افریقہ (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں مقابلہ تلاوتِ قرآنِ کریم

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں طلباء کی علمی صلاحیتوں کو صیقل کرنے کے لیے مجلس ِعلمی کے نام سے ایک مجلس قائم ہےجس کے تحت سال بھر متعدد علمی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ جامعہ احمدیہ کے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مجلس علمی کے تحت پہلا علمی مقابلہ 12؍ستمبر 2019ءکو کروایا گیا۔ تلاوت قرآن کریم کے حوالے سے ہونے والا یہ مقابلہ مسرور ہوسٹل کے نوتعمیرشدہ ہال میں ہوا۔ اس طرح اس ہال میں منعقد ہونے والا یہ پہلا مقابلہ تھا۔

اس مقابلہ میں جامعہ کے چار گروپس میں سے3، 3 منتخب طلباء نے حصہ لیا۔ تلاوت کے لیے تین مختلف سورتیں نصاب کے طور پر منتخب کی گئی تھیں۔ مکرم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب اور مکرم عبدالہادی طارق صاحب نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے۔

مقابلے کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ طلباء نے نہایت عمدگی اور خوش الحانی کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت پیش کی جس سے تمام شاملین وسامعین نے روحانی حظ اٹھایا۔ مکرم پرنسپل صاحب اور تمام اساتذہ نے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ رزلٹ کے مطابق عزیزم حافظ عبدالباسط(نائجیریا)نے پہلی،عزیزم حافظ عثمان یابواہ (گھانا)نے دوسری جبکہ عزیزم حافظ سعید اینڈم (گھانا)نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے کے بعد منصف اعلیٰ نے طلباء کو تلاوت قرآن کریم کے حوالہ سے نصائح کیں۔

(رپورٹ: انتصار احمد ،استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button