 150؍ افراد نے حضور انور سے ملاقات کا شرف پایا۔ بعد ازاں حضور پُر نور نے نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔

٭ 04؍ اکتوبر 2019ء بروز جمعۃ المبارک: آج نماز جمعہ سے قبل حضور نے جلسہ سالانہ فرانس کے افتتاح کے موقع پر لوائے احمدیت فضا میں لہرایا اور خطبہ جمعہ سے جلسہ سالانہ فرانس کا افتتاح فرمایا۔ حضورِ انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں شرائطِ بیعت کے مطابق زندگی گزارنے کی ضرورت پر زور دیا۔

٭… 05؍ اکتوبر بروز ہفتہ: آج دو پہر کو حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جلسہ سالانہ فرانس کے موقع پر مستورات سے خطاب فرمایا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔

٭…آج شام کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ فرانس میں تشریف لائے ہوئے (غیر از جماعت) فرانسیسی مہمانوں کی ایک نشست سے خطاب فرمایا۔ حضور انور نے حاضرین کو اسلامی تعلیمات کی رُو سے دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے بارے میں انتہائی مدلّل اور بصیرت افروز خطاب سے نوازا۔

٭… اس اجلاس کے بعد حضورِ انور نے سٹیج سے نیچے تشریف لا کر رسالہ ریویو آف ریلیجنز (فرانسیسی ایڈیشن) کی ویب سائیٹ کا اجرا فرمایا اور پھر ہیومینٹی فرسٹ کے سٹال کو برکت بخشنے کے بعد ازراہِ شفقت مہمانوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت فرمائی۔ حضور پُر نُور آٹھ بج کر چالیس منٹ پر اپنی قیام گاہ تشریف لے گئے۔ نو بجے شب جلسہ گاہ میں تشریف لا کر حضورِ انور نے نمازِ مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں اور اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔

٭…06؍ اکتوبر بروز اتوار: آج جلسہ سالانہ فرانس کا تیسرا اور آخری روز تھا۔ نمازِ ظہر اور عصر سے قبل بیعت کا پروگرام ہوا جو ایم ٹی اے پر لائیو نشر کیا گیا۔ جلسہ سالانہ کے دوران اللہ کے فضل سے ایک مرد اور دو خواتین نے جماعتِ احمدیہ میں شرکت اختیار کی۔ جبکہ دورانِ سال احمدیت میں شمولیت اختیار کرنے والے نومبائعین بھی اس بابرکت بیعت میں شامل ہوئے۔

٭… حضور انور نے آج جلسہ سالانہ فرانس کے اختتامی اجلاس میں حاضرینِ جلسہ سے خطاب فرمایا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔

٭… آج شام سوا چھ بجے فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہیں ۔ اس عرصہ میں 32 فیملیز کے 107 افراد نے حضور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ 25خدام اور انصار نے حضورِ انور سے گروپ کی صورت میں شرفِ ملاقات پایا۔ ان دوستوں کو حضور انور سے مصافحہ کرنے کی بھی سعادت ملی۔

٭… ملاقاتوں کے بعد حضور انور بیت العطاء کے ہال میں تشریف لائے جہاں پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی موجودگی میں قرآنِ کریم کا پہلا دَور ختم کرنے والے خوش نصیب 15؍بچوں اور بچیوں کی تقریبِ آمین کا انعقاد ہوا۔ حضورِ انور نے اس تقریب میں 15 بچوں اور 12 بچیوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر پر دعا کروائی۔

ان خوش نصیب بچوں اور بچیوں کی فہرست یہاں ملاحظہ فرمائیے۔

نو بجنے میں دس منٹ پر حضور انور نے نماز مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں جس کے بعد حضور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے ۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء، منصور احمد مبشر نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button