افریقہ (رپورٹس)

بینن میں نومبائعین کی نیشنل تربیتی کلاس

(منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

(منعقدہ 04؍جولائی تا04؍ستمبر 2019ء )

احباب جماعت اور نو مبائعین کی تعلیم و تربیت کے لیے Pobe ریجن میںنیشنل ‘‘مدرسہ احمدیہ’’ قائم کیا گیا ہے۔ جہاں پر دوران سال 3؍ماہ کے دورانیہ پر مشتمل 3؍کلاسز اور 2؍ماہ کے دورانیہ پر مشتمل ایک کلاس کاا نعقادکیا جاتاہے۔

امسال دو ماہ کی کلاس میںملک کے 13؍ریجنز سے 32 طلباء نے شرکت کی۔اس کلاس کے لیے اطفال و خدام کے لیے الگ الگ نصاب مقرر کیا گیا تھا۔

دوران کلاس روزانہ صبح 4بجے تمام طلباءکو نماز تہجد کے لیے جگایا جاتا تھا۔ نماز فجر کے بعد قرآن کریم کا درس پیش کیا جاتا۔ اس کے بعد تمام طلباء کلاس کے لیے تیاری کرتے اور ناشتہ کرتے۔صبح 8؍ بجے اسمبلی منعقد کر کے حاضری لی جاتی نیزطلبا کو ضروری نصائح کی جاتیں۔ اس کے بعد تمام طلباء کلاس رومز میں چلے جاتے۔ مقررہ نصاب کے مطابق تمام طلباء کو یسرنا القرآن اور تلاوت قرآن کریم صحت تلفظ کے ساتھ سکھایا گیا۔اسی طرح 45؍احادیث مع ترجمہ و تشریح سکھائی گئیں۔

علم الکلام میں ختم ِنبوت ،وفات مسیح،امکان نبوت اور صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دلائل سے روشناس کروایاگیا۔اسی طرح فقہ میں نماز سادہ ، نماز جنازہ، نماز جمعہ، نماز عید اور خطبہ عیدکے علاوہ روزہ زکوٰۃ اور حج وغیرہ کے مسائل سکھائے گئے۔اورموازنہ مذاہب میں اسلام اور عیسائیت کے متعلق دلائل سکھائے گئے۔

روزانہ کی اس کلاس کا دورانیہ صبح 8؍ بجے سے لے کردوپہر پونے دو بجے تک ہوتا تھا۔نماز ظہر کی ادئیگی کے بعد دوپہر کے کھانے اور قیلولہ کا وقفہ ہوتا۔ نماز عصر کے بعد ملفوظات اور کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا درس دیا جاتارہا۔نیز کچھ وقت سوال و جواب کے لیے دیا جاتا۔ اس کے بعد طلباء مدرسہ کے احاطہ میں فٹ بال اور دوسری گیمز کھیلتے۔ بعد ازاں طلباء MTA AFRICA کے مختلف پروگرامز سے مستفید ہوتے۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعدحدیث کا درس دیا جاتا اورروزمرہ کے عمومی مسائل کے لیے سوال وجواب کی نشست رکھی جاتی۔نماز عشاء کے بعد طلباء کے لیے کھانا پیش کیا جاتا ۔بعد ازاں9بجے تارات 10بجے تک سٹڈی ٹائم ہوتا اور پھر طلباء سونے کے لیے چلے جاتے۔خدا کے فضل سے روٹین کے تمام پروگرامز بخوبی سرانجام پاتے رہے۔(الحمد للہ علیٰ ذٰلک )

اختتامی تقریب کا انعقاد 04؍ستمبر 2019ء کو 12؍بجے دوپہر ‘‘احمدیہ مسجد Pobe’’ میں ہواجس میں طلباء کے والدین اور بعض غیر از جماعت احباب نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم رانا فاروق احمدصاحب امیر جماعت بینن نے کی۔ اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں قصیدہ پیش کیا گیا۔اس کے بعد طلباء کے تحریری و زبانی امتحانات کی رپورٹ پیش کی گئی جو کہ کلاس کے اختتام پر لیے گئے تھے۔اور طلباء سے کورس کے متعلق سوال و جواب کی صورت میں ایک پریزنٹیشن دی گئی۔

اس کے بعد امیر صاحب بینن نے طلباء کو ایک احمدی خادم کی ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا۔ اور پوزیشن حا صل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔

پروگرام کی کل حاضری 45تھی۔

آخر میں اس کلاس میں شامل ہونے والے بعض نومبائعین نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ اس طرح سے کیا کہ اس کلاس کے ذریعے انہیں اسلام کا حقیقی علم حاصل ہواہے۔ غیر احمدی مولوی جو احمدیت کے متعلق غلط عقائد بیان کرتے ہیں ان کے بارے میں اصل اور درست حقائق کا علم ملاہے۔

(رپورٹ:مبارک احمد نعیم ۔انچارج مدرسہ احمدیہ پوبے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button