افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کا سترہواں سالانہ اجتماع

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

الحمد للہ! امسال مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو اپنا سترہواں سالانہ اجتماع مورخہ 30 اگست تایکم ستمبر2019ء مہدی آباد(آبی جان)میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔علمی وورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے نہ صرف ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے خدام و اطفال نے استفادہ کیا بلکہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ملک وقوم کی ترقی کے لیے اسلام کے تعمیری کردار کی ایک جھلک بھی عوام الناس کو دکھانے کا موقع ملا۔الحمد للہ علی ذلک

گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی سالانہ اجتماع سے قبل تربیتی کلاس منعقد کی گئی جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے 30سے زائد خدام نے شرکت کی۔تربیتی کلاس کے لیے خدام 14 اگست کو مہدی آباد پہنچ گئے۔کلاس کا آغاز مورخہ 15 اگست کوہوا جس کے دوران خدام کی تعلیم و تربیت کے لیے لیکچرز،دروس اور مجالس سوال و جواب کے علاوہ نماز باجماعت کی بروقت ادائیگی کی طرف خصوصی توجہ دی گئی۔اجتماع کے لیے وفود کی آمد کا سلسلہ 29اگست بروز جمعرات سے شروع ہو گیا۔ملک کے تمام ریجنز کے علاوہ امسال ہمسایہ ممالک گھانا،برکینا فاسو،مالی اور نائیجیریا سے بھی وفود تشریف لائے۔نائیجیریا کے وفد میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا جبکہ برکینا فاسو کے وفد میں مکرم نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو شامل تھے۔

30 اگست کو دن کاآغاز نماز فجر اور نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی سے ہوا جس کے بعد مکرم زالے محمد صاحب ریجنل مشنری Sassandra نے ‘‘خادم احمدیت کی ذمہ داریاں’’ کے عنوان پر درس دیا۔بعد ازاں مکرم کونے داؤد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور تمام خدام و اطفال کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔مکرم صدر مجلس کے کلمات کے ساتھ ورزشی مقابلہ جات کے ابتدائی راؤنڈ کا آغاز ہوا۔فٹبال سمیت متعدد انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کے انعقاد کا سلسلہ گیارہ بجے تک جاری رہا۔

دوپہر بارہ بجے تمام حاضرین اجتماع نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست MTAکے توسط سے سنا۔جس کے بعد قائم مقام امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم منصور احمد صاحب کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔اپنے خطبہ جمعہ میں موصوف نے محرم الحرام کی مناسبت سے آنحضرتﷺ اور آپؐ کی آل پر بکثرت درود بھیجنے کی طرف توجہ دلائی۔

اجتماع کی باقاعدہ افتتاحی تقریب سہ پہر چار بجے منعقد ہوئی جس کے آغاز میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے لوائے خدام الاحمدیہ جبکہ مکرم قائم مقام امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے آئیوری کوسٹ کا جھنڈا لہرایا۔تلاوت قرآن کریم معہ فرانسیسی ترجمہ ، عہد مجلس خدام الاحمدیہ اور عربی قصیدہ کے بعد مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور مکرم قائم مقام امیر صاحب نے حاضرین سے مختصر خطاب کیا۔ مکرم قائم مقام امیر صاحب نے خدام کو تمام معاشرتی برائیوں بالخصوص جھوٹ سے بچنے کی تلقین کی۔

امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ‘‘معاشرتی ہم آہنگی اور معاشرتی استحکام کے لیے خدام کا کردار ’’تھا جس پر اجتماع کے دوسرے روز مکرم Brahima Fofana قائد مجلس خدام الاحمدیہ بواکے ریجن نے تقریر کی۔اپنی تقریر میں موصوف نے بتایا کہ ملک و قوم کے استحکام اور ترقی کےلیے اسلام اولو الامر کی اطاعت اور ہر قسم کی تخریبی کارروائیوں سے اجتناب کی تعلیم دیتا ہے۔اس موقع پر آئیوری کو سٹ کے وزیر مملکت برائے کلچر اور Francophonie کے مشیر مکرم Donissongo Soro صاحب بھی موجود تھے۔آپ نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ اخلاقی قدروں کی حفاظت کے بغیر معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کر سکتی اور ان اقدار کی ترقی کے لیے اجتماع جیسے پروگرامز کا انعقاد خوش آئند ہے۔اس تقریب میں شامل تمام مہمانان بشمول نمائندگان نیشنل ٹی وی RTI نے بعد میں اجتماع کے موقع پر لگائی گئی نمائش دیکھی جو کہ جماعتی لٹریچر اور مجلس خدام الاحمدیہ کی مختلف تقاریب کے موقع پر لی گئی تصاویر پر مشتمل تھی۔

اجتماع کے دوسرے روز بھی علمی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں اطفال اور خدام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مقابلہ جات کے انعقاد کا سلسلہ اجتماع کے تیسرے روز یعنی مورخہ یکم ستمبر بوقت 10 بجے تک جاری رہا۔دس بجے اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کے دوران مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی سال بھر کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی اور علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام و اطفال کو انعامات سے نوازا گیا۔امسال مجلس خدام الاحمدیہ بواکے ریجن نے عَلم انعامی حاصل کیا۔بعد ازاں گھانا، نائیجیریا، مالی اور برکینا فاسو سے آئے ہوئے وفود نے مختصر خطاب کیے اور اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

اپنے اختتامی خطاب میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے تمام خدام و اطفال کو سال بھر مجلس کے پروگراموں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی ۔آخر میں مکرم قائم مقام امیر صاحب نے مختصر خطاب کیا اور دعا کروائی جس کے ساتھ یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔اجتماع کے تینوں روز نماز تہجد اور پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ دروس کا باقاعدہ التزام کیا گیا۔ملک کے تمام ریجنز سے 700سے زائد خدام و اطفال نے شرکت کی۔

میڈیا کوریج: ملک کے نیشنل ٹی وی RTI نے اجتماع کے دوسرے روز کے پروگرامز میں شرکت کی اور اجتماع کے حوالے سے خبر نشر کی۔اسی طرح مقامی ریڈیو BLM نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر ہونےوالی تقریر براہ راست نشر کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو علم و عرفان میں بڑھائے اور اسے صحیح معنوں میں احمدیت کا خادم بنائے۔آمین

(رپورٹ: سلطان احمد وڑائچ۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button